آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں
بہترین کون ؟
*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2023
ہمارے پیارے اور آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ یعنی تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جس نے قراٰن سیکھا اور سکھایا۔ ( بخاری ، 3 / 410 ، حدیث : 5027 )
پیارے بچّو ! قراٰنِ پاک پڑھنا پڑھانا ، سننا سنانا ، دیکھنا اور چھونا سب ثواب کے کام ہیں ، قراٰنِ پاک کا ایک حرف پڑھنے سے دس نیکیاں ملتی ہیں ، قراٰنِ پاک اپنے پڑھنے والے کی شفاعت کر کے اسے جنّت میں لے جائے گا۔
بچّوں کا قراٰنِ پاک سیکھنا ، پڑھنا اُمّت کے لئے بھی بہت بڑی خیر و برکت اور بھلائی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے جیسا کہ حضرت عبدُاللہ بن عیسیٰ رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں : یہ اُمّت ہمیشہ خیر و بھلائی پر ( یعنی نیکی کے کام کرتی ) رہے گی جب تک ان کے بچے قراٰنِ کریم کی تعلیم حاصل کرتے رہیں گے۔ ( حسن التنبہ ، 10 / 235 )
اچھے بچّو ! بچپن میں قراٰن سیکھنا آسان ہوتا ہے اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم اللہ پاک کو راضی کرنے اور ان فضائل کو حاصل کرنے کے لئے قراٰنِ پاک پڑھنا سیکھیں۔ قراٰنِ پاک سیکھنے کا ایک ذریعہ دعوتِ اسلامی کے مدارسُ المدینہ بھی ہیں جن میں بچوں کو بغیر کسی فیس کے فری میں قراٰنِ پاک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ نیز گھر بیٹھے قراٰنِ پاک کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے فیضان آن لائن اکیڈمی میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں ۔
اللہ پاک ہمیں قراٰنِ کریم سیکھنے اور دُرُست مَخارِج کے ساتھ قراٰنِ پاک پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments