پیارے مدنی منّو اور مدنی منّیو!ہزاروں سال پہلے عِراق کے مشہور شہر ”مَوْصِل“ (Mosul) کے عَلاقے نِیْنَوٰ ی (Nineveh) میں ایک بُت پَرَست قوم آباد تھی، اللہ عَزَّوَجَلَّ نے اُن کی ہِدایت کے لئے حضرتِ سیِّدُنا یونس علٰی نَبِیِّنَاوعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام کو بھیجا، آپ 40 سال تک اُنہیں ایمان کی دعوت دیتے رہے، لیکن وہ لوگ آپ پر ایمان نہ لائے، لہٰذا آپ نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حکم سے اُنہیں تین دن بعد عذاب آنے کی خبردیدی۔ لوگوں کو پتا تھا کہ آپ علیہ السَّلام کبھی جھوٹ نہیں بولتے، اُنہوں نے آپس میں کہا: اگر یہ رات یہیں ٹھہرتے ہیں تب تو عذاب کا اندیشہ نہیں لیکن اگر تشریف لے جاتے ہیں تو ضرور عذاب آئے گا۔ جب رات ہوئی تو آپ علیہ السَّلام وہاں سے تشریف لے گئے۔ صبح ہوئی تو عذاب کی نشانیاں نظر آنے لگیں، آسمان پر خوفناک کالا بادل آگیا، اور بہت سارا دُھواں جمع ہوکر پورے شہر پر چھا گیا۔ لوگوں کو یقین ہوگیا کہ عذاب آنے والا ہے، لہٰذا سب لوگ اپنے گھر والوں اور جانوروں سمیت جنگل کی طرف نکل گئے، رورو کر بارگاہِ اِلٰہی میں کفر سے توبہ کی اور ایمان لے آئے۔ اُن کی سچّی توبہ اور اِخلاص کی بدولت اللہ عَزَّوَجَلَّ نے اُن پر رَحْم فرمایا اور اُن سے عذاب اُٹھالیا۔ اُدھرآپ علیہ السَّلام ایک کشتی میں سوار کہیں جارہے تھے کہ لوگوں نےغلط فہمی کی بنیاد پر آپ علیہ السَّلام کو دریا میں ڈال دیا۔ اِتنے میں ایک بڑی مچھلی (Fish)نُمودار ہوئی اور آپ کو نگل گئی۔حضرتِ سیِّدُنا یونس علٰی نَبِیِّنَاوعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام کو کئی اندھیروں کا سامنا تھا، رات کا اندھیرا، دریا کا اندھیرا، مچھلی کے پیٹ کا اندھیرا، اِن اندھیروں میں آپ نے یہ دعائیہ کلمات پڑھے: (لَا اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنْتَ سُبْحٰنَكَ ﳓ اِنِّیْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَ(۸۷)) (پ17، الانبیاء:87) (ترجمہ: تیرے سوا کوئی معبود نہیں، تو ہر عیب سے پاک ہے، بے شک مجھ سے بے جا ہوا)۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) اس آیتِ کریمہ کی بدولت اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے آپ کو عاشُورا یعنی 10 مُحَرَّمُ الْحَرَام کو کئی دن مچھلی کے پیٹ میں رکھنے کے بعد آزادی عطا فرمائی۔ مچھلی کے پیٹ میں رہنے کی وجہ سے آپ علیہ السَّلام کو ”ذُوْالنُّوْن“بھی کہا جاتا ہے۔
حدیث شریف میں ہے:جو مسلمان اِن کلمات کے ذریعے دعا مانگے گا اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی دعا قبول فرمائے گا۔ اِن دُعائیہ کلمات کو ”آیتِ کریمہ“ بھی کہا جاتاہے۔کچھ اُس مچھلی کے بارے میں: ٭اُس مچھلی کا نام ”نَجْم“تھا۔ ٭وہ مچھلی بڑے سَر والی اور پوری کشتی کو نگلنے کی صلاحیت رکھنےوالی تھی۔ ٭ایک نبی علیہ السَّلام کی چند روز کی صحبتِ بابرکت کی وجہ سے وہ مچھلی جنت میں جائے گی۔ ٭عُلَما فرماتے ہیں: اُس مچھلی کا پیٹ چند دن ایک نبی علیہ السَّلام کی تجلّیات کا مرکز رہنے کی وجہ سےعرشِ اعظم سے افضل ہے۔ کَدُّو کا درخت:مچھلی کے پیٹ میں رہنے کی وجہ سے آپ علیہ السَّلام بہت زیادہ کمزور ہوگئے تھے، جسم کی کھال بہت نرم ہوگئی تھی، اور بدن پر کوئی بال باقی نہیں بچا تھا، اللہ عَزَّوَجَلَّ نے آپ کے لئے کَدُّو (Gourd) کا درخت اُگایا تاکہ آپ اُس کے پتّوں کے سائے میں آرام کریں اور مکھیوں سے بھی حفاظت ہو، یہ آپ علیہ السَّلام کا معجزہ تھا کہ کَدُّو جس کی بیل زمین پر ہوتی ہے آپ کے لئے سایہ دار درخت بن گیا۔ صبح و شام ایک بکری آتی اور آپ اُس کا دودھ پیا کرتے، یوں آپ علیہ السَّلام کے جسم کی کھال مضبوط ہوگئی، بال جمنا شروع ہوگئے اور کمزوری دور ہوگئی۔ اِس کے بعد آپ علیہ السَّلام دوبارہ اپنی قوم کے پاس تشریف لے آئے، ایک لاکھ سے زیادہ لوگ آپ پرایمان لائے۔([1])
حکایت سے حاصل ہونے والے مدنی پھول: پیارے مَدَنی مُنّو اور مَدَنی مُنِّیُو!٭ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے پیاروں کی بات ماننے میں ہی بھلائی ہے ٭آفتوں، مصیبتوں اور بلاؤں سے بچنے کے لئے توبہ و اِستِغْفار بہترین عمل ہے، جیسا کہ حضرتِ سیِّدُنا یونس علیہ السَّلام کی قوم نے توبہ کی تو عذاب ٹَل گیا ٭اِخلاص سے کی گئی دُعا قُبول ہوتی ہے ٭آزمائشوں پر صبْر کرنا چاہئے ، جیسا کہ حضرتِ سیِّدُنا یونس علیہ السَّلام نے کیا ٭ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے فضل و رحمت سے آیتِ کریمہ کا وِرْد کرنے والے کی پریشانیاں دور ہوجاتی ہیں۔
Comments