پیر صاحب کو اپنا عمل بتانا کیسا؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2023ء

کیا پیربھی مَحْرَم ہوتا ہے ؟

سُوال : کیا پیر مَحْرَم ہوتا ہے ؟

جواب : پیر محرم بھی ہوسکتا ہے جیسے باپ پیری مُریدی کرتا ہے اور بیٹی اس کی مُریدنی ہے تو یہ بیٹی کا محرم ہے۔ اگر کوئی اور پیر ہے جو نامحرم ہے تو وہ نامحرم ہی رہے گا یعنی صِرف پیر ہونا اسے محرم نہیں بنا دے گا۔ عورت اپنے نامحرم پیر کا ہاتھ نہیں چوم سکتی اور نہ اس سے اپنے سر پر ہاتھ پھروا سکتی ہے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 7صفر شریف 1441ھ )

”شَیْئاً لِلّٰہِ یَاعَبْدَالْقَادِر“ کا مَطلب

سُوال : اِس شِعر کا مَطلب بتا دیجئے :

شَیْئاً لِلّٰہِ یَاعَبْدَ الْقَادِر

سَاکِنَ الْبَغْدَاد یَاشَیْخَ الْجِیْلَانی

جواب : اس کا مَطلب یہ ہے کہ اے بغداد شریف کے رہنے والے بزرگ شیخ عبدُالقادر جِیلانی ! اللہ کے لئے مجھے کچھ عطا فرما دیجئے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 7ربیع الآخر شریف 1441ھ )

بے ہوش مریض کی عیادت کیسے کی جائے ؟

سُوال : کوئی مریض بے ہوش ہو ، اُس کی عیادت کیسے کی جائے ؟

جواب : جاکر اُسے دیکھیں ، اُس کےلئے دُعا کریں اور اُس کے رِشتے داروں کو تسلّی دیں۔ اگرچہ بے ہوشی کی وجہ سے آپ مریض سے عیادت نہیں کرسکتے لیکن مریض کے پاس جا تو سکتے ہیں ، یوں ہی اُس کے عزیزوں کے ساتھ ہمدردی بھی کرسکتے ہیں کہ وہ اُس کی بے ہوشی کی وجہ سے زیادہ پریشان ہوں گے۔ غم خواری ضرور کرنی چاہئے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 13صفر شریف 1441ھ )

کیا غوثِ اعظم ، امامِ اعظم سے پہلے کے بزرگ ہیں ؟

سوال : کیا حضور غوثِ اعظم رحمۃُ اللہ علیہ امامِ اعظم رحمۃُ اللہ علیہ کے دور سے پہلے کے ہیں ؟

جواب : نہیں ، امامِ اعظم ابوحنیفہ رحمۃُ اللہ علیہ  ( تاریخ وفات : 2شعبان شریف150ھ )  پہلے کے ہیں اور حضور غوثِ پاک شیخ عبدُ القادر جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ  ( تاریخ وفات : 11ربیعُ الآخِر شریف 561ھ )  بعد کے ہیں ۔ ( مدنی مذاکرہ ، 7ربیع الآخر شریف 1441ھ )

پیر صاحب کو اپنا عمل بتانا کیسا ؟

سُوال : کیا کوئی مُرید اپنا عَمَل پیرصاحب کو بتا سکتا ہے ؟

جواب : اگر اِس لئے اپنا عَمَل سُناتا ہے کہ میری کوئی کوتاہی یا غلطی ہو تو پیر صاحب اِصلاح کردیں ، یا میری راہ نمائی کردیں کہ ”اِس کے بدلے یہ عَمَل کرلو اور اُس کے بدلے وہ عَمَل کرلو“ تو یہ اچّھی نیّت ہے ، ایسی صورت میں پیر صاحب کو بتا سکتا ہے۔ البتہ اگر یہ نیّت ہو کہ ’’پیر صاحِب کے دِل میں میرا مقام بن جائے ، عزّت بن جائے ، وہ مجھے نیک سمجھیں‘‘ تو اِس صورت میں نہ بتائیں۔ ( مدنی مذاکرہ ، 2ربیع الاول شریف 1441ھ )

کیا ہاتھ میں کالا دھاگا باندھ سکتے ہیں ؟

سوال : کیا ہاتھ میں کالا دھاگا باندھ سکتے ہیں ؟ نیزاِس سے غیر مسلموں کی مُشابہت تو نہیں ہو گی ؟

جواب : ہمارے یہاں تعویذا ت کے بستے پر کالا دھاگا دیا جاتا ہے جو دَرد کے لئے پڑھا گیا ہوتا ہے اور ہاتھ وغیرہ میں جہاں دَرد ہوتا ہے وہاں باندھا جاتا ہے لہٰذا اگر کسی نے کالا دھاگا باندھا ہوا ہے تو اس کے ہاتھ میں دَرد ہو گا اسی لئے باندھا ہو گا۔ اس سے کسی غیر مسلم کی مُشابہت بھی نہیں کہ کالا دھاگا ہاتھ میں ہو تو یہ غیر مسلم کی نقل بن جائے۔ ہاں ! اسٹیل کا ایک مَخْصُوْص کڑا ہے جو غیر مسلموں کا ایک طبقہ پہنتا ہے ، اگر یہ پہنیں گے تو ان کی مُشابہت ہو جائے گی۔ ( مدنی مذاکرہ ، 20صفر شریف 1441ھ )

