مدنی کاموں کی دھومیں مچانے والوں کی حوصلہ افزائی، ہند کے جامعات المدینہ کے نام امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا پیغام

مدنی کاموں کی دھومیں مچانے والوں کی حوصلہ افزائی

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبَیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میرے میٹھے میٹھے پیارے پیارے نگرانِ کابینہ پاکستان حاجی شاہد عطاری اور ان کے تحت مدنی کاموں میں مصروف عاشقانِ رسول اور مدنی کاموں میں مصروف میرے پیارے پیارے مدنی بیٹوں کی خدمتوں میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

مَا شَآءَ اللّٰہ!آپ کی کاوشیں اللہ قبول فرمائے، جس کے مقدَّر میں زیادہ ہوتا ہے وہ زیادہ کام کرتا ہے، جس کی تقدیر میں کم وہ کم، بہرحال آپ سب مل کر میری دعوتِ اسلامی کو اَلْحَمْدُ للّٰہ چلا رہے ہیں۔ مجھے (پاکستان کے) مدنی قافلوں کی بھی کارکردگی ملی، مَا شَآءَ اللّٰہ تعداد بہت اچھی ہے، ہزاروں مدنی قافلوں نے سفر کیا، آپ حضرات کی مدنی عطیّات، قربانی کی کھالوں کیلئے کوششیں، جامعات المدینہ، مدارس المدینہ اور بارہ مدنی کاموں کے لئے بھاگ دوڑ اللّٰہ تعالٰی قبول فرمائے، خوب خوب اخلاص نصیب کرے۔اٰمین

یہ ذہن میں رکھئے گا کہ عمل کے لئے اخلاص ضروری ہے اور اخلاص کے ساتھ ساتھ کاش!حسنِ اخلاق بھی نصیب ہوجائے، ہماری گفتگو کاش!اس فرمانِ باری تعالٰی:) وَ قُوْلُوْا لِلنَّاسِ حُسْنًا (ترجمۂ کنزُ الایمان:”اور لوگوں سے اچھی بات کہو،“(پ1،البقرہ:83)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) کی برکتیں لیتی ہوئی ہوا کرے۔

میرے میٹھے میٹھے مدنی بیٹو!اس میں ہم لوگ کافی پیچھے ہیں، اس وقت بڑا ذہن بن رہا ہے لیکن بعد میں جب سَر پر آکر پڑتی ہے یا کچھ مزاج کے خلاف ہوجاتا ہے تو ہماری گفتگو جارحانہ ہوجاتی ہے اور پھر ہم سے نہ غیبت چھوٹتی ہے، نہ بدگمانی اور نہ ہی دل آزاری، پتا نہیں کیا کیا ہوجاتا ہے، ایسا نہ ہو۔ کاش! ہماری زبان پر” وَ قُوْلُوْا لِلنَّاسِ حُسْنًا اورلوگوں سے اچھی بات کہو،“  کی مدنی لگام پڑی رہے، کاش!میٹھا بولنا آجائے،  ہمارا میٹھا بول کسی کی تقدیر سنوار سکتا ہے اور ہمارا تیکھا بول کسی کی نسلیں برباد کرسکتا ہے۔

اللہ کرے دل میں اُتر جائے میری بات!

 خوب مل جُل کر سنّتوں کی خدمتیں کرتے جائیے، اللّٰہ تعالٰی آپ سب کو خوب برکتیں دے، اسلامی بھائیوں کی، ذمّہ داروں کی تعداد بھی بڑھاتے جائیے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ اپنا نعم البدل بھی تیار کرتا رہے کہ موت آنی آنی ہے، کب آئے گی کچھ نہیں پتا!نعم البدل ہوگا تو مدینہ مدینہ، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ یہ ہمارے لئے ثوابِِ جاریہ کا سبب ہوگا جبکہ ہم نے اسی مقصد کے لئے اس کو تیار کیا ہو، ذاتی دوستی کے لئے نہیں، (حظِ نفس کیلئے کی جانی والی) ذاتی دوستیاں نقصان کرتی ہیں اور مَدَنی کاموں میں بھی بڑی رُکاوٹیں بنتی ہیں۔ ہاں!دینی دوستیاں ہوں تو مدینہ مدینہ!لہٰذا سب کو دینی دوستیاں کرنی چاہئیں۔ خوب مدنی کام کرتے رہیں اور مجھ گنہگار کے لئے بے حساب مغفرت کی دعا فرماتے رہیں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

