یہ مکتوبات شیخِ طریقت، امیر اَہلِ سنّت دَامَت بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی طرف سے نظر ِثانی اور قدرےتغیرُّ کے ساتھ پیش کئے جا رہے ہیں۔
وقفِ مدینہ([1]) ہونے والے کی حوصلہ افزائی
بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
سگِ مدینہ ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مبلغِ دعوتِ اسلامی ۔۔۔۔۔۔ کی خدمت میں مکّۂ مکرّمہ کی مہکی مہکی فضاؤں سے مشکبار و دلبہار سلام:
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہ وَ بَرَکَاتُہ!
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن عَلٰی کُلِّ حَال!
سَکرات میں گر رُوئے محمد پہ نظر ہو
ہر موت کا جھٹکا بھی مجھے پھر تو مزا دے
(وسائلِ بخشش مُرَمَّم، ص 120)
اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کی قربانیاں قبول فرمائے۔ واقعی آپ نے گھر بار راہِ خدا عَزَّوَجَلَّ میں ترک کرکے عظیم مثال قائم کی ہے۔ راہِ سنّت میں آنے والی ہر تکلیف ہنستے کھیلتے بَرداشت کرتے رہیں۔ شیطٰن کے وسوسوں کی طرف ہرگز توجّہ نہ دیں کیونکہ شیطٰن ہرگز یہ پسند نہیں کریگا کہ آپ سنّتوں کے پھول کِھلا کر جنّت کی بہاریں لوٹیں۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کوشاد و آباد رکھے اور آپ کا سینہ مدینہ بنائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم
یَااللہ عَزَّوَجَلَّ! ہر”وقفِ مدینہ“ اسلامی بھائی میرا ہے تو بھی اسے اپنا بنا لے، یارسولَ اللہ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم! آپ بھی اُسےاپنا بنا لیجئے۔
میرے مَن کے شہزادے! سنّتوں کی خدمت کے معاملے میں کبھی بھی سُست مَت پڑنا۔ لاکھ طوفان کھڑے ہوں مگر ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے رہنا۔ غموں کی منجدھار میں بھی اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ خوشیوں کی بہار ملے گی۔ بظاہر میں آپ سے ملوں یا نہ ملوں مگر آپ اپنا ذِہْن یہی بنائے رہیں کہ آپ قلبِ عطّار کی دھڑکنوں میں رہتے ہیں۔ مجھے دُعائے مدینہ سے نوازتے رہئے۔ تمام اَہلِ خانہ کو میرا مَدَنی سلام۔
1416ھ کے حج اور دیدارِ مدینہ کا ثواب آپ کو تحفۃً پیش کرتا ہوں
عیادت کرنے والے کو شکریہ اور دعاؤں سے نوازنا
(1404ھ بمطابق1983ءکا ایک مکتوب)
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہ وَ بَرَکَاتُہ!
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن عَلٰی کُلِّ حَال!
عیادت نامہ موصول ہوا، یاد فرمانے کا بے حد شکریہ، یکم دسمبر کو موٹر سائیکل کے حادثہ میں میری داہنی (سیدھی) ٹانگ میں معمولی سا فریکچر ہوگیا تھا۔ اللہ کے فضل و کرم سے اب پہلے سے کافی آرام ہے۔ دعا فرمائیں کہ جلد اَز جلد چلنے پھرنے کے قابل ہو جاؤں اور دعوتِ اسلامی کیلئے بھاگ دوڑ کرسکوں۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کی مزاج پرسی کے جذبہ کو قبول فرما کر جزائے جزیل عطا فرمائے، اللہ پاک صاحبِ لولاک صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم کے طفیل آپ سے دینِ اسلام کی زیادہ سے زیادہ خدمت لے، اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کا سینہ مدینہ بنادے۔ دعوتِ اسلامی کا خوب مدنی کام کرتے رہئے۔
محمد الیاس قادری عُفِیَ عَنْہُ
20 ربیع الاوّل 1404ھ
1...جو خوش نصیب اسلامی بھائی اپنی بقیہ زندگی دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کے لئے وقف کردے تو اُسے دعوتِ اسلامی کی مدنی اصطلاح میں ”وقفِ مدینہ“ کہا جاتا ہے۔ وقفِ مدینہ ہونے والے اسلامی بھائی مدنی مرکز کی اطاعت کرتے ہوئے اپنے شب و روز مدنی کاموں(مثلاً ملک و بیرونِ ملک سفر کرنے والے مدنی قافلوں، مختلف مدنی کورسز، سنّتوں بھرے اجتماعات وغیرہ) میں صَرف کرتے ہیں ۔
Comments