از:امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ
بے شمار جراثیم ایسے ہوتے ہیں جو دھوپ اور تازہ ہوا (Fresh
Air)سے
مَر جاتے ہیں۔ جن گھروں کی کِھڑکیاں گرد و غبار (Dust) کے خوف
سے ہر وَقت بند رکھی جاتی ہیں اُن میں دھوپ اور تازہ ہوا نہیں پہنچ پاتی، طرح طرح
کے جراثیم پرورِش پاتے اور خوب بیماریاں پھیلاتے ہیں، لہٰذا روزانہ دن کا اکثر وقت
کِھڑکیاں (Windows)کُھلی رکھنی چاہئیں۔ ہر کمرے میں آمنے سامنے دو کھڑکیاں اس طرح بنوائی جائیں
کہ ایک سے تازہ ہوا داخِل ہو اور دوسری سے باہَر نکلتی رہے۔ صِرف ایک کھڑکی کھلی
رکھنا کافی نہیں ہوتا، اگر آمنے سامنے دو کھڑکیاں نہ ہوں تو پھر کھڑکی اور دروازے
کی ایسی ترکیب ہو کہ ایک طرف سے ہوا داخِل ہو اور دوسری طرف سے خارِج۔ ایگزاسٹ فین کی اہمیت اوراحتیاطیں: بیتُ
الخلاء (Toilet) اور باورچی خانے (Kitchen) بلکہ ضَرورتاً کمرے میں بھی ”ایگزاسٹ فین“ لگوایا جائے مگر پلاسٹک کا صِرف
چار انچ والا مُنّا سا نہیں بلکہ مناسب سائز والا لوہے کا ہو، مَثَلاً گھریلو
باورچی خانے میں12انچ کا لوہے کا ایگزاسٹ فین مُناسِب ہے، پلاسٹک والا دیر پا نہیں
ہوتا اور ہوا بھی نسبتاً کم اُٹھاتا ہے۔ ایگزاسٹ فین والی پوری دیوار میں بلکہ
چاروں طرف کہیں ایک معمولی سی دراڑ بھی کھلی نہ ہو، اگر صرف دروازے سے ہوا کھنچنے
کی ترکیب رہی تو کمرے کی ہوا بھی صاف ہوتی رہے گی، ایسی صورت میں ضَرورتاً دروازہ
پورا یا تھوڑا سا کُھلارکھنا ہوگا تا کہ کمرے وغیرہ کی ہوا باہَر نکلے اور دروازے
سے تازہ ہوا داخِل ہو سکے ورنہ ایگزاسٹ فین ہی سُست چلے گا! کمر ہ بڑا ہوتو 18انچ
اور حسبِ ضَرورت 24انچ کاایگزاسٹ فین بھی لگوایا جاسکتا ہے۔ اگر بڑا ہال ہو تو یہ
صورت بھی ہوسکتی ہے کہ آمنے سامنے دو بڑے بڑے ایگزاسٹ فین لگوائے جائیں ایک ہوا کے
رُخ مَثَلاً پاکستان میں مغرِب (WEST)یعنی قِبلہ کی جانِب والی دیوار میں اس طرح بھی لگایا
جاسکتا ہے کہ باہَر کی ہوا اندر لائے اور سامنے والا اندر کی ہوا باہَر خارِج کرے۔
عِندَ الضَّرورت (یعنی ضَرورتاً) دو سے
زائد ایگزاسٹ فین بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ جب یہ
فین چل رہے ہوں اس وَقت اگر چاروں طرف کھڑکیاں وغیرہ بند رکھی جائیں تو اس صورت میں
اِنْ شَآءَ اللہ حَبس (یعنی
گُھٹن) بھی نہیں ہوگا اور بڑے کمرے یا ہال کی فَضا صاف ہوا کی
فَراہَمی کے سبب ٹھنڈی رہے گی۔ اگر ایگزاسٹ فین کی گولائی کے اطراف میں جگہ کھلی
رہی یا دراڑ اور کِھڑکیاں بند نہ کی گئیں تو ایگزاسٹ فین چلنے کی صورت میں ہوسکتا ہے خاطِر خواہ نتیجہ حاصِل نہ ہو۔
Comments