العلم نور
پرئیر ٹائم ایپ اور نقشوں میں فرق کیوں؟
* مولانا وسیم احمد عطّاری
اَلحمدُ لِلّٰہ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی اپنے 70 سے زائد شعبہ جات کے ذریعے دنیا بھر میں دین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ انہیں شعبہ جات میں سے ایک اہم شعبہ “ اوقاتُ الصّلاۃ “ بھی ہے۔ یہ شعبہ 1431ہجری مطابق 2010 عیسوی سے نظامُ الاوقات اور سمتِ قبلہ (Direction Of Qibla) سے متعلّق دنیا بھر کے مسلمانوں کی راہنمائی کر رہا ہے۔ اوقات کار یا سمتِ قبلہ نکالنے کے لئے اعلیٰ حضرت ، امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ کے عطاکردہ اُصولوں کو بروئے کار لایا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں اوقاتُ الصّلاۃ کے نام سے ایک سافٹ ویئر اور موبائل ایپلی کیشن بھی بنائی گئی ہے۔ کمیپوٹرسافٹ وئیر کے ذریعے دنیا بھر کے تقریباً 27لاکھ مقامات جبکہ موبائل ایپلی کیشن(Prayer Times App)کے ذریعے دنیا کے کسی بھی مقام کے دُرست نظامُ الاوقات اور سمتِ قبلہ بآسانی معلوم کئے جاسکتے ہیں۔ اَلحمدُ لِلّٰہ
ایپلی کیشن اور نقشوں میں فرق کیوں؟ عوام کے درمیان عموماً یہ سوال گردش کرتا ہے کہ دعوتِ اسلامی کےچھپے ہوئے نقشہ جات اور ایپلی کیشن میں بعض اوقات فرق کیوں آتا ہے؟
اس فرق کی وجہ سمجھنے کیلئے ان نِکات کو ذہن نشین کرلیجئے : (1)موبائل ایپلی کیشن میں دکھائی دینے والا وقت صرف اسی جگہ کا ہوتا ہے جو موبائل ایپ میں آپ نے سیٹ کیا ہوتا ہے۔ مثلاً کراچی شہر5ضلعوں پر مشتمل ہے تو پورے شہر کا وقت ایک ہی نہیں ہوسکتا چنانچہ اورنگی ٹاؤن اور کورنگی کے وقت میں کچھ نا کچھ فرق ضرور ہوگا خواہ چند سیکنڈ کا ہی ہو۔
(2)موبائل ایپلی کیشن کے اوقات صرف موجودہ تاریخ کے لئے ہوتے ہیں۔
(3)زمین کے اونچا نیچا ہونے کے اعتبار سے سورج کے طلوع و غروب کے وقت میں فرق آتا ہے ، طلوعِ آفتاب کا جو وقت بیسمنٹ یا گراؤنڈ فلور کا ہوگا 10ویں یا 20ویں فلور کا وہ وقت نہیں ہوگا ، اس لئے موبائل ایپلی کیشن آٹو پر سطحِ سمندر سے پوری بلندی شمار کرتی ہے۔
نقشہ جات یا مدنی چینل کے اوقات : نقشہ جات یا مدنی چینل پر دیئے گئے اوقات کئی لحاظ سے احتیاطی ہوتے ہیں ، مثلاً
(1)نقشہ جات چونکہ ایک سال کے بجائے26 سالوں کے لئے کارآمد بنائے گئے ہیں یعنی آئندہ 26 سالوں میں سب سے جلد ہونے والی “ صبحِ صادق “ اور “ طُلوع “ کا وقت اور سب سے آخر میں ہونے والے ظہر ، عصر ، مغرب و عشا کے وقت کو درج کیا گیا ہے۔
(2)بڑے شہروں میں پھیلاؤ کے اعتبار سے بھی احتیاط کی گئی ہے جس سے ایک آدھ منٹ تک فرق آجاتا ہے۔
(3)اوقات کار تیار کرنے میں پہاڑی اور غیر ہموار علاقوں کی بلندی کا لحاظ رکھا گیا ہے۔
(4)کئی کئی منزلہ عمارات کیلئے “ اوقاتِ طُلوع و غُروب “ میں اس طرح احتیاط شامل کی گئی ہے کہ چھوٹے شہروں کے لئے کم و بیش 50فٹ ، درمیانے شہروں کیلئے “ 125-100 “ فٹ اور بڑے شہروں کے لئےحسبِ ضرورت بلند عمارات کا لحاظ رکھتے ہوئے “ 40 سیکنڈ “ سے لے کر “ ایک منٹ یا اس سے زائد “ طلوع میں کم اور غروب میں بڑھائے جاتے ہیں۔
اوقات میں فرق کتنا؟پہاڑی وساحلی علاقوں کے لئے ایپلی کیشن اور پرنٹ شدہ نقشہ جات میں کوئی خاص فرق نہیں ہوتا البتّہ میدانی علاقوں کے لئے طُلوع و غُروب میں “ 1 سے 2 “ منٹ کا فرق نظر آئے گا نیز مدنی چینل پر بتایا جانے والا وقت پرنٹ شدہ نقشہ جات کے مطابق ہوتاہے۔
توجّہ : یاد رہے کہ ایپلی کیشن کے آٹو اوقات ہوں یا نقشہ جات و مدنی چینل پر دیئے گئے اوقات ، ان میں سے جس کے مطابق بھی نماز پڑھیں یا سحروافطار کریں دُرست ہوجائیں گے۔
نوٹ : شعبہ اوقاتُ الصّلاۃ کی ایپلی کیشن کو اپڈیٹ کیا جاتا رہتا ہے لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ اپنی ایپ کو اپڈیٹ کرلیا کیجئے۔ نیز ایپلی کیشن کے اوقات ذاتی استعمال کے لئے ہوتے ہیں لہٰذا ایک ہی شہر کے مختلف مقامات کے لئے اپنی لوکیشن والا وقت آگے شئیر نہ کیا جائے بلکہ ایپلی کیشن کا لنک ہی شئیر کردیجئے تاکہ دوسرے مقام والوں کو بھی اپنی لوکیشن کے مطابق کرنٹ وقت معلوم ہوسکے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* ماہرِ علم توقیت و نگرانِ مجلس شعبہ اوقات الصلوٰۃ ، کراچی
Comments