حق مہر کے بدلے بیوی کو عمرہ کروانا کیسا؟/ عصر کی نماز کے بعد تلاوت

عصر کی نماز کے بعد تلاوت

سوال:کیا عصر کی نماز کے بعد تلاوت کرنے سے حافظہ کمزور ہوتا ہے؟

جواب:نہیں ہوتا، البتہ جب مکروہ وقت شروع ہو یعنی غروبِ آفتاب میں20منٹ باقی ہوں تو تلاوت ختم کرکے ذکر و دُرود میں مشغول ہونا بہتر ہے۔(بہارِ شریعت،ج1،ص455 ماخوذاً-مدنی مذاکرہ، 4رجبُ المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

حق مہر کے بدلے بیوی کو عمرہ کروانا کیسا؟

سوال:کیا حق مہر کے بدلے بیوی کو عمرہ کرواسکتے ہیں؟

جواب:اگر بیوی اس طرح حق مہر کے بدلے عمرہ کرنے پر راضی ہے تو کرواسکتے ہیں۔ (مدنی مذاکرہ،4رجبُ المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

جنّت سے بے موسم کے پھل ملنا

سوال:کیا حضرت مریم رضی اللہ عنہا پر آسمان سے پھل اُترتے تھے؟

جواب:جی ہاں! اللہ پاک نے حضرت مریم رضی اللہ عنہا کو بہت عظمت عطا فرمائی، آپ رضی اللہ عنہا کے پاس جنّت سے بے موسم کے پھل آتے تھے۔ حضرت سیّدُنا زکریا علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام حضرت مریم رضی اللہ عنہا کے پاس جاتے تو وہاں بے موسم کے پھل پاتے۔ ایک مرتبہ آپعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام نے حضرت مریم سے سوال کیا کہ تمہارے پاس یہ پھل کہاں سے آتے ہیں؟ حضرت مریم رضی اللہ عنہا جو بچپن کی عمر میں تھیں نے جواب دیا کہ اللہ پاک کی طرف سے۔ حضرت زکریا علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلامنے جب یہ دیکھا تو خیال فرمایا، جو پاک ذات حضرت مریم رضی اللہ عنہا کو بے وقت بے موسم اور بغیرظاہری سبب کے پھل عطا فرمانے پر قادر ہے وہ بے شک اس پر بھی قدرت رکھتا ہے کہ میری بانجھ بیوی کو تندرستی دیدے اور اس بڑھاپے میں مجھے بیٹا عطا فرمادے۔ چنانچہ آپ علیہ السَّلام نے دُعا کی جو قبول ہوئی اور آپ علیہ السَّلام کو حضرت یحییٰ علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام کی ولادت کی بشارت ملی۔(خازن،ج 1،ص247،246ملخصاً-مدنی مذاکرہ، 4رجبُ المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

صحابۂ کرام میں افضلیت کی ترتیب

سوال:صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان میں اَفضلیت کی ترتیب کیا ہے؟

جواب:انبیا و مرسلین(جن میں چاروں مقرب فرشتے یعنی جبرائیل، میکائیل، اسرافیل، عزرائیل علیہم السَّلام اور حاملینِ عرش بھی شامل ہیں) کے بعد تمام مخلوقاتِ الٰہی یعنی انسان، جنات اور فرشتوں میں سب سے افضل صدیقِ اکبر ہیں، پھر عمر فاروقِ اعظم، پھر عثمانِ غنی، پھر مولیٰ علی، اِن کے بعد باقی عشرۂ مبشرہ، حضراتِ حسنینِ کریمین، اصحابِِ بدر، اصحابِِ اُحد اور اصحابِِ بیعۃ الرضوان رضی اللہ عنہم کیلئے افضلیت ہے۔(بہارِ شریعت،ج1 ،ص241، 249 ماخوذاً-مدنی مذاکرہ، 4رجبُ المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

ہر دَرد کی دَوا

سوال:کوئی ایسا وظیفہ بتا دیجئے جس سے ہر مشکل آسان ہو، نمازی بنوں اور ہمیشہ خوش رہوں؟

