فیضانِ فارقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ

فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم: مجھے اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے، جس راستے سے تم گزرو گے، اس راستے سے شیطان نہیں گزرے گا بلکہ دوسرے راستے سے جائے گا۔(بخاری،ج2،ص403،حدیث:3294) پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے یہ کلمات اُس عظیم ہستی کے لئے ہیں جسے خلیفۂ ثانی امیرُ الْمؤمنین حضرتِ سَیّدُنا عُمَر فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کے نام و لقب سے جانا اور پہچانا جاتا ہے۔ آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی حیاتِ مبارَکہ ایسی ہمہ جہت ہے کہ ہر پہلو قابلِ مطالعہ اور لائقِ اِتِّباع ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غیر مسلم مُفَکّرین نے بھی آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی زندگی بالخصوص آپ کے دورِ حکومت کو ایک مثالی دور قرار دیا ہے۔ مزید تفصیل کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ دو جلدوں (1720صفحات) پر مشتمل تالیف ”فیضانِ فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ“  کا مطالعہ کیجئے۔ جس کے مضامین کی ترتیب و ابواب بندی اور معانی بیان کرنے کے لئے آسان اور مناسب الفاظ کا انتخاب دعوتِ اسلامی کی عظیم علمی و تحقیقی مجلس المدینۃُ العلمیۃ  کے شعبہ فیضانِ صحابہ و اہلِ بیت کے مَدَنی اسلامی بھائیوں نے محنت و لگن سے کیا ہے۔ حضرتِ سیّدنا عمرفاروق اعظمرضی اللہ تعالٰی عنہ کی سیرت و کردار پر یوں تو بہت سی کُتُب موجود ہیں لیکن مُعتَمَد و مُستَنَد مواد کے ساتھ اُردو زبان میں اتنی بہترین کتاب شاید کہیں اور نہ مل سکے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ دعوتِ اسلامی کی مجلس المدینۃُ العلمیۃ نے فیضانِ صحابۂ کرام عام کرنے کے لئے ان کی مقدّس زندگیوں پر اُردو زبان میں کام شروع کرکے بہت اہم قدم اٹھایا ہے۔

”فیضانِ فاروقِ اعظم(رضی اللہ تعالٰی عنہ)“ کی پہلی جلد 19 ابواب پر مشتمل ہے۔ جس میں آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی پیدائش سے لے کر شہادت تک کے واقعات بیان کئے گئے ہیں جبکہ دوسری جلد میں آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے سنہری دورِ خلافت کو بالتفصیل 14 ابواب کے تحت بیان کیا گیا ہے، جن میں سے چند کے نام یہ ہیں:(پہلی جلد) ٭فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کا عشقِ رسول ٭موافقاتِ فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ ٭اَوّلِیَّات فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ ٭شانِ فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ بزبانِ اکابرِ اُمّت٭شانِ فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ بزبانِ مُسْتَشْرِقِیْن۔ (دوسری جلد)٭خِلافتِ فاروقِ اعظمرضی اللہ تعالٰی عنہ ٭بعدِ خلافت ابتدائی معاملات ٭عہدِ فاروقی کا شورائی نظام ٭عہدِ فاروقی کا نظامِ عدلیہ ٭عہدِ فاروقی کا نظامِ احتساب ٭عہدِ فاروقی میں محکمۂ پولیس وفوج ٭عہدِ فاروقی میں عِلْمی سرگرمیاں۔

پہلی جلد کے آخر میں حیاتِ فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ اور دوسری کے آخر میں ”خلافتِ فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ تاریخ کے آئینے میں“ کے عنوان سے آپ کی زندگی مُبارَک کو اجمالاً بیان کیا گیا ہے۔ جس سے ایک نظر میں آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی سیرت کو دیکھا جاسکتا ہے۔ کتاب میں جدید عِلْمی اُسْلُوب اختیار کیا گیا ہے۔ مُحَقِّقِین اور عام قارئین کے لئے اجمالی اور تفصیلی دونوں طریقے سے فہرست تیار کی گئی ہے۔ آخر میں مآخذ و مراجع کی فہرست بھی دی گئی ہے جس میں ترتیبِ زمانی (ترتیب وار سال) کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ اس کتاب کو دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net سے پڑھا اور ڈاؤن لوڈ (Download) بھی کیا جاسکتا ہے۔

اللّٰہ تعالٰی اس کتاب کے مُؤَلِّفِین اور مُعَاوِنِیْن کی کوششوں کو قبول فرمائے اور بشمول قارئین سب کے لئے توشۂ آخرت بنائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code