ایسی قدرت نے تِری صورت سنواری یا رسول

حمد/مناجات

گناہوں سے مجھ کو بچا یاالٰہی

گناہوں سے مجھ کو بچا یاالٰہی

بُری عادتیں بھی چُھڑا یاالٰہی

خطاؤں کو میری مِٹا یاالٰہی

مجھے نیک خَصلت بنا یاالٰہی

تجھے واسِطہ سارے نبیوں کا مولیٰ

مِری بخش دے ہر خطا یاالٰہی

غمِ مصطفےٰ دے غمِ مصطفےٰ دے

ہو دردِ مدینہ عطا یاالٰہی

تجھے واسِطہ سیِّدہ آمِنہ کا

بنا عاشقِ مصطفےٰ یاالٰہی

مجھے مال و دولت کی آفت نے گھیرا

بچا یاالٰہی بچا یاالٰہی

تُو عطّاؔر کو چشمِ نَم دے کے ہر دَم

مدینے کے غم میں رُلا یاالٰہی

(وسائل بخشش(مرمم))

از شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ

استغاثہ/ نعت

ایسی قدرت نے تِری صورت سنواری یا رسول

ایسی قدرت نے تِری صورت سنواری یارسول

دونوں عالَم کو ہوئی یہ شکل پیاری یارسول

ہے کہاں مادَر کو اُلفت اس قدر فرزند سے

تجھ کو ہے اُمت کی جتنی پاسداری یارسول

خوابِ غفلت میں پڑے دن رات ہم سوتے رہے

تم نے کی غم میں ہمارے اَشک باری یارسول

وقتِ پیدائش شبِ مِعراج مَرقَد میں کہیں

تم نے امّت کی نہ چھوڑی غم گساری یارسول

حق کے پیارے آپ اور اُمت ہے پیاری آپ کو

اس لئے حق کو ہوئی اُمت بھی پیاری یارسول

ہر مصیبت سے بچایا تیرے نامِ پاک نے

تیری رحمت نے مِری حالت سنواری یارسول

ہے فقط اتنی تمنائے جمیلِؔ قادری

ہو تِری خالص محبت دل میں ساری یارسول

(قبالۂ بخشش،ص89)

از مداح الحبیب مولانا جمیل الرحمٰن قادریرحمۃ اللہ علیہ

منقبت

قسیمِ جامِ عرفاں اے شہ احمد رضا تم ہو

تمہاری شان میں جو کچھ کہوں اس سے سِوا تم ہو

قسیمِ جامِ عرفاں اے شَہ احمد رضا تم ہو

جو مرکز ہے شریعت کا مدار اہلِ طریقت کا

جو محور ہے حقیقت کا وہ قطبُ الاولیاء تم ہو

یہاں آکر ملیں نہریں شریعت اور طریقت کی

ہے سینہ مجمعُ البحرین ایسے رہنما تم ہو

مُزَیَّن جس سے ہے تاجِ فضیلت تاج والوں کا

وہ لعلِ پر ضیا تم ہو، وہ دُرِّ بے بہا تم ہو

تمہیں پھیلارہے ہو علمِ حق اَکنافِ عالَم میں

امامِ اہلِ سنت نائبِ غوثُ الوریٰ تم ہو

بھکاری تیرے درکا بھیک کی جھولی ہے پھیلائے

بھکاری کی بھرو جھولی گدا کا آسرا تم ہو

علیمِؔ خستہ اِک ادنیٰ گدا ہے آستانہ کا

کرم فرمانے والے حال پر اس کے شہا تم ہو

(حیاتِ اعلیٰ حضرت،ج1،ص132)

از خلیفۂ اعلیٰ حضرت مولانا شاہ عبدالعلیم میرٹھی صدیقیرحمۃ اللہ علیہ


Share

Articles

Comments


Security Code