بچّوں کو ویڈیو گیمز کھیلنے کا بہت شوق ہوتا ہے، اپنا موبائل یا لیپ ٹاپ نہیں ہے توامی ابو کا موبائل، لیپ ٹاپ ہاتھ لگتے ہی جھٹ سے گیم کھیلنا شروع کر دیں گے، حالانکہ ویڈیوگیمز کھیلنا بہت ہی نقصان دہ ہے۔
ہمارے پیارے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں:مسلمانوں کی نئی نسلوں کو تباہ کرنے کیلئے دشمنانِ اسلام ایسی ایسی گیمز تیار کررہے ہیں کہ بچّہ کھیل ہی کھیل میں نہ صِرْف عَمَلاً اسلام سے دُور چلا جائے بلکہ مَعَاذَ اللہ اس کے دل میں دینِ اسلام ہی کی نفرت بیٹھ جائے۔ (نور والا چہرہ، ص:21)
پیارے بچّو دیکھا آپ نے! ویڈیوگیمز کھیلنے کے شوق میں ہم اپنے اچھے اور پیارےدین سے بھی دور ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ شوق ہماری صحت کے لئے بھی نقصان دہ ہے، کثرت سے ویڈیوگیمز کھیلنے والے بچےنظر کی کمزوری،سر درد جیسی بیماریوں کا شکارہوسکتے ہیں۔ اسی لئے پیارے امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ہمیں نصیحت فرماتے ہیں:اچّھے بچّے بنتے ہوئے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے وِڈیو گیمز کھیلنے سے دُور رہنے کا ذہن بنا لیجئے،اِس میں آخِرت کی بھلائی کے ساتھ ساتھ آپ کے پیسوں اور قیمتی وقت کی بھی بچت ہے۔( نور والا چہرہ، ص:30، 31)
پیارے بچّو!ویڈیو گیمز کھیلنے میں وقت کو ضائع کرنے کے بجائے اپنی پڑھائی پرتوجُّہ دیں اور فارغ وقت میں گھر والوں کا ضروری کاموں میں ہاتھ بٹائیں،یا امی ابو کی اجازت سے کوئی ایسی سرگرمی (Activity) کیا کریں جس میں آپ کا دینی نقصان بھی نہ ہو اور وہ آپ کی صحت کے لئے بھی فائدہ مند ہو۔اللہ پاک ہم سب کو صحّت و تندرستی والی اچھی زندگی عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments