Book Name:Ayyam e Hajj Aur Tabligh e Mustafa
تڑپنا بھوک سے کچھ روز آخِر جان کھودینا وہ ماؤں کا فلک کو دیکھ کر چُپ چاپ رو دینا
رِضا وصَبر سے دِن کٹ گئے اِن نیک بختوں کے کہ کھانے کے لیے ملتے رہے پتّے درختوں کے
گزارے تین سال اِس رنگ سے ایمان والوں نے دِکھادی شانِ اِستِقلال اپنی آن والوں نے([1])
اللہ! اللہ! پیارے اسلامی بھائیو! دیکھئے! یہ کیسی مشکلات تھیں، شاید ہم جیسے کسی کو اِن مشکلات کا 20 فیصد بھی برداشت کرنا پڑ جاتا تو بےصبرے ہو کر آپے سے باہَر ہو جاتے مگر یہ ہمارے آقا ومولیٰ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم تھے، آپ کے بلند شان والے صحابی تھے، ایسی مشکلات برداشت کرنے کے باوُجُود آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے نیکی کی دعوت کا عظیم کام جاری رکھا، یہاں تک کہ اللہ پاک نے اسلام کو غلبہ عطا فرما دیا۔
حق کی راہ میں پتھر کھائے خوں میں نہائے طائف میں
دین کا کتنی محنت سے کام آپ نے اے سلطان کیا([2])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! یقیناً جو بندہ اللہ پاک کے دِین کی خدمت کرتا ہے، اللہ پاک اس کی مدد فرماتا ہے۔ پارہ:26، سورۂ مُحَمَّد، آیت:7 میں اللہ پاک فرماتا ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ تَنْصُرُوا اللّٰهَ یَنْصُرْكُمْ وَ یُثَبِّتْ اَقْدَامَكُمْ(۷) (پارہ:26، سورۂ مُحَمَّد:7)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اے ایمان والو! اگر تم اللہ کے دِین کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہیں ثابت قدمی عطا فرمائے گا۔