کھانے کی سنتیں اور حکمتیں

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! کھانا اللہ  عَزَّ  وَجَلَّ کی بہت ہی پیاری نعمت ہے،اس میں ہمارے لئے طرح طرح کی لذّت بھی رکھی گئی ہے۔اچھی اچھی نیّتوں کے ساتھ شریعت وسنّت کے مطابق حلال کھاناکارِثواب ہے۔کھانا کھانے کی نیتیں:کھانے سے قبل اور بعد کا وُضو کروں گا۔(یعنی دونوں ہاتھ اور مُنہ کا اگلا حصّہ دھوکرکُلِّیاں کروں گا) کھانے سے قبل بِسْم ِاللّٰہ اور دیگر دُعائیں پڑھ کر تین انگلیوں سے چھوٹے چھوٹے نوالے بناکراچھی طرح چبا کر کھاؤں گا۔ مزید نیتیں جاننے کے لئے امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کا رسالہ ”ثواب بڑھانے کے نسخے“ پڑھئے۔ کھانے کی سنتیں، آداب اور حکمتیں: (1)کھانے سے پہلے اپنے ہاتھ پہنچوں تک دھو لیجئے۔ حکمت:عام طور پر کام کاج کرنے سے ہاتھ آلودہ ہو جاتے ہیں، بغیر ہاتھ دھوئے کھانے سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ”کھانے کا وضومحتاجی دورکرتاہے،گھرمیں بھلائی بڑھاتا ہے، شیطان کو دورکرتاہے اور رزق میں کشادگی ہوتی ہے۔“(فیضانِ سنت،ج1،ص186،185ملخصاً) (2)کھانا خوب چباکر کھائیے۔ (3)زیادہ گرم کھانا نہ کھائیے۔ حکمت:اس سے منہ جل جانے کا خطرہ ہے نیز  حدیث پاک میں ہے: گرم کھانے میں برکت نہیں۔(بستان العارفین، 4ص57) (4)کھانا زمین پر بیٹھ کر کھائیے۔ حکمت:زمین پر بیٹھ کر کھانے سے کھانا بہترطورپر ہضم ہوتا ہے، کمر اور ٹانگوں کے عضلات مىں لچک پىدا ہوتى  اور دردوں سے نجات ملتى ہے، دورانِ خون بھى بہتر ہوجاتا ہے جس کے نتىجے مىں دل کى صحت بہتر جبکہ بىمارىوں، خصوصاً ہارٹ اٹىک کا خدشہ بہت کم ہوجاتا ہے۔ (5)کھانے سے پہلے جوتے اتار لیجئے۔ (6) جب بھی کھانا کھائیں تو الٹا پاؤں بچھا دیجئے اور سیدھا کھڑا رکھئےیا (7) سرین پر بیٹھ جائیے اور دونوں گھٹنے کھڑے رکھئے یا (8) دو زانوبیٹھ جائیے۔ (9)ٹیک لگاکر کھانا کھانے سے بچئے کہ حضور صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:”تم ٹیک لگا کر کھانا مت کھاؤ۔“(مجمع الزوائد،ج 5،ص22، حدیث  : 7918) حکمت: ٹیک لگاکربیٹھنے سےمعدہ پھیل جاتا ہے اس طرح غیرضروری خوراک معدے میں چلی جائے گی اور ہاضمہ خراب ہوگا،ٹیک لگا کرکھانے سے آنتوں اور جگر کونقصان پہنچتا ہے۔ (فیضانِ سنت،ج1،ص253) (10)کھانے سے پہلےبِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھ لیجئے ۔ (11) اگر کھانے کے شروع میں بِسْمِ اللّٰہ پڑھنا بھول جائیں تو یاد آنے پر بِسْمِ اللّٰہِ اَ وَّلَہ وَاٰخِرَہٗ پڑھ لیجئے۔ (12)کھانا سیدھے ہاتھ سے کھائیےکہ اُلٹے ہاتھ سے کھانا پینا شیطان کا طریقہ ہے۔( مسلم، ص860،حدیث:5265) حکمت: سیدھے ہاتھ سے غیر مرئی (نظر نہ آنے والی) شعاعیں نکلتی ہیں اور الٹے ہاتھ سے بھی ، لیکن سیدھے ہاتھ کی شعاعیں فائدہ منداور الٹے ہاتھ والی نقصان دہ ہوتی ہیں۔(سنت مصطفےٰ اور جدید سائنس، ص28) (13) تین انگلیوں سے کھائیے۔ (14)خُوب پیٹ بھر کر کھانا نہ کھائیے کہ اس کے جسمانی اورروحانی نقصانات ہیں۔  پیارے آقا صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:”آدَمی اپنے پیٹ سے زیادہ بُرابرتن نہیں بھرتا، انسان کیلئے چندلقمےہی کافی ہیں جو اس کی پیٹھ کو سیدھا رکھیں  اگرایسانہ کرسکے تو تِہائی کھانے کیلئے، تہائی پانی کیلئے اور ایک تہائی سانس کیلئے ہو۔“(ابنِ ماجہ،ج4،ص48، حدیث:3349) (15)کھانے سے فارغ ہوکر انگلیاں چاٹ لیجئےکہ  حضور صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم بھی کھانے کے بعد انگلیاں چاٹ لیا کرتے تھے۔ (مجمع الزوائد،ج5،ص23،حدیث :7923، ملتقطاً)حکمت:یہ عمل آنکھوں، دِماغ اور مِعدہ کیلئے بے حدمفیدہے اوریہ دِل، مِعدہ اور دِماغی اَمراض کا زبردست عِلاج ہے۔(فیضانِ سنّت،ج1،ص247) (16)کھانا کھانے کے فوراً بعدپیشاب کرنے کی عادت ڈالئے۔ حکمت: اس سے گردہ و مَثانہ کے اَمراض سے حفاظت ہوتی ہے۔(مراٰۃ المناجیح،ج ،6ص33،ملخصاً)

اللہ   عَزَّ  وَجَلَّہمیں سنت کے مطابق کھاناکھانے کی  توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  


Share

Articles