سیرتِ غوثِ اعظم پر رسائلِ امیر اہل سنّت

صالحین کے تاجدار، اولیائے کرام کے سردار حضور سیّدنا غوثِ اعظم سیّد ابومحمد عبدالقادر جیلانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی کی شخصیت بلاشبہ اولیائے کرام رحمہمُ اللہُ السلام میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ دنیابھر  میں آپ کا فیض عام ہے۔ شَرْق و غَرْب، عرب و عجم میں آپ جہاں عاشقانِ اولیا کو دیکھیں گے وہیں آپ کو عاشقانِ غوثِ پاک ملیں گے۔ قطبِ ربّانی، محبوبِ سبحانی سیّدنا شیخ عبدالقادر جیلانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی کے فضائل و مناقب اور کرامات پر عاشقِ غوثِ اعظم، شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے تین رسائل تحریر فرمائے ہیں:(1)منّے کی لاش: 18صفحات کے اس رسالے میں غوثِ پاک رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے مبارک بچپن کی 7کرامات کے ساتھ دیگر کئی کرامات ذکر کی گئی ہیں۔ معجزہ، اِرْہاص، کرامت اور اِسْتِدْراج کی تعریفات بھی درج ہیں۔ اس کا ترجمہ 14 زبانوں میں ہوچکا ہے۔ (2)جنّات کا بادشاہ: یہ رسالہ 20صفحات پر مشتمل ہے۔ اس رسالے میں غوثِ پاک رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی کرامات کے ساتھ اللہ والوں سے مدد مانگنے کا ثبوت، اولیاء اللہ کی حیات کے دلائل، قبلہ رُوبیٹھنے کے فضائل اور جیلانی و بغدادی نسخہ بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس کا ترجمہ 18مختلف زبانوں میں ہوچکا ہے۔ (3)سانپ نُما جن: 28صفحات پر مشتمل اس رسالے میں غوثِ پاک رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ پر آنے والی آزمائشوں اور ان پر آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے صبر کا تذکرہ ہے۔ جس میں مبلّغین کے لئے بے شمار مَدَنی پھول ہیں۔ آخر میں مرشدِ کامل کی ضرورت و اہمیت پر قیمتی معلومات درج کی گئی ہیں۔ نیزپیرِ کامل کی بلا اجازتِ شرعی بیعت توڑنے کے نقصانات بھی ذکر کئے گئے ہیں۔ 8مختلف زبانوں میں یہ رسالہ دستیاب ہے۔

یہ رسائل مکتبۃ المدینہ سے ھدیۃً حاصل کئے جاسکتے ہیں اور دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net  سے پڑھ سکتے ہیں نیز ڈاؤن لوڈ (Download) اور پرنٹ آؤٹ (Printout) بھی کرسکتے ہیں۔

غوثِ پاک کے حالات: امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے رسائل کے علاوہ المدینۃ العلمیہ کے تعاون سے مکتبۃ المدینہ نے غوثِ پاک کے حالات کے نام سے 106صفحات  پر مشتمل کتاب بھی شائع کی ہے۔جس  میں آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے فضائل و مناقب و کرامات کے ساتھ آپ کی سیرتِ مبارکہ کو درج کیا گیا ہے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے علمی اور عملی کمالات کا ذکر کیا گیا ہے۔ آپ کے زہد و تقویٰ اور ملفوظات شریف بھی کتاب کی زینت ہیں۔ آپ کے بارے میں اولیائے کرام رحمہم اللہ السَّلام کے تأثرات بھی مذکور ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مریدوں سے آپ کی محبت کا ذکر بھی درج کیا گیا ہے۔ ”نمازِ غوثیہ کا طریقہ“ بھی مذکور ہے۔ آخر میں حدائقِ بخشش، ذوقِ نعت، سامانِ بخشش، قبالۂ بخشش اور وسائلِ بخشش سے غوثِ پاک رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی شانِ مبارَکہ  میں لکھی گئی مناقب بھی درج کی گئی ہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* مُدَرِّس  جامعۃ المدینۃ مو زمبیق(افریقہ)

 


Share

Articles

Comments


Security Code