سفرِ دُنیا کے وقت سفرِ آخرت کی یاد
شیخِ طریقت،امیرِاہلِ سنّتدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے محرمُ الحرام1439ھ بمطابق 04اکتوبر2017ء کو بیرونِ مُلک روانہ ہونے سے پہلے سوشل میڈیا کے ذریعے اسلامی بھائیوں کو فکرِ آخرت سے بھرپور یوں تحریری پیغام بھیجا:
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ!آج بیرونِ مُلک روانگی ہے،آہ! عنقریب وہ دن بھی آنے والا ہے جس میں مُلکِ عَدَم (یعنی مرنے کےبعدجہاں روحیں رہتی ہیں اُس مقام)کو روانگی ہوگی،آہ!الموت۔۔۔آپ گواہ رہئے کہ میں نے احتیاطی توبہ و تجدیدِ ایمان کرکے ہر گناہ و مَعْصِیَت سے بھی توبہ کرلی ہے۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا مُلْتَجی ہوں۔کاش! مدینے میں شہادت ملے۔
خدایا بُرے خاتِمے سے بچانا
پڑھوں کلمہ جب نکلے دم یاالٰہی!
(وسائلِ بخشش مُرَمَّم، ص110)
نفس و شیطٰن کی شرارتوں سے بچنے کی دعا
بیرونِ وطن پہنچنے کے بعدسوشل میڈیاکےذریعے عاشقانِ رسول کو دیئے جانے والے تحریری پیغام میں اپنے بیرونِ مُلک پہنچنے کی اطّلاع اس طرح دی:
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ!میں بیرونِ وطن اپنی منزِل پر پہنچ گیا ہوں، آہ!زادِ راہ میں غَفلت و لذّتِ نفس بھی ساتھ آگئے ہیں! دعا فرمائیے کہ نفس و شیطٰن کے شُرور و فِتَن سے بچا لیا جاؤں۔۔۔ آہ! ورنہ ہلاکت۔۔۔یاربَّ المصطفٰے! تیری رحمت
سے مایوسی نہیں۔
نفس و شیطان ہوگئے غالب
ان کے چُنگل سے تُو چُھڑا یا ربّ!
(وسائلِ بخشش مُرَمَّم، ص79)
مدنی قافلے کے مسافروں کو وقت دیجئے
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادِری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مع السلام عرض ہے: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ دعوتِ اسلامی کا سنّتوں کی تربیت کیلئے مَدَنی قافِلہ آپ کے یہاں تشریف لایا ہے۔ یہ راہِ خداعَزَّوَجَلَّمیں نکلے ہوئے مسافر اب آپ کے مہمان ہیں، لہٰذا تمام ذمّہ دار اسلامی بھائی ان کے ساتھ بھرپور تعاون فرمائیں، جی ہاں! یہ آپ سے نہ کھانا مانگتے ہیں نہ پیسا کہ دعوتِ اسلامی والے کسی سے سُوال نہیں کیا کرتے۔ یہ صرف آپ سے آپ کے قیمتی وقت کے طلبگار ہیں۔ میری طرف سے تاکید ہے کہ بشمول نگران،قافلہ نگران، ذیلی نگران اور جملہ ذمّہ داران ان کے پاس زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔یادرکھئے! جو اطاعت نہیں کرتے وہ عظمت نہیں پاسکتے۔
Comments