”مَدْرَسہ“ کا لفظ سنتے ہی ذِہْن کے پردے پرتعلیم وتربیَت، پاکیزگی وطَہارت،ظاہری وباطِنی صفائی،عُمدہ اَخلاق اور اچھی عادات کا ایک حسین اور خوبصورت تصوّر اُبھرآتا ہے۔ مسلمانوں کے عظیم الشان ماضی اور موجودہ حال سے بھی یہ بات ظاہر ہے کہ اسلام کی عظیم شخصیات کا کردارسنوارنے، انہیں تقوی وپرہیزگاری کی راہ پر چلانے اور زمانے کا راہنما بنانے میں والدین اورگھرکے اسلامی ماحول کے ساتھ ساتھ مدارس کا بے مثال کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اسلامی مدارس نے مسلمان بچّوں کی ایسی شاندار تعلیم وتربیت کا انتظام کیا کہ یہاں سے پڑھے ہوئے بچّے آگے چل کر وقت کے رہبروراہنما بن گئے۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ! دعوتِ اسلامی کے مَدارِسُ المدینہ میں سب سے پہلے”مدنی قاعدہ“پڑھایا جاتا ہے،پھر ناظرہ قراٰنِ پاک سکھایا جاتا ہے اور اس کے بعد حفظِ قراٰنِ کریم کا سلسلہ ہوتا ہے۔یہاں بچّوں کو حفظ و ناظرہ کے ساتھ ساتھ بنیادی اسلامی معلومات فراہم کی جاتی ہیں نیز ان کی اَخلاقی، روحانی اورمعاشرتی تربیَت کابھی سلسلہ ہوتا ہے۔ اس کیلئے دعوتِ اسلامی کی”مجلس مدرسۃُ المدینہ“کے تعاون سے ”مجلس المدینۃ العلمیہ“کے علمانے مَدَنی مُنّوں اور مَدَنی مُنّیوں میں مدنی قاعدے پڑھنے والوں کیلئے”اسلام کی بنیادی باتیں حصّہ :1“، ناظرہ قراٰنِ کریم پڑھنے والوں کیلئے’’اسلام کی بنیادی باتیں حصّہ :2‘‘ اورحفظِ قراٰن کرنے والوں کیلئے ”اسلام کی بنیادی باتیں حصّہ:3“کے نام سے کتابیں مرتّب کیں۔
ان تینوں کتابوں میں بچّوں کی عمروں کا لحاظ کرتے ہوئے ٭بنیادی اسلامی عقیدے٭ایمانیات٭سیرتِ مصطفیٰ
٭عبادات٭سنتیں٭آداب٭اَخلاقیات٭دُعائیں٭اورادووظائف٭ذکرُاللہ٭دُرودشریف٭حمدونعت ٭مَناقِب٭مُناجات٭دعوتِ اسلامی کا تعارف وغیرہ شامل ہیں تاکہ مدرسۃ المدینہ سے فارغ ہونے والا طالبِِ علم تعلیم ِقراٰنِ کریم کے زیور سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کی تعلیمات سے بھی روشناس ہو، اس میں عِلْم وعمل کے دونوں رنگ نظرآئیں،وہ حسنِ اخلاق کا پیکر ہو، اچّھائی اور بُرائی کی پہچان رکھتا ہو،بُری باتوں سے پاک اور اچّھے اَوصاف کا مالک ہو اور بڑا ہوکر مُعاشَرے (Society) کا ایسا با کردار مسلمان بنے کہ ساری زندگی اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش میں مصروف رہے۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آپ بھی نیّت کیجئے کہ ہم اپنے بچّوں اوربچیوں کو صحیح تلفّظ، دُرست مخارج اور اچھی ادائیگی سے قراٰنِ کریم کی تعلیم دلوانے اوراِن کی بہترین مدنی تربیت کیلئے دعوتِ اسلامی کے مدرسۃ المدینہ میں داخل کروائیں گے۔
اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّیہ کتابیں دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net سے ڈاؤنلوڈ (Download) اور پرنٹ آؤٹ(Print out) بھی کی جاسکتی ہیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…شعبہ تراجم ،المدینۃ العلمیہ باب المدینہ کراچی
Comments