مِیاں یا بیوی نامَحرم کے چکّر میں پڑجائے تو دُوسرا کیا کرے ؟

سُوال : ہمارے ہاں سوشل میڈیا کے آنے کے بعد گھر ٹوٹنےکے واقعات میں اِضافہ ہوا ہے۔ یہ اِرشاد فرمائیے کہ اگر کسی شوہر کو پتا چلے کہ اُس کی بیوی کسی غیر مَرد کے چکّر میں پڑگئی ہے ، یا بیوی کو پتا چلے کہ اُس کے شوہر کے غیر عورت کے ساتھ تعلقات ہیں تو اُن کو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب : بیوی کا کسی غیر مرد ( یعنی نامحرم مرد )  سے یا شوہر کا کسی غیر عورت  ( یعنی نامحرمہ عورت )  سے تعلقات قائم کرنا حرام و ناجائز ہے ، اگر ایسا ہونا Confirm ہوجائے تو جو اس میں مبتلا ہے اُس کو نرمی سے سمجھایا جائے ، اَحادیثِ کریمہ یاد ہوں تو وہ سُنائی جائیں ، خوفِ خُدا کی ترغیب دِلائی جائے اور ساتھ ہی اُن اَسباب پر بھی غور کیا جائے جن کی وجہ سے یہ سب ہوسکتا ہے۔ مثلاً شوہر کا بار بار جھگڑا کرنا ، گہری نیند سے اُٹھا کر کپڑے اِستِری کرنے کاکہنا ، بیوی کو پاؤں کی جُوتی  ( یعنی حقیر و ذلیل )  سمجھنا وغیرہ۔ یوں ہی بیوی کا ہر وقت مُنہ پُھلا کر رکھنا ، شوہر کے گھر آتے ہی بچّوں کی شِکایتوں کے اَنبار لگا دینا ، فرمائشوں کی فہرست  ( List )  دیتے رہنا ، چھوٹی چھوٹی بات پر شِکوہ و شکایت کرتے رہنا ، بات بات پر لڑتے رہنا وغیرہ۔ یہ وہ چیزیں ہوتی ہیں جن کی وجہ سے شوہر یا بیوی دوسری طرف مائل ہوسکتے ہیں ، حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہئے ، لیکن شیطان کی وجہ سے اِنسان بہک جاتا ہے۔ ایسی صُورت کا حل طَلاق نہیں ہے ، اِس کا حل یہ ہے کہ دوسرے کی جائز ضرورت  ( Requirement )  پُوری کی جائے ، اُس کے ساتھ محبّت بھرا سُلوک کیا جائے ، بلکہ محبّت کی خوراک  ( Dose )  بڑھا دی جائے کہ عُموماً جس دوا سے فائدہ نہ ہو رہا ہو اُس کی مقدار بڑھادی جاتی ہے۔ یہ گھر چلانے کا بہترین طریقہ ہے ، اِس سے گھر ٹُوٹ پُھوٹ کا شِکار ہونے سے مَحفوظ رہتے ہیں۔ ( مدنی مذاکرہ ، 2ربیع الاول شریف 1441ھ )

عمامہ شریف کو پگڑی کہنا کیسا ؟

سوال : کچھ لوگ عمامے کو پگڑی کہتے ہیں ، اس بارے میں کیا حکم ہے ؟

جواب : عمامہ کو پگڑی کہتے ہیں نیز اس کو پگ اور صافہ بھی کہتے ہیں اس کے علاوہ بھی کئی نام ہیں۔ بہر حال توہین کی نیت نہ ہو تو کوئی حرج نہیں ، ظاہر ہے کوئی مسلمان توہین کی نیت سے ایسا نہیں کہہ سکتا !  ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ عصر ، 20رمضان شریف 1441ھ )

کیا مِرچ کھانے سے زبان پتلی ہوتی ہے ؟

سُوال : لوگ بولتے ہیں مِرچ کھانے سے زبان پتلی ہوتی ہے اور پڑھنا آتا ہے کیا یہ بات دُرُست ہے ؟

جواب : مِرچی کھانے سے زبان پتلی ہوتی ہے یا پڑھنا آجاتا ہے میں نے کبھی ایسا پڑھا ، سنا نہیں۔ البتہ طِبّی تحقیق کے مطابق ہَری مِرچیں کھانے سے قوتِ مُدافعت  ( Immunity )  میں اِضافہ ہوتا ہے یعنی بیماری سے مقابلہ کرنے کی قُوّت بڑھ جاتی ہے۔ ہری مِرچیں بھی زیادہ نہ کھائی جائیں کہ اس سے مِعدے کو نقصان ہو سکتا ہے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 26ربیع الاوّل 1441ھ )


Share