اللہ ربّ العزّت نے ہمیں ایک آزاد وطن سے نوازا ہے جس
کانام اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے۔ بَرِّاعظم ایشیا میں واقع اس خطے کو اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ یوں تو یہ
نعمتیں دنیاکےدیگر ملکوں میں بھی پائی جاتی ہیں مگر پاکستان میں پائی جانے والی
نعمتیں مجموعی اعتبار سے ایک منفرد مقام رکھتی ہیں: ٭پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے کئی غذائی نعمتوں
سے نوازا ہے یہاں گندم کی پیداوار کثرت سے ہوتی ہے جو اپنے اعلیٰ معیار کی وجہ سے
خصوصی شہرت رکھتی ہے، لذیذ، عمدہ اور خوش نُما پھل بھی بکثرت ہوتے ہیں جن میں آم، کینو اور دیگر پھلوں کو
خاصی شہرت حاصل ہے۔ پاکستان زرعی ملک ہونے کی وجہ سےدنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہےیہی وجہ ہے کہ کپاس کی پیداوار میں پاکستان
دنیا کے چوتھے، گندم میں آٹھویں، گنّے میں نویں، چاول میں چودھویں، آم میں
پانچویں، کھجور میں ساتویں اور کینو میں گیارھویں نمبر پر ہے۔٭پاکستان وہ ملک ہے جہاں
چاروں موسم ہیں ہم سردی ،گرمی، خزاں، بہار سے
مختلف انداز میں خوب فائدہ اُٹھاتے اور لُطف اندوز ہوتے ہیں۔ ٭قدرتی حسن سے مالامال
خوبصورت وادیاں ،سر سبز اور برف سے ڈھکے ہوئے بلند و بالا پہاڑ، چٹیل میدان و صحرا
کے ساتھ ساتھ سمندر اور دریا بھی وطنِ عزیز
میں موجود ہیں۔ ”گوادر“ اور ”کراچی“ کی صورت میں ہمیں بڑی اور قدرتی بندرگاہیں
بھی مُیَسَّر ہیں جو ہمیں پوری دنیا سے
جوڑ دیتی ہیں اور ان کی بدولت ہم پوری دنیا سے در آمدات و برآمدات کا معاملہ رکھے ہوئے ہیں۔ ٭پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ ذہانت سے نوازا ہے اور ہنر عطا فرمایا ہے اس نعمت کو
بروئے کار لاکر پاکستانی زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔٭پاکستان مَعْدَنی ذخائر (Mineral Resources) سے بھی مالامال ہے، کوئلے کے وسیع ذخائر اورکم وبیش 20 کلومیٹر
پرپھیلی دنیاکی دوسری بڑی نمک کی کان اسی پاک سرزمین میں ہے۔ تانبے، سونے
اور قدرتی گیس کے علاوہ بھی کئی قیمتی اور اہم ذخائر بھی پاکستان میں
موجود ہیں۔ ٭پنکھوں کی سب سے بڑی صنعت ہمارے شہروں گوجرانوالہ اور گجرات میں ہے۔ ٭بلوچستان
کے جنگلات میں پائےجانے والے صنوبر اور چِیڑ کے درخت اپنی اقسام کے اعتبار سےمنفرد
حیثیت رکھتے ہیں۔ ٭پاکستان میں مختلف زَبانیں بولنے والے لوگ آباد ہیں ان کی حیثیت ایک
خوبصورت گلدستے میں رنگ برنگے پھولوں جیسی ہے۔ ٭اللہ تعالیٰ نے بحیثیت مجموعی پاکستانی قوم کو ایک دوسرے سے محبت کرنے، حسنِ
سلوک سے پیش آنے اور ایک دوسرے کے کام آنے کی نعمت سے بھی نوازا ہے، اس نعمت کی
بدولت یہ قوم ہر طرح کی آفت و مصیبت میں جسدِ واحد کا عملی ثبوت دیتی نَظَر آتی ہے۔
٭پاکستان میں ہزاروں اولیائے کرام
تشریف لائے اور آج بھی ان کے مزارات انوار و تجلّیات کا مرکز ہیں جہاں دنیا بھر سے لوگ حاضِر ہوکر فیض پاتے ہیں۔ ان
میں حضرتِ سیّدنا داتا گنج بخش علی بن
عثمان ہجویری، سیّدنا لعل شہباز قلندر
محمد عثمان مروندی، سیّدنا رکنِ عالَم ابُوالفتح شاہ رُکنُ الدّین شاہ سہروردی اور سیّدنا فرید الدین مسعود گنج شکررحمۃ اللہ تعالٰی علیہم اجمعین جیسی عظیمُ
الشّان ہستیاں شامل ہیں۔٭ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی جس کے بانی حضرت ِ علّامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادِریدَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہہیں
،کا آغاز اسی وطنِ پاکستان سے ہوا ۔اللہکریم ہمیں بھی پاک وطن کی ترقی و خوش حالی میں اپناکردار ادا کرنے کی توفیق
عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن
صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ
وسلَّم
قومی ترانہ
پاک سَرزمین شاد باد كِشْوَرِ حسين شاد باد
تو نِشانِ عَزْمِ عالی شان اَرْضِ پاکستان!
مرکزِ یقین شاد باد
پاک سَرزمین کا نظام قوّتِ اُخُوَّتِ عوام
قوم ، ملک ، سلطنت پائندہ تابندہ باد
شاد باد منزِلِ مُراد
پرچمِ ستارہ و ہِلال رَہبرِ ترقّی و کمال
ترجُمانِ ماضی شانِ حال جانِ اِسْتِقْبال!
سایۂ خدائے
ذُوالجَلال
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ذمہ دار شعبہ فیضان
اولیاءعلما،المدینۃ العلمیہ باب المدینہ کراچی
Comments