قاضی بننے پر مبارک باد اور دعاؤں سے
نوازنا
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ
عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّارؔ قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میرے محسن و کَرَم فرما حضرتِ
علّامہ مولانا مفتی اِشتِیاق رضوی صاحب!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ
اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ
محمد اسلم رضا دِہلی سے اعتکاف کرنے کے
لئے عالَمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی تشریف لائے تھے، اُنہوں
نے بتایا کہ آپ مَا شَآءَ اللّٰہ دِہلی شریف کے قاضی بَن گئے ہیں، مرحبا! بہت بہت مُبارَک
ہو۔ آپ کی زیارت کو بَرْسَا بَرَس ہوگئے، پُرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔ اللّٰہ کریم آپ کے علم و عمل میں، آپ کے درجات میں بلندی عطا
فرمائے، آپ سے خوب مسلکِ اعلیٰ حضرت کی خدمت لے، اللّٰہ پاک ایمان سلامت رکھے، جان سلامت رکھے، بے حساب مغفرت سے
مشرّف فرمائے، میرے اور میری آل کے حق میں، آپ کی آل کے حق میں یہ دعائیں مُستَجاب
ہوں۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی
اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
مفتی اِشتِیاق رضوی صاحب کا جوابی پیغام
امیرِ اَہلِ سنّت دَامَ ظِلُّھُمُ
الْعالی ایک بین
الاقوامی منظّم و مستحکم تحریک کے بانی اور اس کے سو سے زائد شعبہ جات پر فراستِ ایمانی
کے ساتھ داعیانہ و َہادِیانہ نظر رکھنے والے قائد ہیں۔ آپ کی گوناگوں مصروفیات کا
اندازہ لگانا آسان کام نہیں۔ مگر بایں ہمہ مجھ جیسے ناکارہ کو یاد فرمانا اور صوتی
پیغام اِرسال فرمانا اِس بات کا بَیِّن ثبوت ہے کہ حضرتِ امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اُمّتِ مسلمہ کی عالَمی قیادت کے بجا طور پر مستحق ہیں۔ فقیر قادری امیرِ
اہلِ سنّت کی تجدیدی خدمات کا نہ صرف معترف ہے بلکہ اپنی قدرت و بساط کے مطابق
ببانگِ دُہُل اس کو بیان بھی کرتا رہتا ہے۔ ربِّ کریم اُمّتِ مسلمہ کے اِس عظیم
محسن کو تادیر فیض بار و مشکبار بنا کر باقی رکھے اور ہم جیسے نکمّوں کی عمریں بھی
اِس داعیِ اسلام کی عمر میں شامل فرما دے۔
اٰمین بِجاہِ النّبیّ الْاُمّی الْامین المبعوث رحمۃ لّلعٰملین علیہ وعلٰی
اٰلہٖ وصحبہٖ افضل الصّلاۃ واجمل التّحیۃ واکمل التّسلیم۔
چوری ہونے پر صبر و ہمت کی تلقین
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ
عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّارؔ قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے ماڑی پور بدھنی گوٹھ کے ممتاز
قادری، مجاہد بھائی، راشد بھائی، حفیظ قادری، اقبال عطاری (علاقائی مدنی قافلہ ذمہ دار)، عابد بھائی، زنبیر بھائی، سجاد بھائی!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ
اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ
حاجی محمد امین نے ایک اسلامی بھائی کا
صَوتی پیغام دیا، جس میں یہ تھا کہ ماڑی پور بدھنی گوٹھ کے آٹھ اسلامی بھائیوں کی
دکانیں رات کو لوٹ لی گئیں یعنی چوری ہوگئی، اللّٰہ اکبر! اللّٰہ کریم آپ کو اس کا نعم البدل عطا فرمائے، صبر عطا فرمائے، اجر عطا
فرمائے، بے صبری سے بچائے، اٰمین۔ ہمّت رکھئے گا، صبر کیجئے گا، اِنْ شَآءَ اللّٰہ یہ مال کا جانا آپ کے گناہوں کا کفارہ بنے گا۔ ایک طرح سے یہ
مقامِ شکر بھی ہے کہ انسان آیا، چوری کی اور چلا گیا، شیطٰن آتا، ایمان پر ڈاکا
ڈالتا اور ایمان لے کر چلا جاتا تو کیا ہوتا! اللّٰہ کریم ہم سب کا ایمان سلامت رکھے، اللّٰہ پاک آپ کی، ہماری
جان و مال اور عزّت و آبرو کی حفاظت فرمائے، اٰمین۔ ہمّت رکھئے گا، بے صبری سے
بچئے گا کہ بے صبری سے گیا ہوا مال تو واپس آتا نہیں اُلٹا ثواب چلا جاتا ہے، پھر
بعض اوقات ایسے مُعامَلات میں بغیر کسی ثبوت کے تہمت وغیرہ کے بہت سے گناہ کئے
جاتے ہیں اور بھی بہت کچھ ہوتا ہے۔ اس لئے جو بھی کرنا ہے شریعت کے دائرے میں رہ
کر ہی کرنا ہے۔ اللّٰہ کریم آپ سب کا بھلا کرے، ہمّت رکھئے گا، مَدَنی قافلے میں سفر کرکے دعا کریں
کوئی بعید نہیں ہے کہ چور پکڑے جائیں اور آپ کا مال آپ کو واپس مل جائے۔ بے حساب
مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی
اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
Comments