ذَبح کا ایک مسئلہ
سوال: اگر کوئی غسل فرض ہونے کی حالت میں جانور ذَبح کرے تو کیا جانور حلال ہوجائے گا؟
جواب: جی ہاں! اگر کسی نے غسل فرض ہونے کی حالت میں جانور ذَبح کیا تو جانور حلال ہو جائے گا مگر بہتر یہ ہے کہ غسل کر کے جانور ذَبح کیا جائے۔ (فتاویٰ رضویہ،ج4،ص324ماخوذاً)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
دنیا میں اللہ پاک کا دیدار
سوال: کیا دنیا میں کسی انسان کو اللہتعالیٰ کا دیدار ہوسکتا ہے؟
جواب: دنیا میں اللہ پاک کا دیدار ظاہری آنکھوں سے بیداری کی حالت میں صرف میرے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہی کو حاصل ہوا ہے، ان کے علاوہ کسی اور نبی یا غیرِ نبی کو بیداری کی حالت میں ظاہری آنکھوں سے دیدارِ الٰہی کی نعمت نہیں ملی اور نہ ملے گی۔ البتہ خواب میں اللہ تبارک و تعالیٰ کا دیدار ہوسکتا ہے جیساکہ حضرت سیّدنا امامِ اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کو 100مرتبہ خواب میں اللہ پاک کا دیدار ہوا ہے۔(بہارِ شریعت،ج1،ص20-21ماخوذاً)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
70اَنبیائے کرام علیہمُ السَّلام
سوال: مسجدِ خیف میں کتنے انبیائے کرامعلیہمُ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام نے نماز ادا فرمائی تھی؟
جواب: مسجدِ خیف منیٰ شریف میں ہے اور حدیثِ پاک میں ہے:اس میں سَتَّر70انبیائے کرام علیہمُ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام نے نماز ادا فرمائی تھی۔ (معجمِ اوسط،ج4،ص117،حدیث:5407)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
جنتی اور سبز لباس
سوال:کیا جنّت میں جنتیوں کو سبز لباس پہنایا جائےگا؟
جواب:جی ہاں! جنّت میں جنتیوں کو سبز لباس پہنایا جائے گا اور یہ قراٰنِ پاک سے ثابت ہے جیسا کہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ( وَّ یَلْبَسُوْنَ ثِیَابًا خُضْرًا مِّنْ سُنْدُسٍ وَّ اِسْتَبْرَقٍ) (پ15، الکہف:31) تَرجَمۂ کنزُ الایمان:اور (جنتی جنت میں) سبز کپڑے کریب (باریک ریشم) اور قنادیز (موٹے ریشم) کے پہنیں گے۔ (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
نقلی دانت کامسئلہ
سوال: نقلی دانت لگوانا کیسا ہے؟ نیز غسل میں ان کو نکال کرکُلّی کرنا ضَروری ہے یا نہیں؟
جواب: نقلی دانت لگوانا جائز ہے۔ اگر ان کا نکالنا ممکن ہو تو انہیں نکال کر کُلّی کی جائے ورنہ ویسے ہی کُلّی کر لیں غسل ہو جائے گا۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
آیتِ سجدہ کا ترجمہ پڑھنے، سننے کامسئلہ
سوال: کیا آیتِ سجدہ کا ترجمہ پڑھنے، سننے والے پر بھی سجدۂ تلاوت واجب ہے؟
جواب: جی ہاں! آیتِ سجدہ کا ترجمہ پڑھنے، سننے والے پر بھی سجدۂ تلاوت کرنا واجب ہے جیساکہ ’’بہارِ شریعت‘‘ میں ہے: فارسی یا کسی اور زبان میں آیت (سجدہ) کا ترجمہ پڑھا تو پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہوگیا، سننے والے نے یہ سمجھا ہو یا نہیں کہ آیتِ سجدہ کا ترجَمہ ہے، البتہ یہ ضَرور ہے کہ اسے نہ معلوم ہو تو بتا دیا گیا ہو کہ یہ آیتِ سجدہ کا ترجَمہ تھا۔ (بہارِ شریعت،ج1،ص730)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
اُمّت کے بہت بڑے عالِم
سوال: حِبْرُالْاُمَّۃ کس صحابی کا لقب تھا اور اس کا معنیٰ کیا ہے؟
جواب:حضرتِ سیّدنا عبدُاللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما کا لقب ”حِبْرُالْاُمَّۃ“ تھا اور اس کا معنیٰ ہے ”امّت کے بہت بڑے عالِم“۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
”کھیس“ پکا کر کھانا کیسا؟
سوال:گائے، بھینس کے بچہ پیدا ہونے کے دو یا تین دن تک جو گاڑھا دودھ آتا ہے اُسے کھیس کہتے ہیں، کیا اسے پکا کر کھانا جائز ہے؟
جواب:گائے، بھینس کے بچہ پیدا ہونے کے دو یا تین دن تک جو گاڑھا دودھ آتا ہے اسے پکا کر کھانا بالکل جائز ہے۔ اسے پکانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس میں چینی یا شہد ڈال کر پکا لیا جائے اور جب یہ پَک جائے تو اسے کسی تھال وغیرہ میں ڈال دیں تاکہ یہ ٹھنڈی ہوکر جم جائے اور پھر چُھری سے اس کے نمک پارے کی طرح ٹکڑے کرکے تناول فرمائیں (یعنی کھائیں)، بڑے لذیذ ہوتے ہیں۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّ وَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
مَوزے کس رنگ کے پہنیں
سوال: موزے (Socks)کس رنگ کے پہنے جائیں؟
جواب: کسی بھی رنگ کے مَوزے پہن سکتے ہیں البتہ تِرمذی شریف میں ہے: نجاشی بادشاہ نے نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں کالے موزوں کا تحفہ بھیجا اور سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے انہیں پہنا۔ (ترمذی،ج4،ص374، حدیث:2829ماخوذاً) نیز فتاویٰ ہندیہ میں ہے: فرعون لال موزے اور اس کا وزیر ہامان سفید موزے پہنتا تھا جبکہ علمائے کرام کالے موزے پہنتے ہیں۔ (فتاویٰ ھندیہ،ج5،ص334ماخوذاً)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
غُسلِ میِّت پر اُجرت لینا
سوال: کیا میِّت کو غسل دینے کی اُجرت لینا جائز ہے؟
جواب: میِّت کو غسل دینے کی اُجرت لینا اُس شخص کے لئے جائز ہے کہ جب اس جگہ اُس کے علاوہ اور بھی غسل دینے والے موجود ہوں ورنہ غسل دینے کی اجرت لینا جائز نہیں جیساکہ بہارِ شریعت میں ہے: اگر وہاں اس کے سوا اور بھی نہلانے والے ہوں تو نہلانے پر اجرت لے سکتا ہے مگر افضل یہ ہے کہ نہ لے اور اگر کوئی دوسرا نہلانے والا نہ ہو تو اُجرت لینا جائز نہیں۔ (بہارِ شریعت،ج1،ص812)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
Comments