آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سیرت

کتب کا تعارف

آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سیرت

*مولانا منعم عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2023

اللہ پاک کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  اس کائنات کے سب سے جامع اور اکمل ترین انسان ہیں۔ اعلیٰ انسانیت کا وہ کون سا وصف ہے جو آپ کی ذات میں نہیں پایا جاتا۔ آپ کی سیرت کا امتیاز ہے کہ اس میں زندگی کے ہر گوشے سے متعلق راہنمائی موجود ہے۔ اسی لئے قراٰنِ کریم میں آپ کی سیرت کو تمام لوگوں کے لئے  ” اسوۂ حسنہ “  قرار دیا گیا۔ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت پر ہر دور میں کئی زبانوں میں مختلف پہلوؤں پر مقالات ، مضامین اور کتابیں تصنیف کی گئی ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری و ساری ہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ! اسی سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے تحقیقی ادارے المدینۃُ العلمیہ ( اسلامک ریسرچ سینٹر )  میں شعبہ سیرت النبی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس شعبے کی سیرت مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے متعلق پہلی کاوش کتاب  ” آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سیرت “  ہے۔ کتاب لکھنے کی وجہ : یہ کتاب کیوں لکھی گئی ، پیشِ لفظ میں اس کی وجہ یوں درج ہے : دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حضرت مولانا حاجی محمد عمران عطّاری  زِید مَجدُہ نے ادارۂ تصنیف و تالیف المدینۃ العلمیہ  ( Islamic Research Center )  سے اس خواہش کا اظہار فرمایا کہ اللہ کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مُقدَّس سیرت پر ایک ایسی مختصر کتاب مرتب کی جائے جو آسان زبان و بیان پر مشتمل ہو ، تاکہ عوامُ النّاس بالخصوص بچّوں اور نوجوان نسل  ( Younger Generation )  یعنی اسکول اور کالج کے طلبا کے لئے اس کا پڑھنا آسان ہو۔ ( آخری نبی کی پیاری سیرت ، ص11رنگین ایڈیشن ) یوں ان کی خواہش پر اس کتاب کو تالیف کیا گیا۔ کتاب کی چند خصوصیات : * Two Colorsمیں کتاب 147 صفحات پر مشتمل ہے * یہ کتاب نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ مبارکہ کی بنیادی باتوں سے روشناس کراتی ہے * کتاب کی زبان سادہ اور آسان ہے * اسلوب ایسا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ پڑھنے والے کے لئے واقعات کو تصور کی نگاہ سے دیکھنا آسان ہو * بچپن اور جوانی وغیرہ کے ایسے واقعات جو عموماً کم بیان کئے جاتے ہیں وہ بھی شاملِ کتاب ہیں * مستند کتب سے حاصل ہونے والے نتائج پیش کئے گئے ہیں * سیرتِ طیبہ سے متعلق مقامات کی جدید معلومات  ( محلِّ وقوع ، مکہ یا مدینہ سے  بائی روڈ فاصلہ ، موسم اور موجودہ نام وغیرہ )  سمیت مختلف مقامات کی تصاویر اور مقاماتِ غزوات کے بعض نقشوں کی شمولیت نے کتاب کو چار چاند لگا دیئے ہیں * حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی 63 سالہ حیاتِ مبارکہ کو ماہ و سال کے آئینے میں دیکھنے کے لئے مختصر تاریخی جدول بھی مرتب کیا گیا ہے جوکہ اس کتاب کا آخری باب ہے۔ کتاب کی مقبولیت : کتاب کی بے پناہ مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس کا رنگین ایڈیشن زیرِ اشاعت ہے۔ اردو زبان میں اب تک اس کے پانچ ایڈیشن ( پہلا20 ہزار ، دوسرا20 ہزار ، تیسرا10 ہزار ، چوتھا15 ہزار اور پانچواں 20 ہزار کی تعداد میں ) شائع ہو چکے ہیں جبکہ ہند میں بھی ایک اردو ایڈیشن 21 سو کی تعداد میں شائع ہو چکا ہے۔ کتاب کا انگریزی ترجمہ 3 ہزار کی تعداد میں پرنٹ ہو چکا ہے ، سندھی ترجمہ آن لائن دستیاب ہے جبکہ پشتو اور رومن میں ٹرانسلیشن جاری ہے۔ مختلف زبانوں میں ایسی مانگ کتاب کی مقبولیت کی واضح دلیل ہے۔ خصوصی اعزاز : وفاقی وزارت برائے مذہبی امور حکومتِ پاکستان کے تحت مقابلہ کتبِ سیرت بابت سن 1444ھ مطابق 2022ء میں اس کتاب کو بچّوں کی کیٹیگری میں پہلے انعام کا حق دار قرار دیا گیا اورمصنفِ کتاب حضرت مولانا محمد حامد سراج عطّاری مدنی صاحب کو اعزازی شیلڈ ، سرٹیفکیٹ اور  انعام سے نوازا گیا۔ آپ بھی ایسی مقبولِ عام کتاب کا مطالعہ فرمائیں اور سیرتِ طیبہ کے نور سے اپنے قلوب جگمگائیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ سیرت مصطفےٰ المدینۃ العلمیہ   Islamic Research Center


Share