مسجدِ نبوی علیٰ صاحبھا الصلٰوۃ والسّلام میں نماز پڑھنے کی فضیلت
طواف یا سعی کے دوران کچھ دیر آرام کرنا کیسا؟/حلق کروانے سے پہلے نئے احرام کی نیت کرنا کیسا؟
دارلافتاء اہلِ سنت (دعوتِ اسلامی ) مسلمانوں کی شرعی رہنمائی میں مصروفِ عمل ہے ، تجریراً، زبانی ،فون اوردیگر ذرائع سے ملک بیرونِ ملک سے ہزارہامسلمان شرعی مسائل دریافت کرتے ہیں، جن میں سے پانچ منتخب فتاویٰ ذیل میں درج کئے جارہےہیں۔
اِضطبِاع کی حالت میں نماز پڑھنا کیسا؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ طواف میں اِضْطبِاع کیا پھر طواف کے بعد اسی حالت میں نماز پڑھ لی تو کیا نماز ہوگئی؟سائل: محمد مقصود (کراچی)
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
طواف پورا ہونے کے بعد طواف کرنے والے کے لئے حکم یہ ہے کہ وہ اپنا کندھا جو کہ طواف کرتے ہوئے اضطباع کی سنّت کی ادائیگی کے لئے کھولا تھا، اس کو احرام کے کپڑے سے چھپا لیں، اگر کندھا کھلا ہونے کی حالت میں نماز پڑھی تو نماز مکروہِ تنزیہی ہوئی جس کا اعادہ مستحب ہے کیونکہ وہ لباس جس میں آدمی مُعزَّزین کے سامنے پہن کر نہ جاتا ہو اس میں نماز مکروہِ تنزیہی ہوتی ہے جیسے پاجامے کے اوپر صرف بنیان پہن کر مُعزَّزین کے سامنے جانا معیوب سمجھا جاتا ہے اور بنیان پہن کر نماز مکروہِ تنزیہی ہوتی ہے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم
کتبــــــــــــــــــہ
ابو الصالح محمد قاسم القادری
حلق کروانے سے پہلے نئے احرام کی نیت کرنا کیسا؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک شخص عمرے میں طواف و سعی کرنے کے بعد حلق کروانے سے پہلے ہی بیرونِ حرم جاکر دوبارہ نئے احرام کی نیت کرکے آگیا، اور پھر کسی نے بتایا کہ تمہیں تو پہلے حلق کروانا چاہئے تھا تو اس نے پہلے حلق کروا دیا اور پھر اس دوسرے عمرے کے ارکان یعنی طواف، سعی کی اور آخر میں پھر حلق کروا دیا تو اب ایسے شخص پر کتنے دم لازم ہوں گے؟سائل:(کراچی)
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
صورتِ مسئولہ میں اس پر دو دَم لازم ہیں۔ ایک تو حلق سے پہلے احرامِ عمرہ باندھنے کا اور دوسرا دَم دوسرا احرام باندھنے کے بعد اس کے پورا ہونے سے پہلے ہی سَر کا حلق کروانے کی وجہ سے۔ نیز ایک احرام سے فارغ ہونے سے پہلے ہی دوسرے عمرے کا احرام شروع کرنے اور حالتِ احرام میں سَر منڈانے کی وجہ سے یہ شخص گنہگار بھی ہوا ہے اس سے توبہ بھی لازم ہے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم
مُجِیْب مُصَدِّق
ابو حذیفہ محمد شفیق العطاری المدنی ابو الصالح محمد قاسم القادری
طواف یا سعی کے دوران کچھ دیر آرام کرنا کیسا؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ طواف یا سعی کے دوران تھکن کی وجہ سے کچھ دیر آرام کر سکتے ہیں؟سائلہ:امِّ ہلال رضا (لائنز ایریا، کراچی)
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
طواف اور سعی کے پھیرے لگانے میں ان کا پے درپے ہونا سنّت ہے اور بلا عذر ان میں فاصلہ کرنا مکروہ ہے۔ عذر سے مراد وضو کرنا یا جماعت قائم ہونا یا جنازہ آ جانا یا پیشاب پاخانہ کی حاجت ہونا یا تھک جانا ہے۔ لہٰذا اگر طواف یا سعی کے چند چکر لگانے کے بعد تھکاوٹ محسوس ہوئی اور کچھ دیر آرام کر لیا پھر جہاں سے سعی یا طواف چھوڑا تھا وہاں سے دوبارہ شروع کر دیا تو جائز ہے البتہ اگر بہت زیادہ فاصلہ کر دیا ہو تو شروع سے کرنا مستحب ہے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم
