فالج کا مختصر تعارف فالِج (Paralysis) ایک ایسی بیماری ہے جو خون کی شریانوں کے بند ہونے یا پھٹنے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے مریض کو طویل عرصے تک معذوری لاحق ہوسکتی ہے۔ فالج دنیا میں اَموات کی تیسری بڑی وجہ ہے۔ جب متعلقہ حصّے کو خون اور آکسیجن کی فراہمی بند ہوجائے تو جسم میں کمزوری سمیت کئی علامات ظاہر ہوجاتی ہیں۔ اس سے جسم کا متأثرہ حصّہ کم کام کرتاہے یا بالکل ہی کام کرنا چھوڑ دیتاہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہر چار سیکنڈ میں ایک شخص کو اسٹروک یعنی فالج ہوجاتا ہے اور ہر چار منٹ میں کسی ایک آدمی کی موت واقع ہوجا تی ہے۔ 80 فیصد ہلاکتیں احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ اگر احتیاط کی جائے تو ان ہلاکتوں کی تعداد میں کافی کمی آسکتی ہے۔ فالج کی اقسام (1)اسکیمک اسٹروک (Ischemic stroke): اس صورت میں خون کی نالی میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے خون صحیح طریقےسے نہیں پہنچتا اور وہاں کے خلیے (Cells)آہستہ آہستہ کمزور ہونے لگ جاتےہیں۔ (2) جریانِ خون کا فالج(hemorrhagic stroke): اس میں بلڈ پریشر زیادہ ہونےکی وجہ سے دماغ کی رگیں پھٹ جاتی ہیں ۔ (3)فالج کی ایک قسم کم دورانیہ کی ہے جسے( Transient Ischemic Attack) کہا جاتا ہے یہ ایک طرح کی وارننگ ہے اس کا دورانیہ 15 منٹ سے دو گھنٹے تک ہوسکتاہے۔ اس صورت میں اچانک جسم کا کوئی حصّہ کمزور ہونےلگتاہے، بولنا دشوار ہوجاتا ہے۔ 70 فیصد مفلوج افراد میں فالج کی پہلی قسم پائی جاتی ہے۔ فالج کب ہوتا ہے؟ جسم کے اندر پھیلے ہوئے مختلف ایریئے (Areas) ہوتے ہیں جن کا تعلّق دماغ سے ہوتا ہے۔ جیسے ہاتھ کا الگ ایریا ہے، پاؤں کا الگ، دائیں طرف کا الگ اور بائیں طرف کا الگ۔ دماغ تک خون کا پہنچنا اور ان ایریوں تک آکسیجن کا پہنچنا نہایت ہی ضروری ہے۔ آکسیجن پہنچانے کا کام خون کرتا ہے جب جسم کے کسی حصے کو آکسیجن نہیں ملتی تو وہ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے جو فالج کا سبب بن جاتا ہے۔ خون کا کسی بھی وجہ سے کسی حصے تک نہ پہنچنا اسے کمزور کردیتاہے۔ فالج کی ابتدائی علامات کسی بھی بیماری کی کچھ علامات ہوتی ہیں جن کی وجہ سے بیماری کی تشخیص (Diagnosis) ہوسکتی ہے۔ فالج کی چند علامات ذکر کی جاتی ہیں: ٭اچانک نظر کا چلے جانا ٭بہت زیادہ چکر آنا٭ ایک چیز کا دو نظر آنا ٭سر میں شدید درد ہونا ٭چہرےکا کسی طرف ٹیڑھا ہوجانا ٭بات کرنے میں مشکل درپیش ہونا۔ فالج سے حفاظت کے لئے مچھلی کے سَر کی یخنی استعمال کرنا مفید ہے۔ (مچھلی کے عجائبات، ص41) جدید تحقیق کے مطابِق عمامہ شریف کا شملہ جسم کے نچلے حصّے کو فالج سے محفوظ رکھتا ہے۔ (عمامہ کے فضائل، ص383) اسی طرح وضو میں پہلے ہاتھ دھونے پھر کُلّی کرنے پھر ناک میں پانی ڈالنے پھر چہرہ اور دیگر اَعضاء دھونے کی ترتیب فالج کی روک تھام کیلئے مفید ہے۔ (نماز کےاحکام،ص69) ورزش کافائدہ علاج کےساتھ ساتھ فزیو تھراپی (Physiotherapy) اور ورزش کرنا بھی ضروری ہے۔ ورزش نہ ہونے کی وجہ سے جسم کےپٹھے اَکڑ جاتےہیں جس کی وجہ سے انسان کو کافی پریشانی کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ فالج اور پرہیز فالج کے مریض کو چاہئے کہ زیادہ کھانے، دیرسے ہضم ہونے والی، تُرش اور ثقیل(بھاری) غِذا سمیت گوبھی، دال، اَروِی (ایک لیس دار ترکاری)، کدّوشریف، تربوز، گنّےکےرس، ٹھنڈے پانی، خوشبو سونگھنے، خوشبودار چیزیں سر پر مَلنے اور ٹھنڈی ہوا میں جانے سے بچے۔نیز گرم کمرے میں رہے، گرم لباس پہنے اور پھلوں کا زیادہ استعمال کرے۔ کن لوگوں کو فالج کا خطرہ رہتا ہے فالج میں مبتلا ہونے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہوتی ہے: ٭سگریٹ نوشی کرنے والے ٭شوگر اور ہائی بلڈ پریشر والے ٭ورزش نہ کرنے والے ٭جن کا کولیسٹرول حد سے زیادہ بڑھا ہوا ہو ٭حد سےزیادہ وزن والے۔ اہم بات گھر والوں کو چاہئےکہ مریض کے پاس کچھ دیر بیٹھ کر اچّھی باتیں کریں، اسے حوصلہ دیں، صبر کے فضائل بیان کر یں کیونکہ علاج کے ساتھ ساتھ گھر والوں کی توجّہ، شفقت اور مَحبت بھری باتیں مریض کے جلد ٹھیک ہونے میں معاوِن ثابت ہوتی ہیں۔ مَساج آئل یہ ایک قسم کا تیل ہے جو فالج کے ساتھ جوڑوں کے درد اور کمردرد کے لئے بھی مفید ہے۔ 25 گرام کھٹہ تلخ، 25 گرام سورنجان تلخ (ایک سورنجان شیریں آتی ہے وہ نہیں لینی)، 25گرام کاء ِ پھل، 50گرام دیسی لہسن، 12 گرام رتن جوت، ان تما م چیزوں کو موٹا کوٹ کر 250گرام تِل کے تیل میں 10 سے 15پندرہ منٹ پکا کر چھان لیجئے اس کے بعد 25گرام روغن ِمچھلی، 25گرام روغن ِکنگنی اور 25 گرام روغنِ السی اس میں شامل کیجئے۔ اب یہ آئل تیار ہوگیا اس سے مساج کیجئے۔ متفرق نسخے ٭2تولے شہد اور 12تولے عرقِ گاؤ زبان جوش دے کر مریض کو پلاتے رہیں۔ ٭ مَغْزِ ریٹھا حسب ِ ضرورت لے کر کوٹ لیجئے، اب خالص شہد ڈال کر چنے کے برابر گولیاں بنا لیجئے، ایک ایک گولی صبح و شام نیم گرم دودھ پتّی چائے کے ساتھ استِعمال کیجئے۔ چند دن یا چند ہفتے یا چند ماہ کے استعمال سے اِنْ شَآءَ اللہ شفا نصیب ہو جائے گی۔ (بیمارعابد،ص28) کبوتر کی عجیب خاصیت فالج اور لقوہ والے کے لئے کبوتر کا گوشت کھانا مفید ہے۔ اسی طرح جہاں کبوتر رہتے ہوں وہاں یا اس کےقریب رہنابھی فائدہ مند ہے۔ (یتیم کسے کہتے ہیں؟، ص 26 ماخوذاً) 3 روحانی علاج ٭یَااللہُ 100 بار سوتے وقت پڑھنے سے اِنْ شَآءَ اللہ فالج اور لقوے سے حفاظت ہو گی۔ ٭لَااِلٰہَ اِلَّا اللہُ 11بار نئی رِکابی پر لکھ کر پینے سے اِنْ شَآءَ اللہ لَقْوے سے نجات ملے گی۔ (بیمارعابد،ص28) ٭سُبْحٰنَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحٰنَ اللّٰہِ الْعَظِیْمِ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْم۔ نماز ِفجر کے بعد تین بار ان الفاظ کو پڑھنے والا غم، کوڑھ، برص اور فالج سے محفوظ رہے گا۔ (احیاء العلوم،ج1،ص460) حکایت حضرت سیِّدُنا عیسٰی علیہ السَّلام کا ایک اندھے، کوڑھی، اپاہج اور فالج زدہ شخص کے پاس سے گزر ہوا، وہ کہہ رہا تھا: ” اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ الَّذِی عَافَانِی مِمَّا ابۡتَلٰی بِہٖ کَثِیۡرً ا مِّنۡ خَلۡقِہٖ“ یعنی اللہ کریم کا شکر ہے جس نے مجھے اس بیماری سے محفوظ رکھا جس میں اس نے اپنی بہت ساری مخلوق کو مبتلا کیا ہے۔ آپ علیہ السَّلام نے فرمایا: کون سی مصیبت ہے جس سے تو محفوظ ہے؟ عرض کی: اے روحُ اللہ! میں اس شخص سے بہتر ہوں جس کے دل میں اللہ نے اپنی وہ معرفت نہیں ڈالی جو میرے دل میں ڈالی ہے۔ آپ علیہ السَّلام نے فرمایا: تم نے سچ کہا۔ پھر آپ علیہ السَّلام نے اس کا ہاتھ پکڑا تو اس کا چہرہ انتہائی خوبصورت اور باقی جسم درست ہوگیا۔ اللہ نے اس کی تمام بیماریوں کو دور فرما دیا۔ پھر وہ آپ علیہ السَّلام کے ساتھ رَہ کر مصروفِ عبادت ہوگیا۔ (احیاء العلوم ،ج 5،ص70ملخصاً)
مدنی التجا:تمام علاج اپنے طبیب (Doctor) کے مشورے سے ہی کیجئے۔ اس مضمون کی طبّی تفتیش مجلسِ طبّی علاج (دعوتِ اسلامی) کے ڈاکٹر محمد کامران
اسحٰق عطّاری اور حکیم جمیل احمد نظامی صاحب نے فرمائی ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭۔۔۔ماہنامہ
فیضانِ مدینہ،باب المدینہ کراچی
Comments