ماں باپ کے نام

اس طرح سیرتِ رسول سکھائیے

* مولانا آصف جہانزیب عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2021

اولاد کی اچھی تربیت کرنا اور انہیں اچھا مسلمان بنانا یہ والدین کی خواہش بھی ہوتی ہے اور ذمہ داری بھی۔ اس خواہش اور ذمہ داری کو احسن طریقے سے پورا کرنے کے لئے بچّوں کو شروع سے ہی نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی پیاری پیاری سیرت پر عمل کرنا سکھائیے کیونکہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی سیرت پر عمل کرنا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔

بچّوں کو عملی طور پر سنتیں اور سیرتِ رسول سکھانے کے لئے درج ذیل طریقے اپنائیے۔

(1)بچّوں کو نماز کا عادی بنانے کے لئے نماز کی اہمیت اس طرح سکھائیے کہ نماز ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ [1]اس لئے ہمیں نماز نہیں چھوڑنی چاہئے ۔

(2)جب بچّوں کو سچ بولنے کی ترغیب دلائی جائے تویہ بتائیے کہ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے کبھی بھی جھوٹ نہیں بولا ، اسی لئے آپ کے دشمن بھی آپ کو صادق و امین کہتے تھے (3)بچّوں کو یہ سمجھائیے کہ دوسروں کو تنگ کرنا بری بات ہے کیونکہ پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ [2]

(4)بچّوں کو دوسروں کی مدد کی ترغیب اس طرح دلائیے کہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کیا کرتے تھے ۔

(5)جب آپ بچّوں کے بالوں میں کنگھا کریں تویہ بتائیے کہ پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا ہے : جس کے بال ہوں تو وہ ان کا اکرام کرے۔  [3]

(6)بچّوں کو قراٰنِ پاک کی تعلیم کا شوق اس طرح دلائیے کہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : تم میں سب بہتر وہ ہے جو خود قراٰن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ [4]

(7)بچّوں کو سلام کرنے کا عادی بنائیے اور یہ بھی بتائیے کہ رسولُ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہمیشہ سلام میں پہل فرماتے تھے۔ [5]

(8)جب بچّوں کو خوشبو لگائیں تو نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی پسند کا ذکر کیجئے کہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو دنیا کی جو چیزیں پسند تھیں ان میں سے ایک خوشبو بھی ہے۔ [6]

(9)جب بچّوں کو اخلاقیات کی تعلیم دیں تو یہ کہیں کہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی یہ عادت مبارکہ تھی کہ آپ ہمیشہ بڑوں کی عزت کرتے اور چھوٹوں پر شفقت کرتے تھے۔ یہ کام وہ ہیں جو ہمارے گھروں میں صبح شام ہوتے ہیں ، ہمارے ہاں یہ کام کرتے وقت بعض مائیں بچّوں کو بُرا بھلا کہتی ہیں ، کبھی بد دعائیں بھی دے دیتی ہیں۔ یہ غلط انداز ہے بچّے کی ابھی سیکھنے اور سمجھنے کی عمر ہے ، ان کاموں کی ترغیب دلاتے وقت سختی اور برا بھلا کہنے کے بجائے بچّوں کو رسول ِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی سنتیں عملی طور پر سکھائی جائیں تاکہ بچّوں کو بچپن ہی سے سنتِ رسول کی اہمیت کا احساس بھی ہو اور ان کے دل میں محبت رسول رَچ بَس جائے۔

اللہ پاک ہمیں بچّوں کی اسلامی تربیت کرنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ بچوں کی دنیا (چلڈرنز لٹریچر) المدینۃ العلمیہ ، کراچی



[1] نسائی ، ص644 ، حدیث : 3945

[2] بخا ری ، 1 / 15 ، حدیث : 10

[3] ابوداؤد ، 4 / 103 ، حدیث : 4163

[4] بخاری ، 3 / 410 ، حدیث : 5027

[5] شعب الایمان ، 2 / 155 ، حدیث : 1430

[6] نسائی ، ص644 ، حديث : 3945


Share

Articles

Comments


Security Code