دعوتِ اسلامی
دعوتِ اسلامی اور سنّتِ اعتکاف
ماہنامہ ذوالقعدہ 1438
دوحج ، دوعمرے کا ثواب : فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : مَنِ اعْتَکَفَ عَشْراً فِیْ رَمَضَانَ کَانَ کَحَجَّتَیْنِ وَعُمْرَتَیْن یعنی جس نےرَمَضانُ الْمُبارَک میں دس دن کا اعتِکاف کرلیا وہ ایسا ہے جیسے دو حج اور دو عمرے کئے۔ (شعب الایمان ، 3 / 425 ، حدیث : 3966)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اعتکاف ایک قَدِیم اور عظیم عبادت ہے۔ پچھلی اُمَّتوں میں بھی اعتِکا ف کی عبادت موجود تھی جبکہ اسلام میں رَمَضانُ الْمُبارَک کےآخِری عَشرے کا اعتِکاف سنَّتِ مُؤَکَّدَہ عَلَی الْکِفایہ ہے۔ (درمختار ، 3 / 495) اگر سب تَرْک کریں تو سب سے مُطالبہ ہوگااور اگر شہر میں ایک نے کر لیا توسب بریُ الذِّمّہ۔ (فیضان رمضان مرمم ، ص 235بحوالہ بہار شریعت ، 1 / 1021)امیرِ اہلِ سنّت کا پہلا اعتکاف : شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت ، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے تقریباً 29 سال کی عمر میں 1399ھ مطابق 1979ء میں اکیلے اپنی زندگی کا پہلا اعتکاف نور مسجد کاغذی بازار میٹھا در باب المدینہ (کراچی ) میں فرمایا ، جہاں آپ امامت بھی فرماتے تھے۔ اگلے سال 1980ء میں آپ کے ساتھ 2 اسلامی بھائی مُعتَکِف ہوئے جبکہ اس سے اگلے سال 1981ء میں نور مسجد میں کم وبیش 28 اسلامی بھائیوں نے اِعتِکاف کی سعادت پائی۔ اُس وقت ایک مسجد میں 28 نوجوانوں کا اعتکاف کرنا اتنی بڑی بات تھی کہ اس اجتماعی اعتکاف کی دھوم مچ گئی اور لوگ دُور دُور سے معتکف اسلامی بھائیوں کی زیارت کے لئےآنے لگے۔ اسی عرصے میں دعوتِ اسلامی کا مدنی سورج طلوع ہوا ، دعوتِ اسلامی کے اوّلین مدنی مرکزگُلزارِ حبیب مسجد(گلستان اوکاڑوی سولجربازارباب المدینہ کراچی) میں1402ھ مطابق1982ءمیں اجتماعی اعتکاف کا سلسلہ شروع ہوا جس میں امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ہمراہ تقریباً 60 اسلامی بھائیوں نے اعتکاف کی سعادت پائی۔ اجتماعی اعتکاف کا جدول : دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے اجتماعی اعتکاف میں نمازِ پنجگانہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تَحِیَّۃُّ الْوُضُو ، تَحِیَّۃُّ الْمَسْجِد ، تَہَجُّد ، اِشراق ، چاشت ، اَوَّابِین ، صلوٰۃُ التّوبہ اور صلوٰۃُ التَّسبیح کے نَوَافل بھی ادا کئے جاتے ہیں۔ وضو ، غسل ، نماز اور دیگر ضروری احکام سکھائے جاتے ہیں ، مختلف سنّتیں اور دعائیں یاد کروائی جاتی ہیں ، اِفطار کے وقت رِقَّت انگیز مُناجات اور دعاؤں کے پُرکَیف مَناظر ہوتے ہیں نیز نمازِ عصر اور تراویح کے بعد شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مدنی مذاکروں میں شرکت کی سعادت بھی نصیب ہوتی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ مَدَنی مذاکرہ علمِ دین حاصل کرنے کا ایک آسان اور دلچسپ ذریعہ ہے۔ مَدَنی مذاکروں میں اسلامی بھائی شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے مختلف موضوعات مثلاً عقائد و اعمال ، فضائل و مناقِب ، شریعت و طریقت ، تاریخ و سیرت اور دیگر موضوعات سے متعلق سوالات کرتے ہیں اور آپ دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ انہیں عشقِ رسول میں ڈوبے ہوئے حکمت آموز جوابات سے نوازتے ہیں۔
رمضان المبارک 1438ھ (2017ء) کا اجتماعی اعتکاف
(1)پورے رمضان المبارک کا اعتکاف : نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک بار پورے ماہِ رمضان کا اعتکاف بھی فرمایا۔ (بخاری ، 1 / 167 ، حدیث : 2031) اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ ہر سال دعوتِ اسلامی کے تحت ہزارہا اسلامی بھائی پورے رمضان المبارک کا بھی اجتماعی اعتکاف کرتے ہیں۔ اس سال 1438ھ (2017ء) میں پورے ماہِ رمضان کا اجتماعی اعتکاف ملک و بیرونِ ملک کم و بیش 145 مقامات پر ہوا جن میں سے صرف پاکستان میں تقریباً دس ہزار عاشقانِ رسول معتکف ہوئے۔
(2)آخری عشرے کا اعتکاف :
پاکستان : دعوتِ اسلامی کے تحت پاکستان میں باب المدینہ کراچی ، زم زم نگر حیدرآباد ، بہاولپور ، مدینۃ الاولیا ملتان ، سردارآباد(فیصل آباد) ، مرکزالاولیا(لاہور) ، راولپنڈی ، اسلام آباد ، واہ کینٹ ، پشاور ، کوئٹہ ، کشمیر سمیت ( کم وبیش)2232 (دو ہزار دو سو بتیس) مقامات پر رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اجتماعی اعتکاف ہوا جس میں تقریباً87531(ستاسی ہزار پانچ سو اکتیس) اسلامی بھائی شریک ہوئے جن میں سے تقریباً7712 اسلامی بھائیوں نے دعوتِ اسلامی کےعالمی مدنی مرکزفیضانِ مدینہ باب المدینہ (کراچی) میں آخری عشرے کا سنّتِ اعتکاف کرنے کی سعادت پائی ، معتکفین میں عرب شریف ، متحدہ عرب اَمارات (UAE) ، کویت ، عُمّان ، ساؤتھ افریقہ ، لیسوتھو ، زمبابوے ، ماریشس ، آسٹریلیا ، ناروے ، اسپین ، فرانس ، اٹلی ، برطانیہ(UK) ، امریکہ(USA) ، ہند ، نیپال ، ملائیشیا ، تھائی لینڈ ، ترکی اور سی لنکا وغیرہ سے آنے والے اسلامی بھائی بھی شامل تھے۔
بیرونِ ملک : پاکستان کے علاوہ امریکہ(USA) ، برطانیہ(UK) ، یونان (Greece) ، اسپین ، جرمنی ، ناروے ، ہالینڈ ، اٹلی ، ایران ، یوگنڈا ، تنزانیہ ، کینیا ، ملاوی ، ماریشس ، ساؤتھ افریقہ ، موزمبیق ، ساؤتھ کوریا ، متحدہ عرب اَمارات ، عُمَّان ، سی لنکا ، ملائیشیا ، بنگلہ دیش ، ہنداورنیپال وغیرہ میں بھی 445 مقامات پر رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اجتماعی اعتکاف ہوا جس میں ہزاروں اسلامی بھائی شریک ہوئے۔
اجتماعی اعتکاف کی مدنی بہاریں : اجتماعی اعتکاف کی برکت سے کثیر اسلامی بھائیوں نے باجماعت نمازِ پنجگانہ کی پابندی ، عمامہ شریف اور ایک مٹھی داڑھی سجانے اور گناہوں سے بچنے کی نیت کی۔ مَدَنی مذاکروں اور سنّتوں بھرے بیانات میں والدین اور دیگر رشتے داروں کے حقوق کے بارے میں سننے کے بعد بعض اسلامی بھائیوں نے ہاتھوں ہاتھ اپنے گھر فون کرکےوالدین اور بہن بھائی وغیرہ سے گزشتہ غلطیوں کی مُعافی مانگی اور آئندہ حُقُوقُ العباد پورے کرنے کی نیت کی۔ عَالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ (کراچی)میں کثیر عاشقانِ رسول کو بعد نمازِ فجر جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت حضرت مولانا الحاج ابواُسید عبید رضا عطاری مدنی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ہاتھوں سَر پر عِمامہ سجانے کی سعادت بھی حاصل ہوتی رہی۔
اجتماعی اعتکاف کے بعد : پاکستان بھر سے 3 دن کے مدنی قافلوں میں 7455اسلامی بھائیوں ، 12دن کے مدنی قافلوں میں 202 اور ایک ماہ کے مدنی قافلوں میں 142اسلامی بھائیوں نے سفر کیا۔ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے 3 دن کے مدنی قافلوں میں 1914 اور 12دن کے مدنی قافلوں میں25اسلامی بھائیوں نے سفر کیا ، جبکہ پاکستان میں 22 مقامات پر مختلف مدنی کورسز کا آغاز بھی ہوا جن میں سے 4 کورسز باب المدینہ (کراچی ) میں شروع ہوئے اور ان میں 275 اسلامی بھائی شریک ہوئے۔
فضلِ ربّ سے گناہوں کی عادت چُھٹے ، مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف
نیکیوں کا تمھیں خوب جذبہ ملے ، مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف
Comments