قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2023

خواب : اگر کوئی خواب دیکھے کہ وہ اپنے مُرشِد کے گلے لگ کر بہت رویا ہے ، تو یہ کیسا ہے ؟

تعبیر : جامع شرائط پیر کی زیارت مرید کیلئے باعثِ سعادت و برکت ہے۔ اس طرح کا خواب پیرو مرشِد کی نظر ہونے کی علامت ہوتی ہے۔ مرید کو چاہئے کہ اپنے پیر کی اطاعت کرے دونوں جہانوں میں کامیابی پائے گا۔

خواب : ایک اسلامی بھائی کو خواب آرہا ہے کہ اس کو خون کی الٹیاں آرہی ہیں اور اس کی بیگم کو خواب آرہا ہے کہ اس کا بچّہ اس سے لے کر کوئی بھاگ رہا ہے یہ خواب فجر کی اذان کے وقت آرہا ہے۔

تعبیر : اللہ پاک رحم فرمائے آزمائش کی علامت ہے۔ البتہ یہ ضروری نہیں کہ بچہ اغوا ہی ہو۔ بہرحال اگر گھر میں چھوٹے بچے ہیں تو ان کی نگہداشت و حفاظت کا بھر پور خیال رکھیں۔ اللہ پاک کی بارگا ہ میں صدقہ کریں۔ اِن شآءَ اللہ سب گھر والوں کے لئے یہ صدقہ باعثِ برکت ہوگا۔

خواب : اگر خواب میں اپنے پیچھے اونٹ لگ جا ئے تو اس کی کیا تعبیر ہے ؟

تعبیر : ایسا خواب رنج و غم کی علامت ہوتا ہے۔ اور کبھی بیمار ہونے پر بھی دلالت کرتا ہے۔ ہوسکتا ہے خواب دیکھنے والے کو کسی تکلیف یا مشکل کا سامنا ہو۔ لہٰذا اپنے کاموں کو دیکھ بھال کے ساتھ سر انجام دیں ہوشیاری سے کام لیں ، کھانے پینے میں احتیاط کریں ہر اس کام سے دور رہیں جو بیماری کا باعث ہو سکے اور اللہ پاک کی بارگاہ میں ہر نماز کے بعد دعا بھی کریں اِن شآءَ اللہ عافیت کا سامان ہوگا۔

خواب : فوت شدہ عورت کو خواب میں خوب فینسی کپڑوں اور میک اپ میں دیکھنا کیسا ہے ؟

تعبیر : اگر کسی برائی یا غلط ماحول میں نہیں دیکھا۔ جائز طور پر کپڑے اور زینت اختیار کئے ہوئے دیکھا تو یہ فوت شدہ کی اچھی کیفیت کی علامت ہے۔ کیونکہ کسی فوت شدہ کو اچھی حالت میں اور خوش دیکھنا اچھی فال ہوتی ہے۔

خواب : میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میں گھر میں ہوں اور گھر کے صحن میں دوخربوزے رکھے ہوئے ہیں ایک بڑااورایک کچھ چھوٹا ہے کچھ دیر بعد جب دیکھتا ہوں تو جو چھوٹاہے اس کا درمیان سے اوپر تک کا چھلکا اترا ہوا ہے جبکہ نیچے والا چھلکا نہیں اترا ہوا اور اس کا رنگ لال اور اتنا میٹھا لگ رہا ہے کہ کھانے کو دل کرتا ہے اور اس کے اوپر شبنم کی طرح قطرے ہیں۔اتنے میں تہجد کا وقت ہو جاتا ہے میرے استاد گرامی جیسے ہی کمرے میں داخل ہوتے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے۔ موسم میں میٹھا خربوزہ دیکھنا صحت و منفعت کی علامت ہے بیمار کے لئے شفا ، کمزور کے لئے طاقت کی علامت ہے۔ اگر کوئی طالبِ علمِ دین دیکھتا ہے تو حصولِ علم میں آسانی کی دلیل ہے۔ البتہ اسباب کو ضرور اختیار کریں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code