عاشقِ صدائے مدینہ کے لئے حکمت بھرے مَدَنی پھول:
ایک اسلامی بھائی مائیک(Mic)یا میگا فون (Megaphone) پر
صدائے مدینہ لگاتے تھے، انہوں نے نگرانِ شوریٰ کے نام صَوتی پیغام (Audio Message) میں اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا:اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مدظلہ العالی نے 11 اگست 2017 کو مدنی چینل پر ہونے والے سلسلے ”مثالی معاشرہ“ میں بیان
فرمایا کہ دعوتِ اسلامی کے تحت مائیک یا میگا فون پر صدائے مدینہ لگانا منع ہے تو
اس سلسلے میں مجھے لگا کہ مائیک یا میگا فون پر صدائے مدینہ لگانے میں اپنے پیرِ
طریقت کی نافرمانی کے پہلو نمایاں ہیں لہٰذا میں اپنے اس فعل سے توبہ کرتا ہوں اور
امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی بارگاہ میں بھی معافی کا طلبگار ہوں۔ اگر آپ کے
ذریعے سے میری یہ عرض امیرِ
اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ تک پہنچ جائے
اور مجھے معافی مل جائے تو میرے دل و دماغ کو سکون مل جائے گا۔
(امیرِ اَہلِ سنّتدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ تک جب یہ پیغام پہنچا تو فرمایا:)
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ
عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ
محمد الیاس عطّاؔر قادِری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی
جانب سے عاشقِ صدائے
مدینہ! اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ چھ6 سات7 سال سے صدائے
مدینہ لگا رہے ہیں، مرحبا! بیٹا! مجھے ایک بار کسی نے بتایا کہ ہم میگا فون
(Megaphone) پر صدائے مدینہ دیتے تھے تو ایک دن
ہمارے انتظار میں ایک آدمی کھڑا ہوا تھا اور اس نے ہمیں اشارہ کیا اور کہا
کہ میگا فون نہیں چلانا، میرا بچہ بڑی مشکل سے سویا ہے وہ جاگ جائے گا، ہم نہیں
مانے ہم سمجھے کہ یہ ”وہ“ ہے! دوسرے دن وہی شخص گلی کے کنارے کھڑا ہوا تھا اور ہم سے منتیں کررہا تھا کہ ہم میگا
فون (Megaphone) نہیں چلائیں، جب اس اسلامی
بھائی نے مجھے اس طرح کا قصہ
سنایا تو میری سمجھ میں آگیا اور میں نے کہا کہ اچھا ایسا معاملہ ہے تو صحیح
ہےصدائے مدینہ لگانے کے لئے میگا فون کی ضرورت ہی کیا ہے؟ بچے تو بچے ہیں اور بچوں
پر نماز فرض بھی نہیں ہے، پھر بے چارے
مریض جو نہ جانے کس تکلیف میں مبتلا ہوں اور وہ اسلامی بہنیں جو اوّل وقت میں
نمازِ فجر پڑھ کر سوئی ہوں کیونکہ ان کے لئے نمازِ فجر اوّل وقت میں
پڑھنا مستحب ہے اور انہیں جماعت سے
نماز پڑھنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ ہمیں ایسا میگا فون (Megaphone) نہیں
چاہئے کہ جس سے اسلامی بہنوں، مریضوں اور بچوں کو تکلیف ہو، یوں میں نے مَدَنی
چینل کا دور آنے سے پہلے ہی میگا
فون پر صدائے مدینہ لگانے کی ممانعت کے اعلانات کئے اور اس پر پابندی لگا دی تھی۔
ہوسکتا ہے مدنی چینل کے دور میں بھی کسی سوال کے جواب میں یا پھر کوئی ایسی بات
چلی ہو کہ جس میں مَیں نے میگا فون پر صدائے مدینہ لگانے سے منع کیا ہو۔ میری اس
میں کوئی حق تَلَفی نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی اس میں میرا کوئی حقُّ العبد ہے
کہ میں معاف کروں گا تو معاف ہوجائے گا۔ اللہ نہ
کرے اس میں اگر کسی بندے کا حق تَلَف ہوا ہو، تو پھر توبہ بھی کرنی ہے اور اُس سے
معافی بھی مانگنی ہے۔ میگا فون استعمال کرنا فی نفسہٖ کوئی گناہ کا کام نہیں ہے
مگر یہ نیندیں خراب کرتا ہوگا، کوئی عبادت یا تلاوت کر رہا ہو اور ہمارے میگا فون
کی زوردار آواز اُس کے کانوں سے ٹکرائے گی تو اس کو تشویش ہوسکتی ہے، اللّٰہ تعالٰی کرم
فرمائے اور ہمارے گناہ معاف فرمائے، اگر آپ کو پتا ہے کہ اس کی وجہ سے فلاں فلاں
کو تکلیف پہنچی ہے تو ان سے معافی مانگنی ہوگی نہ کہ مجھ سے، بیٹا! میں تو آپ سے
متأثر ہوا ہوں کہ مَا شَآءَ اللّٰہ!
