آؤ بچو حدیثِ رسول سنتے ہیں
بچّے اور احترام رمضان
* مولانا محمد جاوید عطاری مدنی
ماہنامہ اپریل 2022
اللہ پاک کے آخری نبی محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : “ اِذَادَخَلَ رَمَضَانُ فُتِّحَتْ اَبْوَابُ الْجَنَّةِ “ یعنی جب رمضان کا مہینا آتا ہے تو جنّت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔ (بخاری ، 2 / 399 ، حدیث : 3277 )
پیارے بچّو!رمضانُ المبارک اسلامی سال کا نواں مہینا ہے ، اس مہینے کے روزے اللہ پاک نے مسلمانوں پر فرض فرمائے ہیں ، اس مہینے میں اللہ پاک کی بہت ساری رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہوتا ہے۔ اس میں نیکیوں کا ثواب بڑھا دیا جاتا ہے ، نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر گُنا کر دیا جاتا ہے۔ شیطان قید کر دیا جاتا ہے ، جہنّم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور جنّت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ، اس مبارک مہینے کے ہر دن میں اللہ پاک بہت سارے گنہگاروں کو دوزخ سے آزاد فرماتا ہے۔
اچّھے بچّو! آپ کو بھی چاہئے کہ اس مہینے کی تعظیم کریں اور پورے رمضانُ الکریم کے روزے رکھیں ، اور اگر پورے رمضان شریف کے روزے نہیں رکھ سکتےاورشرعی طور پر آپ کواجازت بھی ہو تو جتنے روزے رکھ سکتے ہوں اتنے ہی رکھیں۔ یاد رکھیں!اگر کوئی نابالغ بچّہ کسی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکے تو اسے چاہئے کہ رمضان المبارک کا ادب و احترام کرتے ہوئے سب کے سامنے کھانے پینے سےبچے۔
احترامِ رمضان کی برکت : رمضانُ المبارک کےمہینےمیں ایک مجوسی (یعنی آگ کی پوجا کرنے والے) نے اپنے بچّے کو مسلمانوں کے سامنے کوئی چیز کھاتے ہوئے دیکھا تو اسے تھپڑ مار دیا اور کہا : رمضان کے مہینے میں مسلمانوں کے سامنے کھاتے ہوئے تجھے شرم نہیں آتی! اسی ہفتے اس مجوسی کا انتقال ہو گیا ، شہر کے عالِم نے خواب میں دیکھا کہ وہ شخص جنّت میں ہے ، پوچھا تُو تو مجوسی تھا! پھر جنّت میں کیسے؟ کہاواقعی میں مجوسی تھا لیکن اللہ پاک نے احترامِ رمضان کی برکت سے موت سے پہلے ایمان اور مرنے کے بعد جنّت عطا فرمائی۔ (نزہۃ المجالس ، 1 / 217 ملخصاً)
بعض بچّے اس مقدّس ماہ کی راتوں میں گلیوں میں کرکٹ فٹبال وغیرہ کھیلتے ، شور مچاتے ہَلا گُلا کرتے اور ماہِ رمضان کی بے حرمتی کرتے ہیں جس وجہ سے کئی لوگوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
پیارے بچّو!اس ماہِ مبارک کا ادب و احترام کیجئے ، دن کےوقت سرِعام کھانے پینے سے بچئے ، دن ہویارات گلیوں میں شور شرابا کرنے سے بچئے ، ٹائم پاس کرنے کے لئے فضول کھیلوں میں پڑنے کے بجائے ذکرُ اللہ ، درود شریف اور تلاوت ِقراٰن کی کثرت کیجئے ، اپنے امّی ابّو کی خدمت اور دیگر نیک کاموں میں اپنا وقت صرف کیجئے ۔
اللہ پاک ہمیں ماہِ رمضان کا ادب و احترام کرنے اور اس میں روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی
Comments