اللہپاک کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک گوشت بھی ہے۔اس نعمت کا حُصول مختلف حلال جانوروں کے ذریعے ہوسکتا ہے۔اللہ کریم نے قراٰنِ پاک میں حلال جانوروں کے متعلّق ارشاد فرمایا: ( اُحِلَّتْ لَكُمْ بَهِیْمَةُ الْاَنْعَامِ) تَرجَمۂ کنز الایمان: تمہارے لئے حلال ہوئے بے زبان مویشی۔(پ6،المآئدۃ:1)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
گوشت کی غذائیت جسمِ انسانی کے لئے گوشت ایک مکمل قوّت بخش غِذا کی حیثیت رکھتا ہے۔اس میں موجود پروٹین اور دوسرے اجزا سےہمارے جسم کو پروٹین، لحمیات، آئرن، وٹامنB وغیرہ حاصل ہوتے ہیں نیز وٹامن AاورB ہڈّیوں، دانتوں، آنکھوں، دماغ اور جِلد کے لئے بھی مفید ہیں۔
گوشت کی اقسام مرغی اور مچھلی کےگوشت کو White Meat جبکہ چوپایوں(چار پاؤں والے جانوروں) کے گوشت کو Red Meat یعنیسُرخ گوشت کہا جاتا ہے۔
مختلف جانوروں کے گوشت کے فوائد
(1)بکری اس کا گوشت غذائیت سے بھرپور اور عمدہ خون پیدا کرنے والا ہے۔ گرم مزاج والے افراد کے لئے نیز بخار اور سِل[1] کے ساتھ ساتھ مختلف امراض کے لئے مفید ہے۔ ہڈّی کے قریب والے گوشت میں رطوبت اور غذائیت زیادہ ہوتی ہے۔ گرمیوں میں اس کا استعمال بہتر ہے۔
(2)اونٹ اس کا گوشت ذائقے میں نمکین اور زیادہ ثقیل (یعنی دیر سے ہضم ہونے والا) ہوتا ہے۔ یہ بینائی، عِرْق النّساء، کولہے کے درد، کالا یرقان، پیشاب کی جلن، بواسیر وغیرہ کے لئے نفع بخش ہے۔ اونٹ کا گوشت کھانے سے پیٹ کے کیڑے مرجاتے ہیں۔
(3)دُنبہ اس کا گوشت نہایت قوّت دینے والا اور لذیذ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا گوشت دیگر جانوروں کے گوشت کی نسبت دیر سے ہضم ہوتاہے۔
(4)بھیڑ اس کے گوشت کی تاثیر گرم ہوتی ہے۔ اسے مُعْتَدِل بنانے کے لئے گوشت کو پکاتے وقت بڑی الائچی، دار چینی اور سیاہ زیرہ شامل کرنا چاہئے۔
(4)گائے اس کا گوشت ہمارے ہاں کثرت سے استعمال ہوتا ہے۔ بعض لوگ اسے بکرے سے کم غذائیت کا حامل خیال کرتے ہیں، مگر طبّی لحاظ سے گائے کا گوشت بکرے کے گوشت کی نسبت جسم کو زیادہ حرارت اور طاقت بخشتا ہے، البتہ جو لوگ زیادہ محنت و مشقّت کے عادی نہ ہوں وہ گائے کا گوشت کم سے کم استعمال کریں۔
قربانی اور گوشت کا استعمال قربانی کا گوشت تازہ اور غذائیت سے بھرپور ہوتاہے مگر اسے زیادہ مقدار میں کھانے سے بیماریاں قریب آسکتی ہیں۔ عید کے دنوں بلکہ کئی کئی ہفتوں تک صبح و شام کھانے میں گوشت کی مختلف ڈِشز کھائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے نظامِ انہضام (Digestive System) میں مسائل، معدے(Stomach) میں سوزش اور دیگر بیماریاں ہوجاتی ہیں۔ اپنی صحت کا خیال کرتے ہوئے ہر ایک کو چاہئے کہ وقفے وقفے سے گوشت کا استعمال کرے مثلاً ایک وقت میں گوشت کھایا تو دوسرے وقت میں سبزی یا کوئی اور ہلکی غذا کھائے تاکہ گوشت آسانی سے ہضم ہو۔
سرخ گوشت کے بارے میں دو اہم باتیں: (1)سرخ گوشت کا زیادہ استعمال کینسر، دل کے امراض، ذیابیطس، معدہ اور جگر(Liver) کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے (2) روزانہ گوشت استعمال کرنے سے ذیابطیس اور دل کی بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ان بیماریوں میں مبتلا افراد کو چاہئے کہ سرخ گوشت کے استعمال سے بچیں۔
