نیپال کے تربیتی اجتماع کے لئے مدنی پھول:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے نیپال میں چار4دن کے اجتماع (26تا29اکتوبر 2017ء) میں جمع ہونے والے تمام عاشقانِ رسول کی خدمات میں:
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
مَا شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کافی رونق لگی ہوئی ہے،اللّٰہ تعالٰی آپ سب کا جمع ہونا قبول فرمائے۔ بے جاتنقید سے پرہیز کیجئے اب جو اسلامی بھائی اجتماع میں آئے ہیں انہیں چاہئے کہ یہاں جتنے بھی مدنی حلقے ہوں، بیانات ہوں، سب میں شرکت کریں۔ کچھ تو سننے میں دل چسپی لیتے ہیں مگر کچھ ایسے بھی ہیں کہ جو رونقیں دیکھنے میں مصروف ہوتے ہیں اور بے جا تنقید و تبصرہ بھی کررہے ہوتے ہیں کہ یوں ہونا چاہئے، یوں نہیں ہونا چاہئے، اس میں یہ کمزوری ہے، ہاں! یہ بہت اچھا ہے، وضو خانے پر بھیڑ بہت تھی، نَل زیادہ ہونے چاہئیں تھے اور اِستنجا خانے بھی بالکل ایسے تھے کہ بس گزارہ تھا۔ میرے میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! شاہانہ (Luxury) انتظامات چاہئیں تو پھر بندہ کسی بنگلے (Villa) یا کسی عالیشان ہوٹل میں چلا جائے، میدان میں جتنا اِنتظام یہ لوگ کرسکتے تھے وہ اِنہوں نےکیا، اب ان پر تنقید و تبصرہ کرنے کے بجائے دونوں ہاتھوں سے ان کی پیٹھ تھپکنی اور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے کیونکہ جہاں کمزوری ہوتی ہے وہاں کچھ خوبیاں اور عمدہ ترکیبیں بھی ہوتی ہیں، البتہ تنقید برائے اِصلاح ہو تو جس کو سمجھانا ہے براہِ راست (Direct) اُسی کو سمجھائیے یا لکھ کر دے دیجئے کہ یوں ہونا چاہئے۔ آپس میں تبصرے کرنے سے کمزوری تو دور ہونے سے رہی! اللّٰہ تَبَارَک وتعالٰی ہمیں اپنے عیوب دیکھنے، ان کی اِصلاح کرنے کی سعادت بخشے اور دوسرے کے عیبوں پر پردہ ڈالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ مُسکرا کر ملئے کوشش کریں کہ ہر ایک سے اچّھے انداز سے مسکرا کر ملیں اسی ضمن میں مکتبۃُ المدینہ کی بہت ہی پیاری کتاب ”بہارِ نیت“ سے مسکرانے کی فضیلت پیش کرتا ہوں: ایک روایت میں ہے:”ملاقات کرنے والوں میں سے ایک دوسرے کو دیکھ کرمسکراتا ہے تو اُن دونوں کے گناہ جھڑجاتے ہیں“۔(کتاب النیات، ص 34) جاکر ملئے حضرت سیّدنا اَنس رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا معمول تھا کہ اگر کوئی شخص تین دن مسجد سے غائب رہتا تو آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم اُس کے متعلق لوگوں سے پوچھا کرتے، پس اگر وہ بیمار ہوتا تو اُس کی عِیادت فرماتے، اگر سفر میں ہوتا تو اُس کے لئے دعا فرماتے اور اگر گھر میں ہوتا تو اُس سے ملاقات فرماتے۔(کتاب النیات، ص 34)
اے عاشقانِ رسول! کائنات کی سب سے بڑی شخصیت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم تو گھر جاکر ملاقات کریں اور ہم جیسے چھوٹے چھوٹے انتظار کریں کہ لوگ ہماری خدمت میں حاضر ہوکر ملاقات کا شرف حاصل کریں، نہیں! میرے مَدَنی بیٹو! مدنی کام اسلامی بھائیوں کو اپنے پاس بُلاکر نہیں، ان کے پاس جانے سے بڑھے گاتو آپ بھی ملنے جلنے اور خبرگیریاں کرنے والے بَن جائیں، کاش! ہم سب ایسے ہوجائیں کہ جس جس کو نماز یا ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع وغیرہ میں غائب پائیں اس کی حکمتِ عملی سےمعلومات کریں، اگر سُستی بھی ہوگی تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ چُستی میں بدل جائے گی اور اس کے دل میں محبت پیدا ہوگی۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا مُلتجی ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
12روزہ اِصلاحِ اعمال کورس کرنے والے حارِسین کی حوصلہ افزائی
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے فیضانِ مدینہ صحرائے مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں ”12دن کا اصلاحِ اعمال کورس“ کرنے والے ہمارے حارسین اور جو یہ کورس کروا رہے ہیں سب کی خدمات میں:
