بڑی گیارہویں شریف: دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ماہِ ربیعُ الآخِر 1441ھ میں بڑی گیارھویں شریف عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں یکم تا11ربیعُ الآخِرروزانہ رات بعد نمازِ عشا مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوا جس میں شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات دیئے،مدنی مذاکروں سے قبل روزانہ جلوسِ غوثیہ کا سلسلہ بھی ہوا۔ ربیعُ الآخر کی گیارھویں شب ملک بھر میں کم و بیش481 مقامات پر اجتماعاتِ غوثیہ منعقد ہوئے ۔
قافلہ اجتماع، نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان: مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں13دسمبر2019ء بروز جمعہ کو عظیمُ الشان قافلہ اجتماع منعقد کیا گیا جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ نگرانِ شوریٰ نے دین کی راہ میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور دیگر بزرگانِ دین کی قربانیوں کا تذکرہ فرماکر شرکا کو دین کے لئے قربانی دینے کی ترغیب دلائی۔ اجتماعِ پاک میں جانشینِ عطار مولانا عُبید رضا عطاری مدنی مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے عاشقانِ رسول سے ملاقات بھی فرمائی نیز اراکینِ شوریٰ حاجی محمد شاہد عطاری، مولانا عبدُالحبیب عطاری، حاجی سیّد ابراہیم عطاری، حاجی یعفور رضا عطاری، حاجی امین عطاری، حاجی محمد شاہد عطاری مدنی، حاجی امین قافلہ عطاری، حاجی منصور رضا عطاری، حاجی علی رضا عطاری، حاجی اسلم عطاری، حاجی رفیع عطاری، حاجی برکت علی عطاری اور ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی سمیت عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
N.E.Dیونیورسٹی کراچی میں محفلِ نعت:پچھلے دنوں کراچی کی معروف N.E.D انجینئرنگ یونیورسٹی کے مین آڈیٹوریم میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمدقاسم قادری مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے خصوصی بیان فرمایا۔محفلِ پاک میں کثیر اساتذہ و طلبہ، ڈین آف ڈیپارٹمنٹ اور چیئرمینز نے شرکت کی۔
المدینۃُ العلمیہ کے اسلامی بھائیوں کا اجتماع: 25دسمبر2019ء بروز بدھ
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں المدینۃُ العلمیہ کے اسلامی بھائیوں کا سنّتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا۔ یہ اجتماع مرکزی جامعۃُ المدینہ کے درجہ دورۃُ الحدیث شریف میں ہوا جس میں شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو مختلف اُمور (مطالعہ، وقت کی اہمیت، زہدوتقویٰ وغیرہ) کے حوالے سے اہم نِکات فراہم کئے۔ مفتی صاحب نے کثیرُ التصانیف علما و بزرگانِ دین رحمۃ اللہ علیہم کے مختصر حالات بھی بیان فرمائے۔
لاہور میں ”مکْتَبَۃُ الْمَدِیْنَہ اَلْعَرَبِیَّہ“ کا افتتاح: 26دسمبر2019ء کو رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے لاہور کے گنج بخش روڈ پر واقع داتا دربار مارکیٹ میں(دعوتِ اسلامی کے) مکْتَبَۃُ الْمَدِیْنَہ اَلْعَرَبِیَّہ کی نئی برانچ کا افتتاح کیا اور خیر و بَرَکت کی دُعا فرمائی۔
اعراسِ بُزُرگانِ دین پر مجلس مزاراتِ اولیاء کے مدنی کام:مجلس مزاراتِ اولیاء (دعوتِ اسلامی)کےذمّہ داران نے ربیعُ الآخِر 1441ھ میں حضرت دولہا شاہ سبزواری (کھارادر،کراچی) ٭حضرت قُطبِ عالَم شاہ بخاری (جامع کلاتھ، کراچی) ٭حضرت خواجہ غلام فرید (کوٹ مٹھن شریف راجن پور، ڈی جی خان) ٭حضرت پیرسیّد ولایت علی شاہ ( گجرات، پنجاب) سمیت8بزرگانِ دین کے سالانہ اعراس میں شرکت کی۔مجلس مزاراتِ اولیاء کے تحت مزارات پر قراٰن خوانی ہوئی جس میں206 عاشقانِ رسول شریک ہوئے،1مدنی قافلے کی آمد کا سلسلہ رہا جس میں12عاشقانِ رسول تھے۔اجتماعِ ذِکْرونعت بھی ہوئے جن میں635اسلامی بھائیوں نے شرکت کی، اس کے علاوہ 26 مدنی حلقوں، 8مدنی دوروں،37چوک دَرسوں اور سینکڑوں زائرین کو انفرادی کوشش کے ذریعے نَماز اورسنّتوں پر عمل کی دعوت دی گئی۔ زائرین کی ایک تعداد نے مدنی قافلے میں سفر اور ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کی نیتیں کیں۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں مکتبۃُ المدینہ اور دارُ المدینہ کا اسٹال: ایکسپو سینٹر کراچی میں5تا9دسمبر2019ء 15واں کراچی انٹرنیشنل کتب میلہ منعقد ہوا جس میں کئی ممالک سے مختلف موضوعات پر لائی گئی کتب کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ اور دارُالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کی جانب سے بھی اسٹال لگایا گیا جس میں مکتبۃُ المدینہ کی شائع کردہ کتابیں اور رسائل رکھے گئے۔ نمائش کے موقع پر دعوتِ اسلامی کی جانب سے کتابوں پر 55 فیصد ڈسکاؤنٹ رکھا گیا۔ مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، ٹیچرز اور اسٹوڈنٹس وغیرہ نے اسٹالز کا دورہ کیا اور فروغِ علم کے حوالے سے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔
پنجاب بارکونسل لاہورمیں محفلِ نعت:دعوتِ اسلامی کےزیرِ اہتمام 12دسمبر2019ء بروز جمعرات دوپہر دو بجے پنجاب بار کونسل فین روڈ لاہور میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کا تعارف پیش کرتےہوئے اس کے مدنی کاموں میں شرکت کرنے کا ذہن دیا۔
فیضانِ نَماز کورس: دعوتِ اسلامی کی جانب سے مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ تلہ گنگ پنجاب میں شعبۂ تعلیم سے وابستہ افراد کے لئے 25 دسمبر 2019ء سے سات دن کا ”فیضانِ نَماز کورس“ شروع ہوا۔ کورس میں عاشقانِ رسول کو نَماز کے فرائض و واجبات، وُضو اور غسل کے مسائل سمیت اہم دینی مسائل سے آگاہی فراہم کی گئی۔
12مَدَنی کام کورس: شعبۂ تعلیم(دعوتِ اسلامی) کے تحت عالمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 21دسمبر 2019 ءسے تین دن کا ”12مدنی کام کورس“ ہوا جس میں کراچی اور حیدرآباد ریجن کے تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد، ریجن ذمّہ داران اور دیگر اسلامی بھائی شریک ہوئے۔کورس میں اراکینِ شوریٰ اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے مختلف مدنی حلقوں میں شرکا کی تربیت کی۔
Comments