سرخ گوشت کے چار نقصانات (1)سرخ گوشت میں کولیسٹرول، چکنائی اور پروٹین کی مقدارزیادہ ہو تی ہے جس کی وجہ سے خون کی شریانوں میں چکنائی بڑھ جاتی ہے اور وہ سخت ہوجاتی ہیں یوں پھردورانِ خون (Blood Circulation) میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے (2) گوشت میں آئرن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس سےمختلف دماغی امراض لاحق ہوسکتے ہیں۔ (3)گوشت کے سخت ریشوں کو ہضم کرنے کے لئے نظامِ ہاضمہ کو زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے جس کے باعث ہاضمے کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں (4)گوشت سینے، معدے کی جلن اور بھاری پَن کا باعث بن سکتا ہے۔
شوگر اور دل کے مریضوں کے لئے شوگر اور دل کے مریض کو کلیجی، گُردے اور مغز کا استعمال ہرگز نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ان میں کولیسٹرول کی مقدار عام گوشت کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔
گوشت کے شائقین کے لئے ماہرین کا کہنا ہےکہ جو غذائیت گوشت کھانے سے ملتی ہے وہ مچھلی، انڈے اور خُشک میوہ جات کھانے سے بھی حاصل ہوسکتی ہے۔ جو افراد گوشت کے زیادہ شوقین ہیں وہ گوشت کے علاوہ ان چیزوں کا بھی استعمال کرتے رہا کریں کیونکہ کثرت سے گوشت کھانا مختلف بیماریوں کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
گوشت کے مضر اثرات کیسےدور ہوں؟جب بھی گوشت پکانا ہو تو بہتر یہ ہےکہ ا سے مختلف سبزیوں کے ساتھ مکس کرکے پکایا جائے کیونکہ اس سے اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا اور مُضر اثرات دُور ہوں گے۔ نیز کم مسالے میں شوربے کے ساتھ پکایا جائے کہ اس طرح جَلد ہضم ہوگا اور معدے کی خرابی سے بھی بچا جاسکے گا۔
جانور بھی ملاوٹ سے محفوظ نہیں آج کل غذاؤں کی طرح جانوروں کو صحت مند دکھانے اور ان کی جَلدی نشونما کے لئے مختلف دوائیں اور انجکشن استعمال کئے جاتے ہیں۔ یوں یہ دوائیں جانوروں کے گوشت میں شامل ہو کر لامحالہ ہماری غذا کا بھی حصّہ بنتی ہیں جو مختلف امراض کا سبب بن رہی ہیں۔
گوشت کتنا کھانا چاہئے؟ گوشت کے استعمال میں بہت سے فوائد ہیں مگر ضرورت سے زیادہ استعمال کی صورت میں فائدے کے بجائے نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ گوشت استعمال کرنے کے بارے میں ماہرین کہتے ہیں کہ بالغ افراد کو یومیہ70 گرام جبکہ ہفتے میں500 گرام یعنی آدھا کلو گوشت کھانا چاہئے۔ ہفتے میں تین یا اس سے زائد بار گوشت کھانے والے افراد میں مختلف بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
مدنی پھول یوں تو سبھی کو ورزش اور واک کرنی چاہئے لیکن گوشت کھانے کے شوقین افراد کو روزانہ ورزش یا کم از کم 22 منٹ تیز واک بھی اپنے معمولات میں شامل کرنا لازمی سمجھنا چاہئے۔
اللہ پاک ہمیں اِعتدال سے گوشت استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نوٹ: اس مضمون کی طبّی تفتیش مجلسِ طبّی علاج (دعوتِ اسلامی) کے ڈاکٹر محمد کامران اسحٰق عطّاری اور حکیم رضوان فردوس نے فرمائی ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی
Comments