موسمبی اور چکوترہ

فی زمانہ کئی لوگوں کی صِحّت خراب ہونے کی ایک عُمومی  وجہ جسم میں وِٹامنز، مَعدنیات، اور دیگر ضَروری و اَہم عَناصِر کی کمی ہوتی ہے۔ پھلوں میں تقریباً وہ تمام وِٹامنز قُدرتی طور پر پائے جاتے ہیں  جوانسانی صِحّت کے لئے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ یوں تو ہر پھل بے شمار طِبّی فوائد کا پوشیدہ خَزانہ ہے لیکن آج ہم مَوسمِ سرما کے دو پھلوں  مَوسَمبی اور چکوترہ کے طِبّی فوائد میں سے کچھ کا تذکرہ کرتے ہیں:

چکوترے(Grapefruit)کے طِبّی فوائد

چکوترہذائقے میں تُرش (کھٹّا) تو ضَرور ہوتا ہے مگر آپ اس کی تَلخی ا ور تُرشی پر نہ جائیے بلکہ اس سے صِحت کو پہنچنے والے فوائد پر نظر رکھئے کیونکہ يہ بہت سے طِبّی فوائد کا حامل ہے،چند فوائد درج ذیل ہیں:٭یہ پھل کِیل مُہاسوں سے نجات دلاتاہے۔٭چھاتی کے کینسر (Breast Cancer)کو پورے جسم میں پھیلنے سے روکے رکھتا ہے۔٭جگر سے کولیسٹرول (Cholesterol) کی غیرضروری پیدائش روکتا ہے۔٭بخار کی شدت کم کرتا ہے۔٭شوگر کے مریضوں کے لئے شاندار غذا ہے کیوں کہ یہ انسانی جسم میں انسولین (Insulin) کا کام کرتا اور اس خاص مٹھاس کو کم کرتا ہے جو شوگر بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔٭ جسم کی چَربی   پگھلا کر موٹاپا دُور کرنے اور جسم کو فِٹ(Fit) رکھنے میں بھی مُعاوِن ہے۔ ٭چکوترے کا جُوس پینے سے جوڑوں اور ہڈيوں ميں موجودصِحّت کو نقصان دینے والے مادے ختم ہوجاتے ہيں۔ ٭اگر کسی جگہ کَٹ لگ جائے اور کوئی مَعمولی زخم آجائے تو اُس پر چکوترے کے چھلکے کی پَتلی سی پَرَت رکھ کر پٹی باندھ ديں زخم نہ صرف خراب ہونے سے محفوظ رہے گا بلکہ جَلد از جَلد بھر بھی جائے گا۔ ٭آنتوں کے وَرم اور نِظامِ اِنہِضام کی مختلف بيماريوں کے علاج کے لئے چکوترا مُفید ہے۔( ماخوذ از رسائلِ طب ،ص 301تا 304)

 موسمبی (Sweet Orange) کے فوائد

موسَمبی(Sweet Orange) کا ذائقہ شِیریں (میٹھا) اور مِزاج سرد (یعنی ٹھنڈا) ہوتا ہے٭وٹامنA اورB کی توانائی سے بھرپور یہ پھل کھانے سے قَبض، مِعدے کی تِیزابیت اور سینے کی جَلن دور ہوتی ہے٭ بیماریوں سے بچنے کی قوتِ مُدافَعت پیدا ہوتی ہے۔ ٭مَوسَمبی کھانے سے نیا خون پیدا ہوتا ہے  اور خون کی  شَریانیں صاف ہوتی ہیں جس سے خون کا بہاؤنارمل رہتا ہے اور بلڈ پریشر کا مرض پیدا نہيں ہوتا اور اگر ہو تو کنٹرول رہتا ہے۔٭اَمراضِ قلب سےبچت رہتی ہے۔

نوٹ:تمام دوا ئیں اپنے طبیب  (ڈاکٹر)کے مشورے سےہی استعمال کیجئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭ ماہنامہ فیضان مدینہ، باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code