خوابوں کی تعبیریں
قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیریں
*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2023
خواب : میں نے خواب میں اپنی مرحومہ بیوی کو روتے ہوئے دیکھا ہے۔ اس کی کیا تعبیر ہوگی بتادیجئے۔
تعبیر : مُردہ کو درد یا تکلیف کی وجہ سے روتا دیکھنا اچھا نہیں ہوتا۔ اس کے لئے دعا کریں اور ایصالِ ثواب کی کثرت کریں۔ نمازوں اور روزوں کا فدیہ ادا کریں ، اگر فوت ہونے والی پر کسی بندے کا حق آتا ہو تو اسے ادا یا مُعاف کروانے کی صورت اختیار کریں۔
خواب : میں نے خواب میں اپنے کپڑے پھٹے ہوئے دیکھے ہیں ، برائے کرام! اس کی تعبیر بتادیجئے۔
تعبیر : لباس کا پھٹا ہوا دیکھنا راز ظاہر ہونے کی علامت ہے۔ جس نے اپنا لباس پھٹا ہوا دیکھا اسے چاہئے کہ اپنی گفتگو پر غور کرے ، ہر کسی سے اپنے راز کی بات بیان نا کرے۔ ورنہ کسی آزمائش کا سامنا ہو سکتا ہے۔
خواب : خواب میں دودھ پینا کیسا ہے؟ اس کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر : دودھ اگر حلال جانور کا اور شیریں ہے تو تعبیر کے اعتبار سے بہت اچھا ہے۔ مالِ حلال اور رزق میں برکت کی دلیل ہے۔ جس نے یہ خواب دیکھا ہو اُسے چاہئے کہ اللہ پاک کا شکر بجا لائے۔
خواب : میری والدہ صاحبہ کی عمر 45سال ہے ، اُن کو اکثر یہ خواب آتا ہے کہ باہر گلی میں ایک چھوٹی سی بچی ملتی ہے اور وہ اُس کو اٹھا کر گھر لے آتی ہیں اور اُس کی پرورش کرتی ہیں۔ اسی طرح وہ بچی ایک بار نالی میں گری ہوئی بھی ملتی ہے ، برائے مہر بانی ان کے خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔جزاک اللہ خیراً
جواب : بعض اوقات مختلف خیالات کی بنا پر کچھ بے ربط سے خواب دکھائی دیتے ہیں جن کی تعبیر نہیں ہوا کرتی ، اس طرح کے خوابوں کی طرف دھیان نہیں دینا چاہئے۔
خواب : کوئی شخص خواب میں اپنےسر سے بہت زیادہ جوئیں نکلتی دیکھے تو اس کی کیا تعبیر ہو گی؟
تعبیر : سر سے جوئیں نکالنا فرد کے مختلف ہونے سے مختلف ہوتا ہے ، البتہ عمومی طور پر فسادی شخص کی علامت ہے ، اگر کوئی شخص انہیں اپنے سر سے نکال کر پھینکتا ہے یا مارتا ہے تو فسادی لوگوں سے نجات پائے گا۔ اِن شآءَ اللہ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
*نگران مجلس مدنی چینل
Comments