آپ چھ6 سات7 سال سے صدائے مدینہ لگا رہے ہیں اور یہ چھوڑنا
نہیں، بغیر میگا فون کے جاری رکھنا اور ہاں! میگا فون کے بغیر بھی ایسی گلا پھاڑ
آواز نہ ہو کہ جس سے خود کو یا کسی اور کو تکلیف ہو یا نیچے کا گھر ہو اور بچہ چونک
کر جاگ جائے لہٰذا موقع کی مناسبت سے اعتدال کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے صدائے
مدینہ لگائی جائے کہ ہر چیز میں اعتدال اچھا ہوتا ہے، اپنے کو بھی تکلیف نہ ہو اور
دوسروں کو بھی تکلیف نہ ہو۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
سیلاب زدگان کے لئے دعائے عافیت
اگست 2017 میں بہار (یوپی،ہند) کے کئی شہروں میں
آنے والے سیلاب میں (ہند، ارشدی
کابینات کی جمالی کابینہ کے) نگرانِ کابینہ مفتی حبیبُ الرحمٰن نظامی صاحب سمیت دیگر کئی اسلامی بھائیوں کے گھر متأثر ہوئے،
مبلغِ دعوتِ اسلامی حاجی محمود عطاری نے رُکنِ
شوریٰ کے توسّل سے امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی بارگاہ میں بذریعہ صَوتی پیغام دعا کی مدنی التجا کی، جس پر امیرِ اَہلِ
سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صَوتی پیغام کے ذریعے فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ
عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ
مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادِری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مبلغِ
دعوتِ اسلامی مفتی حبیب الرحمٰن نظامی، مبلغِ دعوتِ اسلامی حاجی محمود عطاری! اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
حاجی عماد کے ذریعے آپ حضرات کے صوتی پیغامات سامعہ
نواز ہوئے اور تحریری پیغام بھی ملا کہ بہار (یوپی،ہند) کے عاشقانِ رسول اور ان کے
گھر والے آزمائش و تکلیف میں مبتلا ہیں، بڑے دُکھ کی بات ہے، امتحان کا وقت ہے، اللہ پاک تمام عاشقانِ رسول پر رحمت کی نظر فرمائے اور یہ پانی
بغیر کوئی تباہی مچائے گزر جائے، پیارے حبیب صلَّی اللہ
تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے میں آپ سب پر رحم وکرم ہو، صَبْر و ہمّت سے
کام لیجئے اللّٰہ تعالٰی مہربانی
فرمائے گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے قراٰنِ پاک کی ایک منزل پڑھنے والی اسلامی بہن کو صوتی پیغام کے ذریعے دعاؤں اور حوصلہ افزائی سے نوازتے ہوئے کچھ یوں ارشاد
فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ
عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ
مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادِری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی
جانب سے میری مَدَنی بیٹی حافظہ، مُدرِّسہ، مُبلّغہ،۔۔۔
بنتِ غلام حسین عطاریہ مدرسۃ المدینہ للبنات، شعبۂ حفظ، باب المدینہ (کراچی)
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
آپ کے شعبے سے متعلق رُکنِ شوریٰ نے مجھے یہ خوشخبری دی کہ مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ روزانہ قراٰنِ کریم کی ایک منزل کی تلاوت کرتی ہیں، مرحبا! مرحبا!
