اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل
*مفتی محمد ہاشم خان عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2023
( 1 ) عورت کے بالوں کا پردہ
سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عورت نقاب والا برقع کرتی ہے تمام بد ن اس کا چھپا ہوتا ہے لیکن وہ اپنے سر کے لٹکتے بال برقع سے باہر نکال لیتی ہے جو پیچھے سے نظر بھی آتے ہیں ، سوال یہ ہے کہ عورت کے لٹکتے ہوئے بال ستر میں شامل ہیں یا نہیں اور سر کے لٹکتے بال برقع سے باہر نکالنے کی وجہ سے عورت گنہگار ہوگی یا نہیں برائے کرم اس کے متعلق رہنمائی فرمائیں ؟
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
عورت کےسر پر موجود بال اور سر سے لٹکتے ہوئے دونوں سترِ عورت میں شامل ہیں ، عورت پر ان تمام کا پردہ فرض ہے ، اجنبی مردوں کے سامنے ان کو کھولنا ، ظاہر کرنا ، ناجائز و حرام ہے بلکہ فقہائے کرام نےعورت پر اس بات کو بھی لاز م کیا ہے کہ کنگھا کرنے یا سر دھونے میں جو بال سر سے جدا ہو جائیں انہیں بھی کہیں چھپادے تاکہ ان پر اجنبی کی نظر نہ پڑے لہٰذا اگر کوئی عورت برقع کرنے کے باوجود سرسے لٹکتے ہوئے بالوں کو برقع سے باہر کھلا چھوڑ دے کہ ان پر اجنبی مَردوں کی نظر پڑے تو وہ اس عمل کی وجہ سے گنہگار ہو گی ، اس پر لازم ہے کہ اپنے بالوں کو چھپائے ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
( 2 ) دورانِ عدت نیا لباس پہننا
سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہندہ خلع کی عدت میں ہے ، دورانِ عدت اس نے زینت کے طور پر نیا لباس پہنا۔دریافت طلب یہ امر ہے کہ کیا ہندہ عدت میں نیا لباس پہننے کی وجہ سے گنہگار ہوئی ؟
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
خلع سے طلاقِ بائن واقع ہوتی ہے اور طلاقِ بائن کی عدت میں عورت کے لئے زینت اختیار کرنا ناجائز ہے خواہ خوشبو کے ذریعے زینت اختیارکرے یا نیا کپڑا پہننے کے ذریعے یا اس کے علاوہ کسی اور طریقے سے۔ لہٰذا دریافت کی گئی صورت میں جب ہندہ نے خلع کی عدت میں ایسا نیا کپڑا پہناہے جس کا پہننا شرعاً یا عرفاً زینت سمجھا جاتا ہے تو ہندہ ناجائز فعل کی مرتکب ہونے کی وجہ سے بلاشبہ گنہگار ہوئی ، اس پر توبہ لازم ہے ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* شیخ الحدیث و مفتی دارُالافتاء اہلِ سنّت ، لاہور
Comments