ماں باپ کے نام
ماں کی گود
*ابو جوادعطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2023
میں لیپ ٹاپ پر کچھ تحریری کام کرنے میں مصروف تھااور 6ماہ کا ننھا محمد جوّاد میری گود میں تھا۔ اچانک مجھےاپنا بچپن یاد آگیا۔ میری عمر شاید چار یا پانچ سال کی تھی والدہ مرحومہ بعض اوقات مجھے گود میں لے کر قراٰنِ کریم پڑھا کرتی تھیں۔ وہ پُرکیف لمحات ایک خوب صور ت یاد بن کر میرے ذہن میں محفوظ ہوگئے اور اب ماں کی پیار بھری گود میں سر رکھ کر تلاوتِ قراٰ ن کی وہ چاشنی حاصل کرنا چاہتا ہوں لیکن نہیں کر سکتا ، کیونکہ اب میری ماں اس دنیا میں نہیں ہے۔ ( یا اللہ میری ماں کی بےحساب بخشش فرما۔اٰمین )
محترم والدین ! اس واقعہ کو سامنے رکھ کر چند باتیں پیش کی جا ر ہی ہیں ، توجہ سے پڑھئے اور عمل کیجئے :
( 1 ) بچوں کے سامنے کیا جانے والا آپ کا ہر عمل ، انداز اور رویے پوری زندگی انہیں یاد رہ سکتے ہیں لہٰذا ان کے سامنے اچھا اور نیک عمل کرنے کی کوشش کیجئے ۔
( 2 ) اپنے بچوں کی درست اسلامی تربیت کے لئے ہمیشہ کوشش کرتے رہیں اوران کی تربیت کے لئے اچھے اچھے طریقے اپنائیں۔
( 3 ) بچپن میں اولاد کے ساتھ برتے گئے آپ کے اچھے رویے انہیں مستقبل میں ترقی کی راہوں پر گامزن کر سکتے ہیں ( اصل ترقی دینِ اسلام کے سنہری اصولوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرکے رب کو راضی کرنے میں ہی ہے ) ۔
( 4 ) بچوں کے سامنے لڑائی جھگڑے والی باتوں سے ہمیشہ بچتے رہئے ۔
( 5 ) ممکن ہو تو کبھی بچے کے پاس یا اس کو گود میں لے کر قراٰن پاک ، دینی کتاب یا درودِ پاک وغیرہ پڑھئے۔
( 6 ) نومولود بچے کے پاس اللہ اللہ کی صدائیں لگائیے تاکہ آپ کا بچہ جب زبان کھولے تو سب سے پہلا لفظ اللہ کہے۔
( 7 ) ماں بچے کو سُلاتے وقت اور دودھ پلاتے ہوئے ذکر اللہ اور درود شریف وغیرہ پڑھتی رہے۔اس کا بھی بچے پر مثبت اثر پڑے گا۔اِن شآءَ اللہ
( 8 ) والد کو چاہئے کہ نماز کے لئے مسجد جاتے ہوئے سمجھدار بچے کو ساتھ لے جائے تاکہ ابھی سے اس کا نماز اور مسجد جانے کا ذہن بنے۔
اللہ پاک ہمارے بچوں کو ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے ۔
اٰمین بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments