بزرگانِ دین رحمہم اللہ المُبِین، اعلیٰ حضرت علیہ رحمۃ ربِّ العزت اور امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے انمول مدنی پھول

باتوں سے خوشبو آئے

سلامتی کا راز

(1) ارشادِ امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُنا علیُّ المرتضیٰکَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم:خرچ کرو،تَشْہیر نہ کرو اورخودکو اس لئے بلند نہ کرو کہ تمہیں  پہچانا جائے اور تمہارا نام ہو بلکہ چُھپے رہواور خاموشی اختیار کرو سلامت رہو گے۔(احیاء العلوم،ج3،ص339)

موت کی یاد

(2) ارشادِ حضرتِ سیِّدُنا ابو دَرْداء رضی اللہ تعالٰی عنہ : موت کو کثرت سے یاد کرناخوشی اور حسد کو کم کر دیتا ہے۔(احیاء العلوم،ج3،ص233)

شیطان کو بھگانے کا نسخہ

(3) ارشادِ حضرتِ سیِّدُنا وَہْب بن مُنَبِّہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: جس نے اپنی خواہش کو اپنے قدموں کے نیچے رکھا شیطان اس کے سائے سے بھی بھاگتا ہے۔(حلیۃ الاولیاءج4،ص63،رقم:4759)

بڑائی ظاہر کرنے کا وبال

(4) ارشادِحضرتِ سیّدناابراہیم بن عُتبہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ : قیامت کے دن اُس عالِم کو ندامت (شرمندگی) زیادہ ہوگی جو اپنے علم کی وجہ سے لوگوں پر بڑائی کا اظہار کرتا ہے۔ (تنبیہ المغترین،ص28)

لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی برکت

(5) ارشادِ حضرتِ سیِّدُنا محمدبن سُوقہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ : جو شخص اپنے بھائی کو اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رضا کے لئے فائدہ پہنچاتا ہے تو اس کی وجہ سے اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کا ایک درجہ بلند فرما دیتا ہے۔ (حلیۃ الاولیاء،ج5،ص7،رقم:6119)

نرم دل لوگ

(6) ارشادِحضرتِ سیِّدُنا عَون بن عبداللہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: توبہ کرنے والوں کے ساتھ بیٹھو، بے شک !وہ لوگوں میں زیادہ نرم دل ہوتے ہیں۔(حلیۃ الاولیاء،ج 4،ص278،رقم:5565)

مخلص کی پہچان

(7)ارشادِ حضرتِ سیّدنا معروف کَرْخی علیہ رحمۃ اللہ القَوی: مخلص وہ ہے جو اپنی نیکیوں کو بھی ایسے ہی چھپائے جیسے کہ اپنی برائیوں کو چھپاتاہے ۔(اخلاق الصالحین، ص23)

دکھاوا کرنے والوں کی علامت

(8)ارشادِ حضرتِ سیّدنافُضیل بن عِیاض رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: اپنے علم کے ساتھ دِکھاوا کرنے والوں کی ایک علامت یہ ہے کہ ان کا علم پہاڑ جیسا اور عمل چیونٹی کے برابر ہوتا ہے۔ ( تنبیہ المغترین،ص30)

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

شریعت، طریقت،حقیقت اور معرفت کی اصل

(1)شریعت حضورِ اَقْدَس سیّدِ عالَم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے اَقوال ہیں اور طریقت حضور کے اَفعال اور حقیقت حضور کے احوال اور مَعْرِفَت حضور کے علومِ بے مثال صلی اﷲ تعالٰی علیہ وآلہ واصحابہ الی مالایزال (یعنی نبیِّ کریم پر، ان کی آل پر اور ان کے اصحاب پر ہمیشہ ہمیشہ درود ہو)(فتاویٰ رضویہ،ج21،ص460)

ہر مسلمان کا حق

(2) برادرانِ اسلام (اسلامی بھائیوں) کو احکامِ اسلام سے اطلاع دینی خیر خواہی ہے اورمسلمانوں کی خیرخواہی ہر مسلمان کا حق ہے۔(فتاویٰ رضویہ،ج16،ص243)

