معدے کی بیماریاں اوران کا علاج

اَلْحَمْدُ للّٰہ عَزَّ وَجَلَّ ایک بار پھر عیدِ قربان کی آمد آمد ہے۔ اس مبارک مہینے میں مسلمان نہ صرف جانوروں کی قربانی کی عبادت بجا لاتےہیں بلکہ اس کا گوشت خود بھی کھاتے اور رشتہ داروں اور غریبوں کو بھی دیتے ہیں۔ بدقسمتی سے قربانی کے دنوں میں کھانے پینے میں بے اعتدالی کے باعث معدے کے مختلف امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

جسمِ انسانی میں معدے کی اہمیت معدہ انسانی جسم کا ایک انتہائی اہم عضو ہے۔ہم جو کچھ کھاتے پیتے ہیں وہ جاکر معدے میں جمع ہوتا ہے نیز معدہ کھانے کو ہضم کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔معدے کی خرابی جسم کے تمام نظام کو متأثر کرسکتی ہے لہٰذا اسے درست رکھنا اور اس سے متعلّق احتیاطیں جاننا بہت ضروری ہے۔معدےکی خرابی اور مختلف امراض معدے میں تیزابیت ،الٹیاں، سینے میں درد اور جلن ،منہ میں کڑوا پانی آنا، معدے کا السر اورمناسب علاج نہ کروانے کی صورت میں آخر کارمعدے کا کینسر۔اسباب معدے کی تکلیف اور جلن وغیرہ کا مسئلہ عموماً رات میں زیادہ ہوتا ہے ۔کوئی اور بیماری نہ ہونے کی صورت میں اس کا سبب رات کو دیر سے زیادہ مقدار میں کھانا اور پھر فوراً سوجانا ہوسکتا ہے۔شادی وغیرہ دعوتوں کے موقع پر ایسا مسئلہ زیادہ ہوتا ہے۔تنگ فٹنگ والے چست کپڑے پہننا بھی اس مسئلے کا ایک سبب ہے۔ مزید اسباب میں تمباکونوشی،پان گٹکے،سافٹ ڈرنک،تیزمرچ مصالحےوالےکھانوں کا استعمال اور پانی کم پیناوغیرہ شامل ہیں۔اپنی غذا پر غورفرمائیں: جن اسلامی بھائیوں کے ساتھ معدے کے مسائل وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہوں وہ اپنی غذا پر غور کریں اور جن چیزوں کے کھانے کے بعد اس تکلیف کا شکار ہوتے ہوں ان سے پرہیز فرمائیں۔ پرہیز:معدےکی تکلیف میں مبتلاافرادتیز مرچ مصالحے والی نیز تلی ہوئی اشیاء کے استعمال سے پرہیز فرمائیں۔وہ سبزیاں جو دیر سے ہضم ہوتی اور گیس پیدا کرتی ہیں جیسے گوبھی،آلو، اروی،بینگن نیز چنے کی دال،کلیجی،پائے وغیرہ استعمال نہ کریں۔ ابلی ہوئی سبزیاں، کھچڑی اوردلیہ تھوڑی سی کالی مرچ کے ساتھ استعمال فرمائیں۔معدے پر زیادہ بوجھ مت ڈالیں:میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! معدےکے کام کرنے کی بھی ایک حد ہے۔ اگراچھی طرح چبائے بِغیر یا ضَرورت سے زیادہ غذائیں اس میں ڈالی جائیں تو بے چارہ آخِر کس کس چیز کو ہَضْم کرسکےگا؟نتیجۃً نظامِ اِنْہِضام(Digestive System) دَرْہَم بَرہَم ہو جائےگا، مِعدہ بیمار پڑجائے گا اور پھر سارےجسم کواَمراض فَراہَم (Transfer) کرنے لگے گا جیسا کہ طبیبوں کے طبیب صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ حِکْمت نِشان ہے ، مِعْدہ بدن میں حَوض کی مانِندہے اور(بدن کی) نالیاں (یعنی رَگیں )مِعْدہ کی طرف آنے والی ہیں اگر مِعْدہ صحّت مند ہو تو رَگیں(مِعْدہ میں سے )صِحّت لیکرپلٹتی ہیں اور اگر مِعْدہ خراب ہو تو رگیں بیماری لے کر واپَس جاتی ہیں۔ (شُعبُ الایمان،ج 5،ص66، حدیث: 5796)پانی مناسب مقدار میں استعمال کریں : معدے میں تیزابیت وغیرہ کی صورت میں سادہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال مفید ہے ۔عام حالات میں کام کرنے والے افراد روزانہ 10 سے 12 جبکہ گرمی میں اور پسینہ لانے والے حالات میں کام کرنے والے اس سے بھی زیادہ مقدار میں پانی نوش فرمائیں ۔ معدے میں تیزابیت کی صورت میں ٹھنڈے دودھ کا استعما ل بھی مفیدہے۔اگرمعدےکےالسرکی وجہ سےجلن ہوتو دودھ استعمال نہ کریں۔ دانتوں کا کام آنتوں سےمت لیجئے: معدے کو درست رکھنے کےلئے کھانا کھاتے ہوئے بھی احتیاط ضروری ہے لہٰذا لقمہ چھوٹا لیجئے اور چَپَڑچَپَڑ کی آواز پیدا نہ ہو اِس احتیاط کےساتھ اِس قَدَرچبایئےکہ منہ کی غذاپتلی ہوجائے، یوں کرنےسےہاضم لعاب بھی اچھی طرح شامل ہوجائےگا۔ اگراچھی طرح چبائےبغیرنگل جائیں گےتوہضم کرنے کیلئے معدے کوسخت زَحمت کرنی پڑے گی اور نتیجۃً طرح طرح کی بیماریوں کا سامنا ہو سکتا ہے لہٰذا دانتوں کا کام آنتوں سے مت لیجئے۔(پراسرار خزانہ،ص20) معدے کے السر کا اصل علاج: معدے کے السر کا اصل علاج پیٹ کا قفلِ مدینہ یعنی سادہ غذا بھوک سے کم کھانا ہے۔ فیضانِ سنت جلد اول کے دو ابواب پیٹ کا قفلِ مدینہ اور آدابِ طعام کا مطالعہ فرماکر عمل کریں تواِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ معدے کے السر سمیت کئی امراض سے چھٹکارہ ملے گا۔ معدے کی تکلیف اور میتھی کا استعمال:معدے کے السر یا انتڑیوں کے زخم اور سُوجن میں میتھی کا استعمال بہت مفید ہے٭کھانسی کی دوائیں عام طور پرمعدہ خراب کرتی ہیں لہٰذا پرانی کھانسی کے مریض کادواؤں کے استعمال کی وجہ سے معدے کی جلن اور بد ہضمی کے مرض سے بچنا دشوار ہے۔ میتھی کے استعمال سے نہ صرف کھانسی کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ معدے کی بھی اصلاح ہوتی ہے٭میتھی کا قہوہ(یعنی جوشاندہ)، معدے اور انتڑیوں کی گندگیاں صاف کرتا اور نظامِ ہَضْم سے اضافی اور نقصان دِہ رطوبتیں خارِج کرتا ہے۔(میتھی کے50مدنی پھول،ص8،4،3) متفرق مدنی پھول: انسانی جسم کو مناسب مقدار میں پروٹین ،وٹامنز وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہےلہٰذادال، سبزی، چاول، گوشت اور پھل وغیرہ سب چیزیں مناسب مقدار میں ضرور کھائیں صرف کسی ایک یا دو پر زور دینا اور باقی کو ترک کردینا مناسب نہیں٭جس طرح زیادہ کھانے کے نقصانات ہیںیونہی غیرمعمولی طور پر زیادہ عرصہ معدےکو خالی رکھنا بھی نقصان دہ ہے٭کھانےکےبجائےصرف چائے،کافی یا سافٹ ڈرنک اور بسکٹ وغیرہ پر اکتفا کرنا اور اسے پرہیز کانام دینا بھی نادانی ہے کہ یہ معدے کے لئے زیادہ نقصان دہ ہے٭جوڑوں کےدرد کی دوائیں استعمال کرنےوالوں کو بھی معدے کا السر ہوسکتا ہے لہٰذا بالخصوص ایسی ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر استعمال نہ کریں٭فاسٹ فوڈ، جنک فوڈ اور کولڈ ڈرنک وغیرہ معدے کے لئے زہرِ قاتل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

