اللہ والوں کی باتیں

بُزرگانِ دین رحمہم اللہ المُبِین کی سیرت میں ہمارے لئے عملی مثالیں (Practical Examples) موجود ہوتی ہیں جن کی مدد سے ہم اپنی زندگی دنیا و آخرت میں کامیاب بنا سکتے ہیں۔ ان عظیم الشّان ہستیوں(Personalities) کے معمولاتِ زندگی اور تقویٰ و پرہیزگاری پرمشتمل سیرت پر کثیر کتابیں مختلف زبانوں میں موجود ہیں،جن میں سے  ایک عربی  کتابحِلْیَۃُ الْاَولِیَاء وَ طَبقَاتُ الْاَصْفِیَاء بھی ہے جو 10جلدوں پرمشتمل ہے۔ مصنّف کا تعارف: محدّثِ جلیل حافظ ابونُعَیم احمد بن عبداللہ اصفہانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی رَجَبُ الْمُرَجَّب 336 ہجری کو ایران کے شہر اَصْبَہَان(اصفہان) میں پیدا ہوئے، آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے علم حاصل کرنے کیلئے کئی ممالک کا سفر کیا،علمِ حدیث میں نمایاں مقام حاصل کیا، طویل عرصہ پڑھایااور کئی  کتابیں لکھیں، بالآخر 94 سال کی عمرمیں 20 مُحَرَّمُ الْحَرَام 430 ہجری کو وصال فرمایا۔ (مقدمہ دلائل النبوۃ لابی نعیم، ص6،مقدمۃ التحقیق،حلیۃ الاولیاء،ج1،ص6تا15 ماخوذاً)  اس کتاب میں کیا ہے؟ اس کتاب میں اُمّتِ محمدیّہ کے بلند مرتبہ 600سے زائد افراد کے حالاتِ زندگی کو ترتیب وار لکھا گیا ہے۔ پہلے عَشَرۂ مُبَشَّرہ اور دیگر صحابۂ کرام،پھر اصحابِِ صُفَّہ اور صحابیات علیہِمُ الرِّضْوَان کی سیرت ہے، اس کے بعد تابِعین اور تَبع ِتابِعین رحمہمُ اللہُ المُبین کے حالات ہیں اور آخر میں دیگر بُزرگوں کی زندگی کا بیان ہے۔ یہ کتاب پڑھنے کے بعد ہمیں پتا  چلتا ہے کہ ان عظیم الشّان ہستیوں نے قراٰنِ کریم اور سنّتِ رسول پر کیسے عمل کیا! زندگی کیسے گزاری! اپنی قبر اور آخرت کیلئے کیا تیاری کی! نیز کس طرح لوگوں کو ہدایت و نصیحت کی اور بُرائیوں سے منع کیا! امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور حِلْیَۃُ الْاَولِیَاء   : امیرِ اہلِ سنّت حضرت  علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اس کتاب کی اہمیت کے پیشِ نظر اس کے ترجمہ کی خواہش کا اِظہار فرمایا، چنانچہ دعوتِ اسلامی کی مجلس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّہ نے اس کتاب کا اُردو ترجمہ بنام ”اللہ والوں کی باتیں“ شائع کیا، تادمِ تحریر 5 جلدیں شائع ہوچکی ہیں بقیہ 5جلدوں پر کام جاری ہے۔ترجمہ کی خصوصیات: کتاب سے زیادہ سےزیادہ فائدہ اٹھانا ممکن ہوسکے اس کیلئےاِن  اُمور کا خیال رکھا گیا ہے: ٭آسان ترجمہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ کم پڑھے لکھے لوگ بھی بھرپور فائدہ اُٹھا سکیں ٭مضمون کے مطابق عنوانات قائم کئے گئےہیں ٭ہر مضمون کو الگ پیراگراف میں بیان کیا گیاہے ٭روایات کاحتّی الامکان اصل کتابوں سے مکمل حوالہ دیا گیا ہے ٭جس بات کو مزید آسان کرنے کی ضرورت تھی وہاں حاشیہ کا اِہتمام کیا گیا ٭تین طرح کی فہرست بنائی گئی ہے (1)فہرستِ کتاب یعنی تفصیلی فہرست (2)اِصلاحی مواد پر مشتمل مُبَلِّغِیْن کیلئے الگ فہرست (3)کسی مخصوص صحابی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے حالات تک رَسائی کیلئے صحابۂ کرام علیہِمُ الرِّضْوَان کے ناموں کی ایک علیحدہ فہرست بنائی گئی  ہے۔

یہ کتاب مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃً حاصل کی جاسکتی ہے اور دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net  سے بھی پڑھ سکتے ہیں نیز ڈاؤن لوڈ (Download) اور پرنٹ آؤٹ (Printout) بھی کرسکتے ہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭ شعبہ فیضان صحابہ و اہل بیت،المدینۃ العلمیہ ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code