حمد/نعت/منقبت

حمد/مناجات

مٹا میرے رنج و الم یاالٰہی

مٹا میرے رنج و الم یاالٰہی

عطا کر مجھے اپنا غم یاالٰہی

نہ دے تاجِ شاہی نہ دے بادشاہی

بنا دے گدائے حرم یاالٰہی

زمیں بوجھ سے میرے پھٹتی نہیں ہے

یہ تیرا ہی تو ہے کرم یاالٰہی

جو ناراض تُو ہوگیا تو کہیں کا

رہوں گا نہ تیری قسم یاالٰہی

خُدایا برے خاتِمے سے بچانا

پڑھوں کلمہ جب نکلے دم یاالٰہی

بروزِ قیامت ہو ایسی عنایت

رہوں پُل پہ ثابت قدم یاالٰہی

تُو عطّار کو بے سبب بخش مولیٰ

کرم کر کرم کر کرم یاالٰہی

(وسائلِ بخشش مُرَمَّم،ص109)

از شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت  دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ

 


Share

حمد/نعت/منقبت

نعت/استغاثہ

یا رسولَ اللہ آکر دیکھ لو

یارسولَ اللہ آکر دیکھ لو

یا مدینے میں بُلا کر دیکھ لو

سیکڑوں کے دل منوَّر کردیئے

اس طرف بھی آنکھ اٹھا کر دیکھ لو

چھیڑے جاتے ہیں مجھے مُنکر نکیر

گَور میں تشریف لا کر دیکھ لو

چاہے جو مانگو عطا فرمائیں گے

نامُرادو ہاتھ اٹھا کر دیکھ لو

سیرِِ جنّت دیکھنا چاہو اگر

روضَۂ انور پہ آکر دیکھ لو

دوجہاں کی سرفرازی ہو نصیب

ان کے آگے سر جھکا کر دیکھ لو

اس جمیلِ قادری کو بھی حضور

اپنے دَر کا سگ بنا کر دیکھ لو

(قبالۂ بخشش،ص122)

از مداحُ الحبیب مولانا جمیل الرحمٰن قادری رضوی  عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی

 


Share

حمد/نعت/منقبت

منقبت

اسیروں کے مشکل کشا غوثِ اعظم

اَسیروں کے مشکل کشا غوثِ اعظم

فقیروں کے حاجت رَوا غوثِ اعظم

تِرے ہاتھ میں ہاتھ میں نے دیا ہے

تِرے ہاتھ ہے لاج یا غوثِ اعظم

مُریدوں کو خطرہ نہیں بحرِ غم سے

کہ بیڑے کے ہیں ناخُدا غوثِ اعظم

نکالا ہے پہلے تو ڈوبے ہوؤں کو

اور اب ڈوبتوں کو بچا غوثِ اعظم

قسم ہے کہ مشکل کو مشکل نہ پایا

کہا ہم نے جس وقت یا غوثِ اعظم

مجھے اپنی اُلفت میں ایسا گُمادے

نہ پاؤں پھر اپنا پتا غوثِ اعظم

کہے کس سے جاکر حسن اپنے دل کی

سُنے کون تیرے سوا غوثِ اعظم

(ذوقِ نعت  ،ص125)

از برادرِ  اعلیٰ حضرت مولانا حسن رضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن

 


Share

Articles

Comments


Security Code