کتبــــــــــــــــــہ
ابو الصالح محمد قاسم القادری
حالتِ احرام میں کپڑے یا ٹشو پیپر سے ناک صاف کرنا کیسا؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ حالتِ احرام میں زکام ہونے کی صورت میں کیا کپڑے یا ٹشو پیپر سے ناک صاف کر سکتے ہیں؟ نیز چہرے سے کپڑے کے ذریعے پسینہ صاف کرنے کا کیا حکم ہے؟سائلہ:بنتِ دلارے (لائنز ایریا، کراچی)
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
احرام کی حالت میں زکام ہو جائے تو کپڑے یا ٹشو پیپر سے اسے صاف نہیں کر سکتے، ایسے موقعے پر کپڑا ناک سے دور رکھتے ہوئے کچھ قریب کر کے اس میں ناک صاف کر لیا جائے، اسی طرح کپڑے وغیرہ سے پسینہ صاف کرنے کی بھی اجازت نہیں۔
مسئلے کی تفصیل یہ ہے کہ حالتِ احرام میں محرم پر لازم ہوتا ہے کہ وہ اپنا چہرہ کھلا رکھے، کسی بھی چیز سے نہ چھپائے خواہ وہ چیز کپڑا ہو یا کوئی اور چیز مثلاً ٹشو پیپر، ناک یا پسینہ صاف کرنے کے لئے جب کپڑا یا ٹشو پیپر چہرے کے کسی حصے مثلاً ناک یا پیشانی وغیرہ پر رکھیں گے تو چہرہ چھپ جائے گا جس کی محرم کو اجازت نہیں لہٰذا کپڑے اور ٹشو پیپر وغیرہ سے زکام ہونے پر ناک صاف کرنے اور پسینہ صاف کرنے کی اجازت نہیں۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم
کتبــــــــــــــــــہ
ابو الصالح محمد قاسم القادری
مسجدِ نبوی علٰی صاحبھا الصلٰوة والسّلام میں نماز پڑھنے کی فضیلت
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مسجدِ نبوی علٰی صاحبھا الصلٰوة والسّلام میں نماز پڑھنے کی فضیلت اسی حصّہ کے ساتھ خاص ہے جو نبیِّ کریم صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانہ میں موجود تھا یا اس حصّہ کو بھی شامل ہے جو نبیِّ کریم صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم کی وفاتِ ظاہری کے بعد شامل کیا گیا؟سائل:مجاہد رضوی (فیصل آباد)
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
مسجدِ نبوی علٰی صاحبھا الصلٰوة والسّلام میں نماز پڑھنے کی فضیلت اسی حصّہ کے ساتھ خاص نہیں جو نبیِّ کریم صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانہ میں موجود تھا بلکہ اس حصّے کو بھی شامل ہے جو نبیِّ کریم صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم کی وفاتِ ظاہری کے بعد مسجد میں شامل کیا گیا ہے جیساکہ علامہ جلال الدّین السُّیوطی الشافعی (متوفی911ھ) شرح سننِ ابنِ ماجہ میں فرماتے ہیں: وَالْمُخْتَارُ عِنْدَ الْجُمْہُورِ اَنَّ الْحُکْمَ بِالْمُضَاعَفَةِ یَشْمَل لِمَا زِیْدَ عَلَیْہِ ترجمہ: جمہور کے نزدیک مختار یہ ہے کہ (مسجدِ نبوی علٰی صاحبھا الصلٰوة والسّلام میں) زیادتیِ ثواب کا تعلق اس حصّے کے ساتھ بھی ہے جسکو مزید شامل کیا گیا ہے۔(شرح سنن ابن ماجہ للسیوطی،ص101،باب المدینہ کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم
کتبــــــــــــــــــہ
ابو الصالح محمد قاسم القادری
Comments