مرحبا! دل بڑا خوش ہوا، اللّٰہ تعالٰی قراٰنِ
کریم کی برکتوں سے آپ کو مالا مال فرمائے، آپ کا سارا خاندان اس سے فیض یاب ہو، آپ
بے حساب مغفرت سے مشرف ہوں، آپ کو دونوں جہاں میں صاحبِ قراٰن صلَّی اللہ
تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی برکتیں نصیب ہوں اور اللّٰہ کرے دیگر اسلامی بہنوں کو بھی
قراٰنِ کریم کی تلاوت کا شوق پیدا ہو، بے چاری مَدَنی مُنِّیاں قراٰنِ کریم حفظ کرتی ہیں، پھر بڑی ہوکر امورِ خانہ
داری میں مشغول ہوجاتی ہیں تو شاید ان میں کئی ایسی ہوں گی جنہیں حفظ بھلا دیا
جاتا ہوگا لہٰذا ہر حافظہ کو کوشش کرنی چاہئے کہ روزانہ کم اَز کم ایک پارہ ضرور پڑھے بلکہ آپ روزانہ ایک منزل پڑھنے کی
تحریک چلائیں۔اللہ کرے
کہ یہ پڑھنے میں کامیاب ہوجائیں، قراٰنِ پاک پڑھنے کی جتنی عادت ہوگی اتنا ہی
پڑھنے میں وقت بھی کم لگے گا،
قراٰنِ کریم کی برکتوں سے پڑھنا بھی سَہْل (یعنی آسان) ہوجائے گا، تلاوت میں دل بھی لگ جائے گا اور پھر قراٰنِ
کریم کی برکت سے خود بخود بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے یہاں تک کہ قراٰنِ کریم کی
تلاوت کی مصروفیت کی وجہ سے اگر دعا کا موقع نہیں ملا تو بھی حاجات پوری ہوجائیں
گی جیسا کہ حدیثِ قدسی میں ہے: ’’ربّ تعالیٰ فرماتا ہے جسے قراٰنِ مجید کی تلاوت،
ذکر و دعا کی مہلت نہ دے میں اُسے مانگنے والوں سے زیادہ عطا کروں گا۔‘‘(ترمذی،ج 4،ص425، حدیث: 2935)
جب جب قراٰنِ کریم ختم ہو اور آپ کو یاد آجائے تو میرے
مرحوم امّی ابُّو، بھائی بہنوں اور دیگر عزیزوں کے ساتھ مجھے بھی ایصالِ ثواب
ہوجائے تو مدینہ مدینہ کہ ایصالِ ثواب زندوں کو بھی ہوتا ہے۔ بے حساب مغفرت کی دعا
کا ملتجی ہوں۔(امیر اہل سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے مذکورہ اسلامی بہن کو تحفۃً 100 روپے بھجوانے کی بھی
ترکیب فرمائی)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭…٭
ذمّہ داری قبول کرنے پر دعاؤں سے نوازا!
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ
عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ
محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے
میٹھے میٹھے مدنی بیٹے جنید بن زم
زم!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ
اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
مَا
شَآءَ اللّٰہ!آپ نے مدنی انعامات کی ذمہ داری بلکہ ذمہ داریاں قبول فرمائیں،مرحبا!
مدنی انعامات عام کرنے میں آپ کے ابُّو کا بہت بڑا کردار ہے، بس اب آپ نے
بھی اپنے ابُّو کے نقشِ
قدم پر چل کر کچھ کر دکھانا ہے، ابھی تو شروعات ہے آپ نے بہت کچھ کرنا ہے۔ اللّٰہ تعالٰی آپ کو استقامت، برکت، اخلاص نصیب کرے، آپ کا دل لگا دے اور
آپ کو بے حساب بخشے، میرے لئے بے حساب مغفرت کی دعا کرتے رہئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
٭…٭…٭…٭…٭
Comments