والدین بچّوں کی خوشی اور ان کی ضروریات پوری
کرنے کے لئے دن رات محنت کرتے اور اپنے بچوں کو خوش رکھنے کی ہر ممکن
کوشش کرتے ہیں، اسی مقصد کے لئے کھلونےبھی دلواتے ہیں مگر جانے انجانے میں والدین
اپنے بچّوں کو ایسے کھلونے فراہم کردیتے ہیں جو بظاہر اور وقتی طور پر بچوں کو خوش
تو کردیتے ہیں مگر ساتھ ہی وہ کھلونے بچّوں کے لئے خطرناک اور نقصان دہ بھی ہوتے
ہیں۔
محترم والدین! نقصان پہنچانے والے کھلونے تو بہت ہیں (مثلاً غیر معیاری لکڑی یا کلر وغیرہ سے تیار کئے ہوئے
کھلونے، مخصوص کیمیکل کے سبب پانی میں جاکر پھول جانے والے کھلونے کہ جنہیں بچے
منہ میں لیتے ہیں اور الیکٹرانک کھلونے کہ جن میں شارٹ سرکٹ کا امکان رہتا ہے) مگر کھلونا پستول نقصان پہنچانے میں سب سے آگے نظر آتا ہے۔کھلونا
پستول کے نقصانات جاننے کے لئے چندواقعات ملاحظہ فرمائیں:
کھلونا پستول کے خطرناک نتائج
٭ضلع ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں عید
کی چھٹیوں میں کھلونا پستول اور بندوق کے چَھرّوں سے زخمی ہونے والے32بچوں کو
اسپتال لایا گیا جن میں سے 12 بچوں کی آنکھیں بری طرح زخمی تھیں، ان میں سے چھ
بچوں کی آپریشن کے بعد بینائی ضائع جبکہ باقی کی بینائی بُری طرح متاثر ہوگئی تھی۔ (23جون
2018 )٭21 جون 2015 کو فیصل آباد میں 2 طالبِ علم پارک میں کھڑے
کھلونا پستول کے ساتھ سیلفی بنارہے تھے پولیس نے ڈاکو سمجھ کران پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم شدید زخمی ہوگیا اور اَسپتال میں اپنی جان سے
ہاتھ دھو بیٹھا۔ (سیلفی کے 30 عبرتناک واقعات، ص11) ٭سردار
آباد (فیصل آباد)
میں ایک 7 سالہ بچے نے پستول سے ماں پر گولی چلا دی۔ بچہ پستول کو کھلونا سمجھ کر
کھیل رہا تھا۔گولی لگنے سے 27 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔٭ کھیل کھیل میں دو سگی بہنوں
کی جان چلی گئی، بچّے اصلی پستول کو کھلونا پستول سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ گولی چل
گئی جس کے باعث 6 سالہ ایمن موقع پر دم
توڑ گئی۔ دوسری جانب ایمن کی 4 سالہ بہن نور گولی لگنے سے زخمی ہوئی، جو اسپتال کے
راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔(میڈیا 92 ویب، 25مارچ2019)
معزّز والدین! جہاں آپ ہر چیز میں حفاظت (Safety)کو
مدِّنظر رکھتے ہیں وہیں کھلونوں کے انتخاب میں بھی جان و مال کی حفاظت اور شریعت
کی پاسداری کو اپنے اوپر لازم کریں اور اپنے بچّوں کے لئے ایسے کھلونوں کا اہتمام
کریں جو ان کو دینی اور دنیوی نقصان سے محفوظ رکھیں۔
اللہ کریم ہمیں اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی اولاد کو خوشیوں سے نوازنےکی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی
Comments