مدنی قافلے کی برکتیں(دوسری اور آخری قسط)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!بلاشُبہ صحبت اپنا اَثَر  رکھتی ہے، نیک لوگوں کی صحبت اور ان کا قُرب انسان کو نیک بنانے میں مُعاوِن ثابِت ہوتا ہے۔مَشہور ہے: ”خَربُوزے کو دیکھ کر  خَربُوزہ رَنگ پکڑتاہے“چنانچہ مَدَنی قافلے میں شریک ہوکر عاشقانِ رسول کی صحبت میں رہنے والاگویا ایک بے وَقعت پَتّھر اللہ عَزَّوَجَلَّ اور رسولِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے کَرم سے”اَنمول ہیرا“ بن جاتا ہے یعنی ایک گناہوں کی دلدل میں پھنساہوا شخص نہ صرف خود نیک بنتابلکہ دُوسروں کوبھینیکی کی دعوت دینے والا بن جاتاہے،  نیز مَدَنی قافلے کی بَرکت سے نہ صرف دِین کا دَرد اور کُڑھن نصیب ہوتی ہے بلکہ نِیکیاں بڑھانے اور ان پر استقامت پانے کا جذبہ بھی ملتا ہے،   جب بندہ کسی کو نیکی کی دعوت دیتا ہے تو خود اس نیکی پر اِستقامت حاصِل کرنا اس کیلئے  آسان ہو جاتا ہے۔ مَدَنی قافلوں میں دِیگر فَوائِد کے عِلاوہ ،مسجِد  میں تکبیرِ اُولیٰ کے ساتھ پنج وَقْتہ فَرْض نمازوں کی ادائیگی اور نفل نمازیں یعنی تَہَجُّد،اِشْرَاق و چاشت،اَوَّابِیْن اور صَلٰوۃُ التَّوبَہ پڑھنے کی سَعادت بھی نَصیب ہوتی ہے۔

میٹھے میٹھے اِسْلَامی بھائیو!امیر اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں: مَدَنی قافلے میں سفر کرنا جتنا گِراں ہوگا اُتنا میزان ِ عَمَل میں وَزْن دار ہوگا۔(مدنی مذاکرہ،31اکتوبر 2014ء)چُنانچہ جب ہم کم از کم ہر ماہ 3 دن کیلئے دُنیا کے جھگڑوں سے جان چھڑا کر خلوصِ نیّت سے مَدَنی قافلوں میں سفر کو اپنی عادَت بنا لیں گے تو  اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ٭راہِ خدا میں سفر کے دَوران ہمیں اپنے سَابقہ و مَوجودہ طَرْز زِندگی پر غَور و فِکر کا مَوقَع  ملے گا٭دل آخرت کی بہتری کےلئے بے چین ہو جائے گا  جس کے  نتیجے میں گناہوں پر نَدامت  مَحسوس ہو گی اور توبہ کی توفیق ملےگی۔ ٭عاشقان ِرسول کے مَدَنی قافلوں میں جَدْوَل  کے مُطابِق مسلسل سفر کے نتیجے میں ہماری زبان  فحش اور فُضول باتوں کی جگہ تلاوتِ قراٰن، حمدونعت اور دُرُود پاک  کا وِرد کرنے کی عادی بن جائے گی٭غُصّے کی عادَت ختم کرنے اور  دل میں نَرمی پیدا کرنے میں آسانی ہوگی٭بے صَبری چھوڑ کر صبرو شکر سے کام لینے کی عادت بنے گی٭غروروتکبّر  سے بچنے اور عاجزی و انکساری کرنے کا جذبہ ملے گا ٭اِیمان کی حفاظت کا ذہن بنے گا  ٭مدنی قافلے میں سفر کے دوران راہِ خُدا میں آنے والی پریشانیوں اور مُشکلات پر صَبْر کرنے کا موقع اور اس پر ثواب کا خزانہ ملنے کی امید ہے۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ دعوتِ اسلامی کے مدنی قافلوں کی برکت سے نہ صرف مَسَاجِد آباد ہوتیں اورامیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی دُعائیں حاصل ہوتی ہیں بلکہ ان میں سفر سے پریشانیاں حل ہونے،بارِ قَرْض سے نجات ملنے،بے اولادوں کو اولاد ملنے،  طرح طرح کی بیماریوں سے شفا ملنے اور بےروزگاروں کو روزگار ملنے کی مدنی بہاریں ملتی رہتی ہیں۔

دل کی کَلیاں کِھلیں قافِلے میں چلو رنج وغم بھی مِٹیں قافلے میں چلو

فضل کی بارِشیں، رَحمتیں نعمتیں گر تمھیں چاہئیں قافلے میں چلو

دور بیماریاں اور پریشانیاں ہوں گی بس چل پڑیں،قافلے میں  چلو

(وسائل ِبخشش مرمم،ص677،676)

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!           صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

....*شعبہ فیضان صحابیت ، المدینۃ العلمیہ، سردارآباد (فیصل آباد)


Share

Articles

Gallery

Comments


Security Code