مدینۂ منورہ زَادَہَا اللہُ شَرَفاً وَتَعْظِیْماً میں کچھ غریب گھرانے تھے جن کے کھانے پینے کا انتظام راتوں رات ہو جاتا اور دینے والےکا پتا بھی نہیں چلتا تھا۔ وقت گزرتا رہا اور شہرِ مدینہ میں سو (100) کے قریب گھروں کو اَن دیکھے ہاتھوں سے سامانِ زندگی ملتا رہا۔ پھر ایک عظیم ہستی کا انتقال ہوا، ساتھ ہی اُن فقرائے مدینہ کو راشن ملنا بھی بند ہوگیا۔ تب ظاہر ہوا کہ پوشیدہ صدقہ کرنے والے وہ عظیم بزرگ حسینی سادات کے جدِّ امجد، نواسۂ رسول کے فرزندِ دلبند، حضرت سیِّدُنا امام زینُ العابدین علی اوسط رحمۃُ اللہِ تعالٰی علیہتھے۔(حلیۃ الاولیاء،ج3،ص160ماخوذاً)ولادت اور نامِ نامی: آپ کی ولادت38سن ہجری کو مدینۂ منورہ میں ہوئی۔آپ کا نام”علی“ رکھا گیا اور کثرتِ عبادت کے سبب سجّاد اور زینُ العابِدِین (یعنی عبادت گزاروں کی زِینت) کے لقب سے مشہور ہوئے۔ آپ کی کنیت ابوالحسن ہے۔(الاعلام،ج4،ص277 ملتقطا)پرورش و تربیت: آپ 2 سال اپنے دادا حضور حضرت سیِّدُنا مولا مشکل کشا، علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم کی پرورش میں رہے، 10 سال اپنے تایا جان حضرت سیِّدُنا امامِ حَسَن مجتبیٰرضی اللہ تعالٰی عنہ کی تربیت میں رہے اور پھر تقریباً 11 سال والدِ ماجد حضرت سیِّدُنا امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ کی زیرِ نگرانی عُلوم ومَعرِفَت کی منازل طے کیں۔(شرح شجرۂ قادریہ، ص52) اخلاق وعادات:آپ خلفائے راشدین رضی اللہ تعالٰی عنہم کے عقیدت مند اور علمِ دین کے بے حد شائق تھے، شبہ والی چیزوں سے دامن بچاتےتھے، آپ کی عادات میں صلۂ رحمی، سخاوت اور پوشیدہ صدقہ کرنا شامل تھا۔ (سیر اعلام النبلاء،ج 5،ص333تا 340ماخوذاً) خوفِ خدا: حضرت سیِّدُنا امام زین العابدین علیہ رحمۃ اللہ المُبِینبہت تقویٰ اور خوفِ خدا کے حامل تھے، جب وضو کرتے تو خوف کے مارے چہرے کا رنگ زرد پڑ جاتا تھا، گھر والوں نے پوچھا کہ آپ پر وضو کے وقت یہ کیفیت کیوں طاری ہوجاتی ہے؟ تو فرمایا: تمہیں معلوم ہے کہ میں کس کے سامنے کھڑاہونے جا رہا ہوں؟(احیاء علوم الدین،ج4،ص227)عفوو درگزر:ایک مرتبہ کنیز آپ کو وضو کروارہی تھی کہ اس کے ہاتھ سے برتن چھوٹ کر آپ کے چہرے سے ٹکرایا جس سے چہرہ زخمی ہوگیا، آپ رحمۃُ اللہِ تعالٰی علیہ نے سر اُٹھا کر اُس کی طرف دیکھا ہی تھا کہ اُس نے عفو ودرگزر کی فضیلت پر مشتمل ایک آیتِ مبارکہ پڑھ دی، جسے سن کر آپ نے نہ صرف اسے معاف کیا بلکہ ارشاد فرمایا: جا! تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا کے لئے آزاد ہے۔(تاریخ ابن عساکر،ج41،ص387ملخصاً)میدانِ کربلا: میدانِ کربلا کی طرف جانے والے حسینی قافلے میں آپ رحمۃُ اللہِ تعالٰی علیہ شامل تو تھے لیکن بیمار تھے، اس لئے یزیدی لشکر آپ کو شہید کرنے سے باز رہا۔ حسینی سادات کی نسل آپ رحمۃُ اللہِ تعالٰی علیہسےہی آگے بڑھی۔(تاریخ الاسلام للذہبی،ج6،ص432 ملتقطاً) آپ سے بہت سے تابعینِ کرام نے علم حاصل کیا اوراحادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔وفات و مزار:حضرت سیِّدُنا امام زینُ العابدینعلیہ رحمۃ اللہ المُبِین نے14 ربیع الاوّل 94 سن ہجری کو 56سال کی عمرمیں اس دارِ فانی سے کوچ فرمایا، مزار مبارک جنَّۃُ البقیع میں ہے۔(سیر اعلام النبلاء،ج5،ص341 ملتقطاً)
اللہ عَزَّوَجَلَّ کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت ہو،اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
سیّد سجاد کے صدقے میں ساجد رکھ مجھے
علمِ حق دے باقر علم ہدیٰ کے واسطے
Comments