ماں باپ کے نام
بچوں کا رمضان
* مولانا آصف جہانزیب عطاری مدنی
(ماہنامہ اپریل 2022)
رمضانُ المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینا ہے ، والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ اس اہم مہینے کو بچّے بھی اچھے انداز میں گزاریں۔ لیکن اس مہینے بچّوں کو اچھے کاموں میں مصروف رکھنا والدین کیلئے ایک آزمائشی مرحلہ ہوتا ہے۔ والدین بچّوں کو کس طرح مصروف رکھیں اور بچّوں کی اخلاقی اور علمی صلاحیت میں کس طرح اضافہ کیا جا سکتا ہے اس سے متعلق چند مفید مشورے پیشِ خدمت ہیں :
(1)بچّوں کو بھی مصروف کیجئے : گھر کی خواتین سحر و افطار کی تیاری میں مصروف ہوتی ہیں اور بچّوں کو سنبھالنا ان کے لئے وبالِ جان بن جاتا ہے ، اس موقع پر اگر خواتین تھوڑا تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچّوں کو بھی اپنے ساتھ کاموں میں شریک کر لیں ، افطاری کی تیاری میں جو کام بچّے آسانی سے کرسکتے ہیں وہ ان سے کروائے جائیں ، اس طرح بچّے خوشی خوشی کام بھی کریں گے اور شرارتوں سے بھی باز رہیں گے ، گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کی عادت بھی بنے گی۔
(2)بچّوں کو ذمہ داریاں دیجئے : افطار کے وقت بچّے بہت پُرجوش ہوتے ہیں ، ان کے اس جوش و خروش کو صحیح کام میں لگانے کا ایک آسان حل یہ ہے کہ افطار کے وقت بچّوں کے ذمّے چھوٹے چھوٹے کام لگا دیں ، مثلاً ایک بچّہ پانی پلائے ، دوسرا شربت کا انتظام سنبھالے وغیرہ اس طرح ان کے اندر احساسِ ذمّہ داری بھی پیدا ہوگا اور دوسروں کی خدمت کا جذبہ بھی پروان چڑھے گا ۔
(3)تراویح کے بعد کچھ وقت بچّوں کو دیجئے : رمضان میں تلاوتِ قراٰن اور درسِ قراٰن کے سلسلے عام ہوتے ہیں اور بچّوں کو انوکھی کہانیاں سننے کا بہت شوق بھی ہوتا ہے۔ اسی مناسبت سے روزانہ تراویح کے بعد تھوڑا وقت بچّوں کو دیجئے اور انہیں قراٰنی حکایات و واقعات اور قیامت کی نشانیاں وغیرہ سنائیے ، اس طرح ان کی دلچسپی بھی برقرار رہے گی اور ان کی اسلامی معلومات میں بھی اضافہ ہوگا۔
(4)بچّوں سے تلاوت کروائیے : رمضان میں قراٰن پڑھنے پڑھانے کا شوق عروج پر ہوتا ہے۔ اس مہینے خصوصیت کے ساتھ بچّوں سے قراٰن کی تلاوت کروائیے۔ اس معاملے میں ایک کام یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اگر آپ بچّوں کوقراٰنی کہانیاں سنانے کا اہتمام کر رہے ہیں یا بچّے خود کسی قراٰنی واقعے کے متعلق آپ کو بتائیں تو ان سے قراٰن کے مطلوبہ مقامات کی آیات ترجمے کے ساتھ تلاوت بھی کروائیے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ یہ واقعہ قراٰنِ پاک کے کس سپارے میں موجود ہے ، اس طرح ان کی قراٰنی معلومات میں بھی اضافہ ہوگا۔
(5)ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال : آج کل بچّوں کو موبائل اور ٹی وی سے دور رکھنا تقریباً ناممکن ہے ، اس لئے اگر آپ کے بچّے بھی موبائل وغیرہ کے عادی ہیں تو اِنہیں اسلامی ایپلیکیشنز (مثلاً : کلمہ اینڈ دعا ، ذہنی آزمائش) ڈاؤنلوڈ کر کے دیں۔ اس سے بھی بچّوں کی مصروفیات درست رہیں گی اور ان کی علمی صلاحیت بھی بڑھے گی ۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ بچوں کی دنیا(چلڈرنز لٹریچر) المدینۃ العلمیہ ، کراچی
Comments