پل صراط سے کون کون گزرے گا؟/مرغی کے پنجے کھانا کیسا؟/نجومی سے قسمت کا حال پوچھنا کیسا؟

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت، بانیِ  دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطارؔ قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ مدنی مذاکروں میں عقائد، عبادات، اور معاملات کے متعلق کئے جانے والے سوالات کے جوابات عطا فرماتے ہیں، ان میں سے چند سوالات وجوابات ضروری ترمیم کے ساتھ یہاں درج کئے جا رہے ہیں۔

پُل صراط سے کون کون گزرے گا؟

سوال:پُل صراط سے صرف مسلمان ہی گزریں گے یا کُفَّار بھی گزریں گے؟

جواب:پُل صراط سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ کُفَّار بھی گزریں گے۔ جیساکہ اللہ عَزَّوَجَلَّ  پارہ 16سُوْرَۂ مَرْیَم کی آیت نمبر 71اور 72میں اِرشاد فرماتا ہے: )وَ اِنْ مِّنْكُمْ اِلَّا وَارِدُهَاۚ- كَانَ عَلٰى رَبِّكَ حَتْمًا مَّقْضِیًّاۚ(۷۱)ثُمَّ نُنَجِّی الَّذِیْنَ اتَّقَوْا وَّ نَذَرُ الظّٰلِمِیْنَ فِیْهَا جِثِیًّا(۷۲)

ترجمۂ کنز الایمان:اور تم میں کوئی ایسا نہیں جس کا گزر دوزخ پر نہ ہو تمہارے ربّ کے ذِمّہ پر یہ ضرور ٹھہری ہوئی بات ہے۔ پھر ہم ڈر والوں کو بچا لیں گے اور ظالموں کو اُس میں چھوڑ دیں گے گھٹنوں کے بل گرے۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

مشہور مُفَسِّرِقرآن، حَکیمُ الاُمَّت حضرت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الْحَنَّان ”نور العرفان“ میں آیتِ مبارَکہ کے اِس حصّے  ﴿ وَ اِنْ مِّنْكُمْ اِلَّا وَارِدُهَاۚ-ترجمۂ کنزالایمان:اور تم میں کوئی ایسا نہیں جس کا گزر دوزخ پر نہ ہو“ کے تحت فرماتے ہیں: کیونکہ دوزخ جنّت کے راستہ میں ہے۔ دوزخ پر پُلْ صراط ہے سب وہاں سے گزریں گے۔ کُفَّار پار نہ لگ سکیں گے، مومن پار لگ جائیں گے کوئی نورِ نظر کی طرح، کوئی ہوا کی طرح، کوئی تیز گھوڑے کی طرح گزریں گے۔آیتِ مبارَکہ کے اس حصّے ﴿ ثُمَّ نُنَجِّی الَّذِیْنَ اتَّقَوْا ترجمۂ کنزالایمان:پھر ہم ڈر والوں کو بچا لیں گے“ کے تحت فرماتے ہیں:یعنی مسلمانوں کو پُل صراط پر بھی دوزخ کی گرمی نہ چھوئے گی بلکہ دوزخ کی آگ پکارے گی کہ اے مومن! جلد گزر جا تیرے نور نے میری لَپَٹ بجھا دی۔آیتِ مبارَکہ کے اِس حصّے﴿ وَّ نَذَرُ الظّٰلِمِیْنَ فِیْهَا جِثِیًّا(۷۲)ترجمۂ کنزالایمان: اور ظالموں کو اس میں چھوڑ دیں گے گھٹنوں کے بل گرے“ کے تحت فرماتے ہیں:جو پل صراط سے پھسل کر دوزخ میں گِر جاویں گے۔ کافر وہاں ہمیشہ رہیں گے اور بعض گنہگار مومن جو گِر جائیں گے اپنی سزا بھگت کر نکال دیئے جائیں گے۔ یہاں ظالم سے مُراد کافر ہے اور چھوڑ دینے سے مُراد ہمیشہ وہاں رکھنا ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

مُرغی کے پنجے کھانا کیسا؟

سوال:مُرغی کے پنجے کھانا کیسا ہے؟

جواب:مُرغی کے پنجے (یعنی ٹانگیں) کھانا جائز ہے۔ میں اِن کو ”غریبوں کے پائے“ کہتا ہوں کیونکہ غریبوں کا اس مہنگائی کے دور میں گائے، بھینس یا بکرے کے پائے کھانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ مرغی کے پنجے سستے ہوتے ہیں اور یہ باب المدینہ (کراچی) بلکہ دیگر کئی شہروں میں بکتے بھی ہیں۔ انہیں پھینک دینے کے بجائے ان پر کچھ دیرکے لئے آٹایا نمک لگاکررکھیں اورپھر گرم پانی سے اچھی طرح دھو لیں ۔اب  چاہیں تو پورے ہی  یاپھردو ٹکڑے کر کے پکا لیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ہوائی جہاز میں کھانے پینے کی احتیاطیں

سوال:ہوائی جہاز میں مختلف اشیاء کھانے پینے کے لئے دی جاتی ہیں، تو کیا انہیں کھا سکتے ہیں؟

