ننّھا
زبیر اور زینب رات کو سونے کے لئے ابھی بستر پر لیٹے
ہی تھے کہ اچانک ایک زوردار آواز آئی اور پورے علاقے کی بجلی چلی گئی، جیسے
ہی اندھیرا چھایا تو زینب خوف زدہ ہوکر اپنی امّی سے چِمٹ گئی اور سہمے سہمے انداز
میں کہنے لگی:’’امی جان بُھوت! امی جان بُھوت!‘‘خیر کچھ ہی دیر میں نوید صاحب بھی
گھر آگئے، ابوجان کو دیکھ کر زینب فوراً ان کی آغوش میں چلی گئی۔ زینب کو اپنے
والد کی آمد سے کچھ اطمینان تو ضرور حاصل ہوا مگر وہ ابھی تک خوف زدہ تھی۔ دوسری
طرف زینب کا غیر معمولی رویہ دیکھ نوید صاحب
کو بھی تشویش ہوئی۔ نوید صاحب کے پوچھنے پر زینب کی والدہ نے بتایا کہ گزشتہ
روز میں نے بچّوں کو ڈراؤنی کہانی (Horror
Story)سنائی تھی شاید اسی لئے لائٹ جانے پر یہ خوف زدہ
ہوگئی۔ نوید صاحب زینب سے کہنے لگے: بیٹا!ہم مسلمان ہیں اور مسلمان تو بہادر ہوتے
ہیں، وہ اللہ پاک کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔
ہمارے پیارے آقا حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بھی بہت بہادر تھے۔ ایک رات مدینہ شریف کے لوگوں نے کوئی خوفناک
آواز سنی، لوگ اس آواز کی طرف دوڑے تو انہوں نے حضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اس جگہ سے واپس آتے ہوئے پایا جہاں سے یہ
خوفناک آواز آئی تھی۔ (کیونکہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تو کائنات میں سب سے
زیاد بہادر ہیں، آپ لوگوں سے پہلے اس آواز کی طرف تشریف لے گئے تھے) اور اس وقت آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ارشاد فرمارہے تھے: ” ڈرنے کی کوئی بات نہیں
ہے، ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔“ (بخاری،ج2،ص284،حدیث:2908)
رسولِ
کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صحابۂ کرام بھی بہت بہادر تھے
، ایک مرتبہ راستہ میں ایک شیر بیٹھا ہوا تھا اور اس نے لوگوں کا راستہ روکا ہوا
تھا۔ حضرت عبداللہ
بن عمر رضی اللہ عنہما نے اس کے قریب جا کر ارشاد فرمایا
کہ راستہ سے ہٹ جا۔ آپ کی یہ ڈانٹ سُن کر شیر دُم ہلاتا ہوا راستے سے ہٹ گیا اور
دور بھاگ گیا۔(حجۃ
اللہ علی العالمین،ص616) زینب
یہ واقعات سُن کر کافی پُرسکون اور مطمئن نظر آرہی تھی۔
والدین متوجہ ہوں! امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر
قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ارشاد فرماتے ہیں: ”بھوت پری کی کہانیاں بچّوں کو بُزدل
(ڈرپوک) بناتی ہیں۔ ہمارے بچّے شیر کی طرح
بہادر ہونے چاہئیں۔“ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اپنے بچّوں کو بھوت وغیرہ کی خوفناک کہانیاں(Horror Stories) سنانے کے بجائے اَسلاف کے بہادری کے قصّے سنائیں۔
اللہ
کریم ہماری اولاد کوہمت وبہادری کی دولت سے مالا مال فرمائے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭۔۔۔ماہنامہ
فیضانِ مدینہ،باب المدینہ کراچی
Comments