
سنّتوں بھرے اجتماعات:گجرات چیمبر آف کامرس میں شخصیات کے لئے سنّتوں بھرا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا ٭مجلس شعبۂ تعلیم کے تحت مرکزالاولیا، لاہور میں گورنمنٹ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں سنّتوں بھرے اجتماع کا سلسلہ ہوا، کثیر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی سعادت پائی٭سردارآباد(فیصل آباد) میں پنجاب میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا، کالج کے پروفیسرز اور طلبہ نے شرکت فرمائی۔ پورے ماہِ رمضان المبارَک کا اعتکاف: دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں رمضان المبارَک کے آخری عشرے کے اعتکاف کے علاوہ پورے ماہِ رمضان کے اعتکاف کا سلسلہ بھی ہوتا ہے۔ عاشقانِ رسول رمضان المبارَک کا پورا مہینا مسجد میں گزارتے ہیں، روزانہ نمازِ عصر اور نمازِ تراویح کے بعد مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوتا ہے، معتکفین کو دُرُست قراٰن اور نماز نیز سنّتیں اور آداب سکھانے کا بھی سلسلہ ہوتا ہے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی میں شیخِ طریقت امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ بنفسِ نفیس پورا مہینا تشریف فرما ہوتے ہیں۔ رمضان المبارَک 1438ھ میں پاکستان میں 71 مقامات پر پورے ماہِ رمضان کے اعتکاف کا سلسلہ ہوا اور تقریباً 10 ہزار اسلامی بھائیوں نے اعتکاف کی سعادت پائی۔ رمضان ایکسپریس کی مرکزالاولیا سے باب المدینہ آمد: شیخِ طریقت امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی بابرکت صحبت پانے اور پورے ماہِ رمضان کا اعتکاف کرنے کے لئے مرکزالاولیا (لاہور) سے 800 سے زیادہ اسلامی بھائیوں نے رکنِ شوریٰ کے ساتھ رمضان ایکسپریس کے ذریعے باب المدینہ (کراچی ) کا سفر کیا۔ اسلامی بھائیوں نے دورانِ سفر سنّتیں سیکھنے سکھانے کا سلسلہ جاری رکھا نیز باجماعت نمازوں کی ادائیگی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مسجد کا افتتاح: باب المدینہ کراچی کے علاقے ڈرگ کالونی میں دعوتِ اسلامی کی مجلس خُدَّام المساجد کے تحت جامع مسجد رابعہ حبیب کے افتتاح کے موقع پر سنّتوں بھرے اجتماع کا سلسلہ ہوا جس میں رکنِ شوریٰ نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ یکم رمضان المبارک 1438ھ کو باب المدینہ کراچی میں 10 نئی مساجد اور 32 جائے نمازوں میں نمازو تراویح کا آغاز ہوا۔ عرس مبارک لعل شہباز قلندر کے موقع پر مدنی کام: حضرت لعل شہباز قلندر سیّد عثمان مَرْوَنْدِی رحمۃُ اللّٰہ ِتعالٰی علیہ کا سالانہ عرس مبارک 16تا21 شعبان المعظم 1438ھ سہون شریف(باب الاسلام سندھ) میں ہوا۔ دعوتِ اسلامی کی مجلس مزاراتِ اولیا کے تحت مزار شریف کے مین گیٹ کے سامنے قراٰن خوانی اور باجماعت نمازوں کا سلسلہ ہوا۔ عُرْس مُبارک کے موقع پر اجتماعِ ذکر و نعت کا سلسلہ بھی ہوا نیز عُرْس کے زائرین کو نیکی کی دعوت پیش کرنے مزاراتِ اولیا پر حاضری کے آداب سکھانے کے لئے دعوتِ اسلامی کے مدنی قافلے بھی حاضر ہوئے۔ جن میں عاشقانِ رسول کی مجموعی تعداد تقریباً تین سو (300) تھی۔ مجلس مزاراتِ اولیا کی طرف سے دیگر رسائل کے علاوہ مکتبۃ المدینہ سے حضرت لعل شہباز قلندر کی سیرت پر شائع ہونے والا رسالہ ”فیضانِ عثمان مروندی لعل شہباز قلندر“ تقریباً 4500 کی تعداد میں تقسیم کیا گیا۔ ٭پاکستان میں مجلس مزاراتِ اولیا کے تحت مزاراتِ اولیا اور ان سے متصل مساجد میں مدنی کاموں کی ایک جھلک ملاحظہ فرمائیے: ٭202 مدنی درس ٭بعدِ فجر 103 مدنی حلقے ٭84 چوک درس ٭54 مدرسۃ المدینہ بالغان (شرکا کی تعداد: 370) ٭جنوری2017 تا اپریل، 4ماہ میں مجلس مزاراتِ اولیا کے تحت دعوتِ اسلامی کے تین دن کے 66 مدنی قافلوں نے مزاراتِ اولیا پر سفر کیا جن میں شرکا کی مجموعی تعداد تقریباً 674 تھی۔ ائمّۂ کرام کا تربیتی اجتماع: دعوتِ اسلامی کی مجلس ائمہ مساجد و مجلس فیضانِ مدینہ کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ (کراچی) میں 13،14،15 مئی بروز ہفتہ، اتوار، پیر ائمّۂ کرام اور مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے لئے تین دن کے تربیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں اسلامی بھائیوں نے شرکت کی سعادت پائی۔ تربیتی اجتماع کے پہلے اور دوسرے دن شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مدنی مذاکرے کے ذریعے حاضرین کو مدنی پھولوں سے نوازا اور سوالات کے جوابات عنایت فرمائے نیز نماز کا عملی طریقہ بھی سکھایا۔ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا ابوحامد محمد عمران عطاری مَدظلُّہ العَالی اور دیگر مبلغین نے بھی حاضرین کی تربیت فرمائی اور نیکی کی دعوت عام کرنے کا ذہن دیا۔ امامت کورس کے امتحانات: دعوتِ اسلامی کی مجلس کورسز کے تحت پاکستان میں13مقامات، ہند میں 3 اور بنگلہ دیش میں ایک پر امامت کورس کا سلسلہ جاری تھا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ 8مئی 2017ء کو شرکائے امامت کورس کے امتحانات کا سلسلہ مکمل ہوا جبکہ تادمِ تحریر کینیا اور یوکے میں امامت کورس کے درجات جاری ہیں۔ مجلس مدنی عطیات بکس کے تحت تربیتی اجتماع: 19،18 مئی 2017ء بروز جمعرات، جمعہ بمطابق 22،21 شعبان المعظم 1438ھ مجلس مدنی عطیات بکس کے ذمّہ داران کا تربیتی اجتماع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سردار آباد (فیصل آباد) میں ہوا، اس تربیتی اجتماع میں انٹرنیٹ کے ذریعے مجلس مدنی عطیات بکس کے ہند اور UK کے ذمّہ داران بھی شریک ہوئے۔ نگران پاکستان انتظامی کابینہ اور دیگر مبلّغین نے اسلامی بھائیوں کی تربیت فرمائی نیز رمضان المبارَک میں مدنی عطیات جمع کرنے کے اَہداف بھی طے کئے گئے۔ مدنی چینل کے 9سال مکمل ہونے پر نوافل کی ادائیگی: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ 10رمضان المبارَک1438ھ بمطابق 6 جون 2017ء کو مدنی چینل کے 9 سال مکمل ہوئے۔ اس سلسلے میں رمضان المبارک کی دسویں شب نمازِ تراویح کے بعد عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ (کراچی) سمیت دنیا بھر میں کئی مقامات پر شکرانے کے نوافل کی ادائیگی کا سلسلہ ہوا۔ نمازِ تراویح میں قراٰن سننے سنانے کی سعادت: ماہِ رمضان المبارک 1438ھ میں مدرستہ المدینہ سے منسلک ساڑھے سولہ ہزار سے زائد حُفَّاظ اسلامی بھائیوں اور مدنی منّوں نے نمازِ تراویح میں قراٰنِ پاک سننے سنانے کی سعادت حاصل کی۔ جانشینِ امیرِ اَہلِ سنّت کے ہاتھوں معتکفین کی دستار بندی: عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ (کراچی) میں پورے ماہِ رمضان کا اعتکاف کرنے والوں میں سے مستقل عمامہ شریف سجانے کی نیت کرنے والے خوش نصیبوں کے سر پر جانشینِ امیرِ اَہلِ سنّت شہزادۂ عطّار حضرت مولانا الحاج ابواُسید عبید رضا عطاری مدنی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے مبارک ہاتھوں سے عمامہ سجایا۔ 10رمضان المبارک کو 31،11رمضان کو 33 جبکہ 12رمضان کو 41اسلامی بھائیوں نے یہ سعادت پائی۔ یہ سلسلہ پورا رمضان جاری رہے گا اِنْ شَآ ءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ
Comments