معدےکےالسروغیرہ کے2گھریلوعلاج: (1)دو ہفتہ تک دن میں تین مرتبہ بند گوبھی کا رَس ایک ایک گلاس پی لیجئے ، بند گوبھی کا سالن بھی کھایئےاِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّسب بہتر ہو جائے گا۔(گھریلو علاج،ص55) بند گوبھی کا بطور سلاد استعمال بھی فائدہ مندہے۔(2)رال سفیدعمدہ:5تولہ،مُلیٹھی مُقَشَّر:5 تولہ۔مُلیٹھی کوچھیل لیں یعنی اس کے اوپر کے چھلکے اتارلیں ، پھردونوں کو پیس کربحفاظت رکھ لیں۔ خالی پیٹ صبح شام آدھا آدھا چمچ آدھا کپ عرق سونف کے ساتھ تا حصولِ شفا استعمال فرمائیں۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ معدے کے ہر طرح کے السرکے لئے مفید ہے۔

جگر یا معدہ کے تمام امراض کیلئے

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط قُلْ لَّوْ كَانَ الْبَحْرُ مِدَادًا لِّكَلِمٰتِ رَبِّیْ(پ16،الکہف:109)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

بعد نمازِ فجر تین عدد سادی چینی کی پلیٹوں پریا مومی کاغذوں پر زردہ کے رنگ سے اوپر دی ہوئی آیتِ مبارکہ لکھئے (اِعراب لگانے کی حاجت نہیں البتّہ دائرے والے حروف کے دائرے کُھلے رکھئے) اور صبح، دوپَہَر اور رات ایک ایک پلیٹ پانی سے دھو کر پی لیجئے ۔(مدّتِ علاج40دن)اس کے علاوہ اِسی رنگ سے لکھ کر ریگزین یا چمڑے میں تعویذ بنالیجئے۔اسلامی بہنیں اپنے گلے میں اور اسلامی بھائی اپنے سیدھے بازو پر باندھ لیں۔یہ علاج گردوں کے درد کیلئے بھی مُفید ہے۔جب بھی تعویذ پہننا ہو اُس کو پلاسٹک کوٹنگ یا موم جامہ کر لینا چاہئے ۔(گھریلو علاج،56)

اے ہمارے پیارے اللہ عَزَّ وَجَلَّ!ہمیں پیٹ کا قفلِ مدینہ لگانے یعنی حلال غذا بھی بھوک سے کم کھانے کی توفیق عطا فرما اور اس کی برکت سے معدے کے تمام امراض سے محفوظ فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code