Book Name:Ayyam e Hajj Aur Tabligh e Mustafa
سُبْحٰنَ اللہ! کتنی خُوش بختی کی بات ہے، صرف و صرف کعبے کو دیکھ ہی لینا کیا کم عِبَادت ہے۔ حدیثِ پاک کے مطابق کعبہ شریف پر 120 رحمتیں برستی ہیں، ان میں سے 20 اُس کے حصّے میں آتی ہیں، جو کعبہ شریف کو صِرْف دیکھ رہا ہوتا ہے۔([1])
کاش! ہمیں بھی توفیق نصیب ہو * ہم بھی حَجّ کو جائیں*کعبے کو دیکھیں*طواف کریں*سعی کریں*عرفات و مُزْدَلِفَہ حاضِری دیں، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! مَزے کو بھی مزہ آجائے گا۔
یاخُدا! حَجّ پہ بُلا آکے میں کعبہ دیکھوں کاش!اِک بار میں پھر میٹھا مدینہ دیکھوں
پھر مُیَسَّر ہو مجھے کاش! وُقُوفِ عَرَفات جلوہ میں مُزدلِفہ اور مِنٰی کا دیکھوں
جُھوم کر خُوب کروں خانۂ کعبہ کا طواف پھر مدینے کو چلوں گُنْبدِ خضرا دیکھوں([2])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
صحابئ رسول حضرت عبد اللہ بن عبّاس رَضِیَ اللہُ عنہ فرماتے ہیں: محبوبِ ذیشان، مکی مَدَنی سلطان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی خِدْمت میں سُوال ہوا: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! قرآنِ کریم کی کونسی آیت آپ پر بہت شِدَّت والی تھی...؟ فرمایا: ایک مرتبہ حَجّ کا موسم تھا، عرب کے مشرکین مکّہ میں جمع تھے، میں مِنیٰ میں موجود تھا۔ اُس وقت حضرت جبریلِ امین علیہ السَّلام آئے اور یہ آیت اُتری:
یٰۤاَیُّهَا الرَّسُوْلُ بَلِّغْ مَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْكَ مِنْ رَّبِّكَؕ- (پارہ:6، سورۂ مَائِدہ:67)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: اے رسول! جو کچھ آپ کی طرف آپ کے ربّ کی جَانِب سے نَازِل کیا گیا اُس کی تَبْلِیْغ فرما دیں۔