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
اللّٰہ تعالٰی آپ سب کی کوششیں قبول فرمائے، دل لگا کر سیکھ لیجئے۔ نمازوں کی پابندی، اشراق چاشت، اوّابین، تہجد، پتا نہیں کیا کیا نعمتیں آپ کو مل رہی ہوں گی! لیکن یہ 12 دن کے لئے نہ ہوں بلکہ پوری زندگی ہی یہ نعمتیں ہمارے ساتھ رہیں۔ آپ کا کام واقعی بڑا نازُک ہے اور اِس میں دل آزاریوں کا بڑا خطرہ رہتا ہے۔ کبھی کوئی شکایت بھی کرتا ہے لیکن حتّی الاِمکان میں آپ لوگوں کی طرف سے ترکیب بنا لیتا ہوں کیونکہ یہ لوگ بھی بعض اوقات رَف گفتگو (Ruff Talking) کر لیتے ہیں، ایک بار بھرے مجمع میں ایک اسلامی بھائی کھڑے ہو گئے اور کہا: ”مجھے یُوں یُوں بولا“ وہ بہت بھرے ہوئے تھے۔ میں نےکہا: آپ جس طرح مجھ سے نرمی اور پیار سے گفتگو کر رہے ہیں کیا آپ نے اُس حارس یا خادِم سے بھی اسی انداز میں گفتگو کی تھی؟ تو وہ سمجھ گئے اور شرما کے بیٹھ گئے۔ بہرحال آپ کے ساتھ بھلے کوئی رَف ٹاکنگ (Ruff Talking) کرے، آپ کو غصّہ نہیں دکھانا چاہئے،آپ بالکل سنجیدگی سے بغیر کسی رعایت کے اپنا کام کیجئے اور ایسا اَنداز اِختیار کیجئے کہ جس سے کسی کی عِزّت پامال نہ ہو۔ ”بہارِ نیت“ سے دو مدنی پھول پیشِ خدمت ہیں:
(1)تاجدارِ دوجہاں، رحمتِ عالمیاں صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے خانۂ کعبہ کو دیکھ کر ارشاد فرمایا: بے شک اللہ عَزَّوَجَلَّ نے تجھے شرف و عظمت سے نوازا ہے مگر بندۂ مومن حُرمت میں تجھ سے بڑھ کر ہے۔(معجم اوسط،ج 4،ص203، حدیث: 5719) (2)حضور تاجدارِ رسالت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: جو اپنے مسلمان بھائی کی تعظیم کرتا ہے بے شک وہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی تعظیم کرتا ہے۔(مسند الحارث،ج1،ص316، حدیث:205)
بہرحال مومن کی عزّت وحُرمت بہت اَہمیت رکھتی ہے۔ دل لگا کر ”بارہ12دن کا اصلاحِ اعمال کورس“ پورا کیجئے اور میرے لئے بے حِساب مغفرت کی دعا کیجئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
عطار کا پیغام ہند کے عاشقانِ قفلِ مدینہ کے نام
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے عاشقانِ قفلِ مدینہ میرے میٹھے میٹھے مَدَنی بیٹوں اور مَدَنی بیٹیوں کی خدمتوں میں!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
مَا شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ! رُکنِ شوریٰ حاجی منصور عطاری سَلَّمَہُ الْبَاری نے یہ خوشخبری دی کہ محرم الحرام میں میرے خواجہ غریب نواز اور اعلیٰ حضرت (رحمۃ اللہ تعالٰی علیہما) کے ہند میں 364مقامات پر یومِ قفلِ مدینہ منایا گیا، جس میں 10330 عاشقانِ قفلِ مدینہ نے حصّہ لیا، مَا شَآءَ اللّٰہ! بڑی پیاری تعداد ہے۔ اللّٰہ تعالٰی ہم سب کو مستقل (Permanent) قفلِ مدینہ کی سعادت بخشے کہ فضول باتیں پریشان کرکے رکھ دیتی ہیں اور پھر یہ گناہوں کی طرف بھی گھسیٹنے لگتی ہیں اور نہ جانے پھر کیا کیا منہ سے نکل جاتا ہے، اے کاش! قفلِ مدینہ مل جائے، اللہ کرے کہ قفلِ مدینہ مل جائے۔
اللہ! مجھے کردے عطا قفلِ مدینہ
آنکھوں کا زباں کا لوں لگا قفلِ مدینہ
”مدنی انعامات“ پر عمل کرتے ہوئے روزانہ ”فکرِ مدینہ“ کے ذریعے اس کا رسالہ پُر کرکے اپنے ذمّہ دار کو مدنی ماہ کی پہلی تاریخ کو جمع کروانے کا بھی اہتمام رکھئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ اس طرح استقامت ملتی چلی جائے گی۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ سب کی بے حساب مغفرت فرمائے، آپ سب کے صدقے مجھے بھی بے حساب بخشے اور قفلِ مدینہ نصیب کرے۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں ہر ماہ کی پہلی پیر شریف کو روزہ رکھنے، رسالہ ”خاموش شہزادہ“ انفرادی یا اجتماعی طور پر پڑھنے، ضَروری گفتگو بھی کم سے کم الفاظ میں یا لکھ کر کرنے اور جسم کے تمام اعضا کو گناہوں اور فضولیات سے بچاتے ہوئے نیکیوں میں استِعمال کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔جسے ”یَومِ قفلِ مدینہ“ کہتے ہیں۔
Comments