جواب:کثرت سے دُرود شریف پڑھتے رہئے،اِنْ شَآءَ اللہ اس کی برکت سے سارے مسئلے حل ہوتے رہیں گے۔([1]) (مدنی مذاکرہ،4رجبُ المرجب1440ھ)

ہر دَرد کی دَوا ہے صلِّ علٰی محمَّد

تعویذِ ہر بلا ہے صلِّ علٰی محمَّد

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

خُشکی دُور کرنے کے لئے کچا انڈا سَر پر لگانا کیسا؟

سوال:سَر کی خُشکی دُور کرنے کے لئے کچا انڈا سَر پر لگا سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:جی ہاں! لگاسکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ، 3رجبُ المرجب1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

قُرعہ اندازی اور عمرے کا ٹکٹ

سوال:کیا قُرعہ اندازی میں نکلنے والے ٹکٹ سے عمرہ کرسکتے ہیں؟

جواب:اجتماعِ ذکر و نعت میں ہونے والی یا جُوئے سے پاک قُرعہ اندازی میں نکلنے والے ٹکٹ سے عمرہ کرسکتے ہیں، جوئے کی مثال یہ ہے کہ چار افراد نے 25،25ہزار روپے جمع کئے اور پھر قُرعہ اندازی

کی جس کا نام نکلا وہ عمرے پر چلا گیا،اس میں اگر بقیہ افراد کی رقم ڈوب جانے کی شرط ہو تو یہ صورت دُرست نہیں ہے کہ اس انداز کی قرعہ اندازی جوئے پرمشتمل ہونے کی وجہ سے ناجائزو حرام ہے۔(مدنی مذاکرہ، 3رجبُ المرجب 1440ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

وِراثت میں بیٹیوں کا حصّہ

سوال:کیا شادی سے پہلے اور بعد بیٹیوں کا ماں باپ کی وِراثت میں کوئی حصّہ نہیں ہوتا؟

جواب: ماں باپ کی وِراثت میں بیٹی اور بیٹے دونوں کے حصّے ہیں، لہٰذا بیٹی کی شادی ہوئی ہو یا نہ ہوئی ہو اسے ماں باپ کی وِراثت سے شریعت کے مطابق پورا حصّہ دینا فرض ہے۔ بعض لوگ بیٹیوں کو وِراثت سے حصّہ نہیں دیتے جو کہ ناجائز و حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔ وِراثت میں کس کا کتنا حصّہ ہے یہ سب جاننے کیلئے دارالافتاء اہلِ سنّت سے رابطہ کیجئے۔(مدنی مذاکرہ،2ربیع الآخِر 1439ھ)

(وِراثت کی اہمیت جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کا رِسالہ ”مالِ وِراثت میں خیانت نہ کیجئے“پڑھئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

قیامت کا دن اور کفن

سوال: کیا انسان قیامت کے دن کفن پہنے اُٹھیں گے؟

جواب:کفن میں اُٹھیں گے پھر وہ کفن طُولِ مُدّت کی وجہ سے گَل کر گِر جائیں گے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 29،ص545)بہرحال اس وقت نفسا نفسی کا عالَم ہوگا اور ہر ایک کو اپنی فکر ہوگی کہ کسی طرح قیامت کی ہولناکیوں سے جان چھوٹ جائے۔(مدنی مذاکرہ،3ربیعُ الآخر1439ھ)

ہے نَفسی نَفسی چَہار جانِب، نثار جاؤں کہاں ہو مولیٰ

چُھپا لو دامن میں پیارے آقا، یہ شورِ محشر ڈرا رہا ہے

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

www.facebook.com/IlyasQadriZiaee/

1۔۔۔بارگاہِ رِسالت میں حضرتِ سیِّدُنا اُبَیْ بِن کَعب رضی اللہ عنہ نے عَرْض کی: میں (سارے وِرد، وظیفے چھوڑ دوں گا اور)اپنا سارا وقت دُرود خوانی میں صَرف کروں گا۔ سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:یہ تمہاری فکریں دُور کرنے کے لئے کافی ہوگا اور تمہارے گناہ معاف کردئیے جائیں گے۔ (ترمذی،ج 4،ص207، حدیث:2465)

Share