ہند کے جامعات المدینہ کے نام امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا پیغام

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبَیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے شہزادۂ عالی وقار، باپوئے آبرو دار سیّد ابو واصف عارف علی عطاری! جامعۃالمدینہ فیضانِ صدر الشریعہ بنارس! جامعۃالمدینہ فیضانِ مخدوم ابراہیم مانڈوی! جامعۃ المدینہ فیضانِ غریب نواز   فتح پور! جامعۃ المدینہ فیضانِ مخدوم اشرف جمّوں اور ہند کے تمام جامعاتُ المدینہ کے تمام اساتِذۂ کرام، طلبۂ کرام اور میرے تمام میٹھے میٹھے مدنی بیٹو!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ کے یہاں مدنی رسائل کے مطالعے کی دھوم دھام ہے، مرحبا! جن چار جامعۃ المدینہ کے نام میں نے ذکر کئے ان کی طرف سے سو فیصد کارکردگی ملی ہے کہ سب نے یہ رسائل پڑھ یا سُن لئے ہیں۔ دیگر جامعات المدینہ کی بھی کارکردگیاں ملی ہیں جن میں مدنی رسائل پڑھنے والوں کی تعداد کچھ میں کم ہے اور کچھ میں زیادہ، ہم سو فیصد ہی کا ہدف رکھیں کہ مدنی رَسائل کا مطالعہ کرنا بھی علمِ دین میں اضافے کا سبب ہے اور ہفتے میں ایک رِسالہ پڑھنا کوئی مشکل نہیں ہے، پڑھنے والے تھوڑی دیر مثلاً 12، 15، 20 منٹ میں پورا رِسالہ پڑھ لیتے ہیں ایک ہفتہ تو بہت ہے۔ میری تو خواہش ہے کہ زہے نصیب! روزانہ کم اَز کم ایک رسالہ پڑھ کر جتنے بھی رسالے مکتبۃ المدینہ نے چھاپے ہیں اُن سب کو ختم کرلیا جائے اور مَدَنی مذاکرے میں جو ہفتہ وار ایک رسالہ پڑھنے کیلئے دیا جائے وہ  پڑھنا بھی جاری رہے، مزید المدینۃُ العلمیۃ نے بڑی پیاری پیاری چھوٹی چھوٹی اسّی(80)، سو(100)، سوا سو (125)  اور ڈیرھ سو (150) صفحات کی کتابیں جاری کی ہیں ان کی بھی آپ ایک لسٹ بنا لیں اور یہ بھی باری باری پڑھیں، علمِ دین کا وہ خزانہ ہاتھ آئے گا جو آپ کو درسِ نظامی میں شاید نہیں ملے گا اور کامیاب عالِم وہی ہوتا ہے جو کثرت سے نِجی مطالعہ(Self-Study) کرے۔ فتاویٰ رضویہ شریف، بہارِ شریعت، فیضانِ سنّت، غیبت کی تباہ کاریاں، نیکی کی دعوت، کفریہ کلمات کے بارے  میں سوال جواب اور ہمارے علمائے اہلِ سنّت کی کُتُب پڑھتے رہیں مدینہ مدینہ مدینہ ہوجائے گا اور اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کو بہت فائدہ ہو گا۔ میری خواہش ہے کہ آپ سب جامعۃ المدینہ سے بہت اچھے عالِم بن کر نکلیں۔ کاش!آپ سب عالمِ باعمل، مفتیِ اسلام اور دعوتِ اسلامی کے عظیم مبلغ بنیں، آپ کے دم قدم سے ایک دنیا فیضیاب ہو، ساری دنیا میں سنّتوں کی دھوم مچ جائے، سنّیت کی بہار آجائے اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کا ڈنکا بج جائے۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا مُلْتَجی ہوں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code