تعزیت و عیادت
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2021
حضرت علّامہ پیر عبد المالک خان لُقمانوی کے انتقال پر تعزیت :
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سےاَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗمجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ حضرت مولانا پیر مصباحُ المالک خان لُقمانوی ، حضرت مولانا مفتی حبیبُ المالک خان قادری ، حضرت مولانا ڈاکٹر انوارُ المالک غزنوی صاحب ، حضرت مولانا صاحبزادہ راشدُ المالک خان صاحب اور صاحبزادہ فریدُ المالک لُقمانوی صاحب کے والدِ محترم مناظرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ پیر محمد عبدالمالک خان لُقمانوی قادری ہزاروی صاحب طویل علالت کے بعد16ذُوالحجۃِ الحرام 1442 سِنِ ہجری مطابق 26جولائی2021ء کو100سال کی عمر میں لندن میں قضائے الٰہی سے انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
اس کے بعد شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حضرت کے تمام سوگواروں سے تعزیت کی ، حضرت کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب کیا اور مزید ایصالِ ثواب کے لئے عالمِ دین کی فضیلت و اہمیت پر ایک قول بیان فرمایا : حجۃُ الاسلام امام محمد بن محمد بن محمد غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ “ احیاءُ العلوم “ میں تحریر فرماتے ہیں : کسی دانا کا قول ہے : “ عالِم کی وفات پر پانی میں مچھلیاں اور ہوا میں پرندے روتے ہیں ، عالِم کا چہرہ اوجھل ہوجاتا (یعنی چھپ جاتا) ہے لیکن اس کی یادیں باقی رہتی ہے۔ “ (احیاء العلوم ، 1 / 24)
حضرت پیر رحمت کریم صاحب کے انتقال پر تعزیت :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حضرت پیر رحمت کریم صاحب (ضلع نوشہرہ خیبرپختونخواہ پاکستان) کے انتقال پر حضرت کے تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور حضرت کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
حضرت علّامہ مولانا مفتی ادریس رضوی کے انتقال پر تعزیت :
خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند ، حضرت علّامہ مولانا مفتی ادریس رضوی صاحب 17ذُوالحجۃِ الحرام1442سِنِ ہجری مطابق 28 جولائی 2021ء کو115سال کی عمر میں چٹا گانگ (بنگلہ دیش) میں قضائے الٰہی سے وفات پاگئے۔ شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے آپ کے صاحبزادوں حضرت مولانا الیاس رضوی صاحب ، حضرت مولانا عطاءُ المصطفےٰ رضوی صاحب اور حضرت مولانا شعیب رضوی صاحب سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور حضرت کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
دیگر علما و مشائخِ کرام کی تعزیت :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے (1)خلیفۂ حُضور مفتیِ اعظم ہند ، شہبازِ دکن ، حضرت علّامہ مولانا مجیب علی رضوی صاحب (حیدرآباد دکن ، ہند) [1] (2)حضرت پیر حافظ شعیب باچا صاحب (حضرو اٹک ، پنجاب) [2] (3)حضرت علّامہ مولانا محمد عبدالرّشید قادری قریشی (ڈی جی خان ، پنجاب) [3] (4)سجادہ نشین پیر شیخ صالح سوائی ، حضرت خلیفہ شیخ شیر محمد قادری (پیر سوائی ، اوتھل ، بلوچستان) [4] (5)حضرت مولانا حامد علی شاکر صاحب (کراچی)[5] (6)حضرت پیر شہابُ الدّین قریشی نقشبندی صاحب (درگاہ کوڑو شریف ، نوشہرو فیروز ، سندھ) [6] سمیت 419 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
دعائے صحت خیرُالاذکیاء حضرت علّامہ مولانا محمد احمد مصباحی :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حضرت علّامہ مولانا محمد احمد مصباحی صاحب (ناظمِ تعلیمات الجامعۃُ الاشرفیہ مبارکپور شریف ، ہند) کے لئے دعائے صحت کی :
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلا لُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت علّامہ مولانا محمد احمد مصباحی صاحب کو شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، اے اللہ پاک! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! یہ بیماری ، یہ پریشانی ان کے لئے ترقیِ درجات کا باعث اور جنّتُ الفردوس میں بے حساب داخلے اور اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پڑوس کے حُصول کا ذریعہ بن جائے ، یااللہ پاک! انہیں دَر دَر کی ٹھوکروں ، اسپتالوں کے پھیروں ، ڈاکٹروں کے دھکوں اور دواؤں کے خرچوں سے نجات عطا فرما ، مولائے کریم! انہیں صبر عطا فرما ، صبر پر انہیں ڈھیروں ڈھیر اجر عطا فرما ، یااللہ پاک! ان پر خصوصی رحم و کرم اور فضل فرما ، رحمت کی نظر فرما ، شفا کی خیرات ان کی جھولی میں ڈال دے ، کربلا والوں کے صدقے ان کی یہ آفت دور فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَابَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! یعنی کوئی حرج کی بات نہیں اللہ نے چاہا تو یہ مرض گناہوں سے پاک کرنے والا ہے۔
حضورِ والا! ہمت رکھئے گا ، اللہ کریم! آپ جناب کا سایۂ عاطفت ہم غریب سنّیوں پر دراز فرمائے اور اہلِ سنّت کو آپ جناب سے خوب فیض یاب کرے۔ کسی نے بڑا پیارا شعر کہا ہے :
دُکھ دَرد کے ماروں کو غم یاد نہیں رہتے
جب سامنے آنکھوں کے سرکار نظر آئے
بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
نیز امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے * حضرت علّامہ مولانا عبدالمبین نعمانی صاحب ٭مفتی نسیم مصباحی صاحب کے لئے بھی دُعائے صحت و عافیت فرمائی۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جولائی2021ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ پیغاماتِ عطّاؔر کے ذریعے تقریباً 1ہزار809پیغامات جاری فرمائے جن میں 419 تعزیت کے ، 1ہزار235عیادت کے جبکہ 155 دیگر پیغامات تھے۔
[1] تاریخِ وفات : 25ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ مطابق 7جولائی2021ء
[2] تاریخِ وفات : 26ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ مطابق 7جولائی2021ء
[3] تاریخِ وفات : 28ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ مطابق9جولائی2021ء
[4] تاریخِ وفات : پہلی ذُوالحجۃِ الحرام1442ھ مطابق12جولائی2021ء
[5] تاریخِ وفات : 2ذُوالحجۃِ الحرام1442ھ مطابق13جولائی2021ء
[6] تاریخِ وفات : 8ذُوالحجۃِ الحرام1442ھ مطابق19جولائی2021ء
Comments