کم عِلْم تجربہ کار

(3) بارہا تجربہ کار کم علموں کی رائے کسی انتِظامی اَمْر میں ناتجربہ کار ذی علم کی رائے سے صائِب تَر ( یعنی زیادہ دُرست) ہوسکتی ہے۔(فتاویٰ رضویہ،ج16،ص128)

فُحْش گوئی سے پرہیز

(4)فُحْش کلمہ (یعنی بےحیائی کی بات)سے ہمیشہ اِجْتِناب (بچنا) چاہئے۔(فتاویٰ رضویہ ،21،ص294)

نسبت  کی برکتیں

(5)محبوبانِ خدا (اللہ والے) آیۂ رحمت (یعنی رحمت کی نشانی) ہیں،  وہ اپنا نام لینے والے کو اپنا کرلیتے ہیں اور اس پر نظرِ رحمت رکھتے ہیں۔ (فتاویٰ رضویہ،ج21،ص508)

روٹی کے چار ٹکڑے کرنا

(6)روٹی کے چار ٹکڑے کرنا کوئی ضروری بات نہیں، بائیں (الٹے) ہاتھ میں لے کر دَہنے (سیدھے) ہاتھ سے نَوالہ توڑنا دفعِ تکبّر ( یعنی  تکبّر دور کرنے ) کے لئے ہے۔ (فتاویٰ رضویہ،ج21،ص669)

عقلمند اور سعادت مند طالبِ علم

(7)عقلمند اور سعادت مند اگر استاذ سے بڑھ بھی جائيں تو اسے استاذکافيض اور اس کی  برکت سمجھتے ہيں اور پہلے سے بھی زيادہ استاذ کے پاؤں کی مٹّی پر سر ملتے (یعنی ادب واحترام کرتے) ہيں۔ (فتاویٰ رضویہ،ج24،ص424)

عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن!

راہِ خدا میں فوراً خرچ کردیں

(1)اللہ پاک کی راہ میں مال خرچ کرنا، نفس پر بہت گِراں ( یعنی بھاری) ہوتا ہے، اس لئے جیسے ہی راہِ خدا میں خرچ کرنے کی نیّت کریں، فوراً دے دیں کیونکہ قَلْب(یعنی دل) مُنْقَلِب ہوتا (یعنی بدلتا) رہتا ہے۔(مَدَنی مذاکرہ، 29ربیع الاول1437ھ)

عالمِ دین ممتاز ہوتا ہے

(2) عالِمِ دین بظاہر سادہ ہو، مگر عِلم کی وجہ سے عام لوگوں سے ممتاز اور بہترین شخصیت ہوتا ہے۔

(مَدَنی مذاکرہ، 12ربیع الآخر1437ھ)

اپناوقار بلند کیجئے

(3) خُود داری اور صَبْر و قناعت سے وقار بلند ہوتا ہے۔ (مَدَنی مذاکرہ،3ربیع الآخر1437ھ)

نمک مناسب مقدار میں استعمال کریں

(4)کھانے میں نمک مناسب مقدار میں استعمال کرنا چاہئے کیونکہ  اس کا زیادہ استعمال گُردوں کو ناکارہ کرسکتا ہے۔

(مَدَنی مذاکرہ،21ذوالحجۃ الحرام1437ھ)

دعوتِ اسلامی کا فیضان

(5)دعوتِ اسلامی شرم و حیا اور حُسنِ اَخلاق کا دَرْس دیتی ہے۔ (مَدَنی مذاکرہ،24جمادی الاخریٰ1437ھ)

حسنِ سلوک

(6)ہمارے ساتھ کوئی حُسنِ سُلوک کرے یا نہ کرے، ہمیں ہر ایک کے ساتھ حُسنِ سُلوک کرنا چاہئے۔

(مَدَنی مذاکرہ،12رمضان المبارک1437ھ)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code