جواب:ہوائی جہاز میں کھانے پینے بالخصوص گوشت کے مُعاملے میں احتیاط کرنی چاہئے۔ احتیاط اسی میں ہے کہ اپنی سیٹ بُک کروانے سے کم اَز کم ڈبل بارہ (یعنی 24) گھنٹے پہلے اپنے نام کے ساتھ کمپیوٹر میں ایشین ویجیٹرین (Asian Vegetarian) کی انٹری کروا دیں تو آپ کو مناسب مرچ مَسالے والا کھانا مل جائے گا، اگر صرف ویجیٹیرین (Vegetarian) کی انٹری کروائیں گے تو اس میں مرچ وغیرہ نہیں ہو گی، یا بہت کم ہوگی اور پھیکا پھیکا سا ہوگا، یا پھر فِش فوڈ (Fish Food) کی انٹری کروا لیں کہ اس میں آپ کو مچھلی کا کھانا پیش کیا جائے گا۔ سی فوڈ (Sea Food) کی انٹری مت کروائیے کیونکہ اس میں رِسک ہوتا ہے کہ کھانے میں کیکڑے یا آکٹوپس (Octopus) وغیرہ ہوں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

جلد سے جلد قضا نمازیں ادا کر لیجئے

سوال:ایک دن میں کتنی قضا نمازیں پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:جتنی طاقت ہو اتنی قضا نمازیں پڑھ سکتے ہیں، عوام میں یہ غلط مشہور ہے کہ ایک دن میں پانچ نمازوں کے ساتھ صرف پانچ نمازیں ہی قضا پڑھ سکتے ہیں۔ اگر کسی پر قضائے عمری نمازیں ہیں تو اُسے چاہئے کہ وہ اپنے کاروبار،کھانے پینے اور دیگر ضروری کاموں کے علاوہ فارِغ اوقات میں قضائے عمری ادا کرے تاکہ جلد سے جلد وہ ان سے فارغ ہوجائے کیونکہ زندگی کا کوئی بھروسا نہیں ہے۔

(قضا نمازوں کے مزید احکام جاننے کیلئے 25 صفحات کا رسالہ ”قضا نمازوں کا طریقہ“(حنفی) (مطبوعہ مکتبۃ المدینہ) کا مطالعہ کیجئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

فجر کی نماز کے دوران روشنی ہوجائے تو کیا نماز ہوجائے گی؟

سوال:سورج نکلنے سے فجر کی نماز قضا ہوجاتی ہے، اگر فجر کی نماز پڑھتے پڑھتے روشنی ہوجائے تو کیانماز ہوجائے گی؟

جواب:سورج کی پہلی کرن چمکنے سے پہلے پہلے فجر کی نماز کا سلام پھیرنا ضروری ہے کیونکہ ”فجر کا وقت طلوعِ صبح صادق سے آفتاب کی  کرن چمکنےتک ہے۔“(بہارِ شریعت،ج1، ص447)  لہٰذا اگر فجر کی نماز پڑھتے پڑھتے سورج کی پہلی کرن چمک گئی تو اب نماز نہیں ہوگی ورنہ ہو جائے گی، کیونکہ روشنی تو صبح صادق کے وقت سے ہی ہونا شروع ہوجاتی ہے اور پھر یہ بڑھتی جاتی ہے یہاں تک کہ سورج نکل آتا ہے۔ بعض اوقات موسم ابر آلود ہوتا ہے اور سورج نظر ہی نہیں آتا بلکہ سنا ہے کہ  یو۔ کے (U.K) وغیرہ میں تو سورج بہت کم نظر آتا ہے تو ایسے موقعے پر اپنے اپنے شہروں یا ملکوں کے ”نقشہ برائے اوقاتِ نماز“ کے مطابق نماز ادا کی جائے۔1

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

نجومی سے قسمت کا حال معلوم کرنا کیسا؟

سوال:نجومی سے اپنے مسائل معلوم کرنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

جواب:نجومی سے قسمت کا حال دریافت کرنا یا اس سے آئندہ کی خبریں معلوم کرنا شرعاً ”ناجائز“ ہے۔ احادیثِ مبارکہ میں نجومیوں اور کاہنوں کی بڑی مذمت بیان فرمائی گئی ہے۔(2) اسی طرح طوطے سے بھی اپنی قسمت کا حال نکلوانا شرعاً جائز نہیں۔ نہ جانے انسان کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ اپنی قسمت کا حال طوطے کے حوالے کردیتا ہے!

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔(دعوتِ اسلامی کی مجلسِ توقیت نے مُلک وبیرونِ مُلک کے اوقاتِ نماز کے نقشے جاری کئے ہیں جو مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃً حاصل کئے جا سکتے ہیں، نیز دنیا بھر کے اوقاتِ نماز جاننے کیلئے دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net سے کمپیوٹر، اینڈ رائیڈ اور آئی فون وغیرہ کیلئے سافٹ وئیر ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں۔)

2۔۔۔رسولِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشاد فرمایا: جو کسی نُجومی یا کاہِن کے پاس گیا اور اس کی باتوں کی تصدیق کی تو گویا اِس نے اُس کا انکار کر دیا جو (حضرت) محمد صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر نازل کیا گیا۔(مستدرک حاکم،ج1، ص153، حدیث: 15)


Share