پیغاماتِ امیرِ اہلِ سنّت
برماکےمظلوم مسلمانوں کےمتعلق پیامِ عطار
(شیخِ طریقت امیراہل سنت حضرت علامہ مولانامحمدالیاس عطارقادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ)
محرم الحرام1439
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّارقادِری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے تمام عاشقانِ رسول کی خدمات میں :
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
اے میرے میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! آہ! جدھردیکھو مسلمان ظلم و اِسْتِبْداد کا نشانہ بنائے جارہے ہیں ، خصوصاً آج کل برما میں مسلمانوں کو بے دریغ شہید کیا جارہا ہے ، ان کے بچوں کو ان کی ماؤں کے سامنے زندہ آگ میں جھونکا جارہا ہے ، نوجوانوں کو پکڑ کر بےدردی سے ذبح کیا جارہا ہے ، عورتوں کی عزّتیں لوٹ کران کو بھی نذرِ آتش کیاجارہا ہے اوریہ ظلم وستم منظّم طور پر ہورہاہے۔
اے عاشقان ِ رسول! جس سے ہو سکے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مظلوم دُکھیارے غلاموں کی ضرور حاجت روائی کرے۔ سرکارِدوجہان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ عالیشان ہے :
“ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے ، نہ اس پر ظلم کرتا ہے نہ ہی اسے قید کرتا ہے ، جو کوئی اپنے بھائی کی حاجت پوری کرتا ہے اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کی حاجت پوری فرماتا ہے اور جو کسی مسلمان کی ایک پریشانی دور کرے گا اللہ عَزَّوَجَلَّ قیامت کی پریشانیوں میں سے اُس کی ایک پریشانی دور فرمائے گااور جو کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے (یعنی عیب چھپائے) گا اللہ عَزَّوَجَلَّ قیامت کے روز اس کی پردہ پوشی فرمائےگا۔ “
(مسلم ، ص1069 ، حدیث : 6578)
جنسے ہوسکے ضرور ان کی اِمداد کرے ، اس آڑے وقت میں ان کا ساتھ دے۔ فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے :
“ بے شک اللہ عَزَّوَجَلَّ نے کچھ قوموں کو بعض نعمتیں عطا کی ہیں جنہیں وہ اس وقت تک ان کے پاس رکھتا ہے جب تک وہ مسلمانوں کی حاجت روائی کرتے رہتے ہیں اور جب وہ انہیں مسلمانوں پر خرچ نہیں کرتے تو اللہ عَزَّوَجَلَّ وہ نعمتیں دوسروں کی طرف منتقل فرمادیتاہے۔ “ (مجمع الزوائد ، 8 / 351 ، حدیث : 13713)
اےاللہ عَزَّوَجَلَّ !پیارے حبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا واسطہ!برما کے مظلوم مسلمانوں کی غیب سے مدد فرما۔ اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !ان کی حفاظت فرما ، ان کے شہیدوں کو بے حساب مغفرت سے مُشَرَّف فرما ، جو زندہ ہیں ان کی حفاظت فرما اورجو زخمی ہیں ان کو دَر دَر کی ٹھوکروں سے بچا۔ اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ! ان بے چاروں پر رحم فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
اے خاصۂ خاصانِ رُسُل وقتِ دعا ہے
اُمّت پہ تِری آکے عَجَب وقت پڑا ہے
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
18ذولحجۃ الحرام 1438ھ
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ!دعوتِ اسلامی کے مبلغین نے برما سے ہجرت کرکے بنگلہ دیش پہنچنے والے مُہاجِرین سے ان کے کیمپوں میں جاکر ملاقات کی ، صبْرو ہمّت کی تلقین کی اور ان میں اِمدادی سامان بھی تقسیم کیا۔
Comments