مولاناقمر الزمان اعظمی صاحب سے تعزیت

مولانا قمرُالزَّمان اعظمی صاحب سے تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے حضرت علّامہ مولانا قمرُالزَّمان اعظمی صاحب اَطَالَ اللہُ عُمْرَہٗ کی خدمت میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

حاجی امین سلایابمبئی کی آواز میں حُضُور کی رفیقۂ حیات کے انتقالِ پُرملال کی خبر مسموع ہوئی، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں آپ جناب سے اور حُضور کے صاحبزادگان وسیم اعظمی، وقار اعظمی، معین اعظمی، نور اعظمی اور اشرف اعظمی سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں۔ اللہ کریم مرحومہ کو غریقِ رحمت کرے، ان کے صغیرہ کبیرہ گناہ معاف فرمائے، ان کی قبر کو خواب گاہِ بہشت بنائے، ان کی لحد پر رحمت و رضوان کے پھولوں کی بارشیں ہوں، قبر تاحدِ نظر وسیع ہو، نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا صدقہ ان کی قبر جگمگاتی رہے، پاک پروردگار انہیں بے حساب مغفرت سے مشرف فرماکر جنّتُ الْفِرْدَوس میں خاتونِ جنّت بی بی فاطمہ زَہرا رضی اللہ عنہا کا جوار نصیب فرمائے، اللہ پاک آپ کو اور تمام سوگواروں کو خصوصاً شہزادگان وغیرہ کو صَبْرِِجمیل اور صَبْرِِجمیل پر اجرِ جَزِیْل مرحمت فرمائے، مجھ گنہگار کے جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں پروردگار انہیں شَرفِ قبولیت بخشے اور اپنے کرم کے شایانِ شان اس کا اجر عطا فرمائے اور ىہ سارا اَجرو ثواب جنابِِ رسالتِ مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرمائے، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا اجر و ثواب مرحومہسمىت سارى اُمّت کو عناىت فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کیلئے ایک حدیثِ پاک بیان فرمائی:) حضرتِ سیّدُنا بَراء بن عازِب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ہم سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ہمراہ ایک جنازے میں شریک تھے تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم قَبْر کے کنارے بیٹھ گئے اور اتنا روئے کہ مٹی بھیگ گئی، پھر فرمایا: اے بھائیو! اس کے لئے تیاری کرو۔(ابن ماجہ،ج 4،ص466، حدیث:4195) حُضُور میری بے حساب مغفرت کے لئے دعا فرمائیے گا، تمام سوگواروں کو میرا سلام اور میری طرف سے تعزیت کا پیغام۔

مولاناسیّد ابوالحسن شاہ منظور ہمدانی کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے صاحبزادہ سیّد حسن محمود ہمدانی، صاحبزادہ سیّد سعید احمد شاہ ہمدانی، صاحبزادہ سیّد معینُ الدّین شاہ ہمدانی، صاحبزادہ سیّد فخرُ الدّین شاہ ہمدانی، صاحبزادہ سیّد محمد شاہ ہمدانی اور صاحبزادہ سیّد رفیعُ الدّین شاہ ہمدانی کی خدمات میں: اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی ابو ماجدمحمد شاہد مدنی نے اطلاع بھجوائی کہ آپ حضرات کے والدِ محترم حضرت مولانا سیّد ابوالحسن شاہ منظور ہمدانی سیالوی (بانی و ناظمِ اعلیٰ دارُ العلوم انجمن قمرُالاسلام سلیمانیہ،پنجاب کالونی کراچی) کینسر اور مختلف بیماریوں میں مبتلا رہتے ہوئے 20شوّالُ المکرم1440ھ کو بعمر 86 سال کراچی میں وِصال فرما گئے، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں آپ صاحبان سے نیز حضرت کے داماد حضرت مولانا پیر سیّد عظمت علی شاہ صاحب ہمدانی (پرنسپل دارُ العلوم انجمن قمرُ الاسلام سلیمانیہ) سمیت حضرت کے تمام محبین، معتقدین اور سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں۔ ىاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! حضرت مولانا ابو الحسن شاہ منظور ہمدانی صاحب کو غریقِ رحمت فرما، اے اللہ! حضرت کے درجات بلند فرما، اے اللہ! حضرت کے مزار پر انوار و تجلیات کی برسات فرما، مولائے کریم! حضرت مولانا مرحوم کی قبر نورِ  مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے جگمگاتی رہے، تاحدِ نظر وسیع ہوجائے، مولائے کریم! مرحوم کی بےحساب مغفرت ہو، جنّتُ الْفِرْدَوس میں ان کے نانا جان رَحْمتِ عالمیان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس عنایت ہو، اے اللہ! حضرت کے تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِجمیل پر اجرِجزیل مَرحَمت فرما، مولائے کریم! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں ان کا اپنے کرم کے شایانِ شان اَجر عطا فرما اور ىہ سارا اَجرو ثواب جنابِ رسالتِ مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا اجر و ثواب حضرت مولانا سیّد ابوالحسن شاہ منظور ہمدانی صاحب سمىت سارى اُمّت کو عناىت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت کے ایصالِ ثواب کے لئے ایک مدنی پھول بیان فرمایا:) حضرت سیّدُنا اِبنِ عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:عُلَما عام مؤمنوں سے 700 دَرَجے بلند ہوں گے، ان دَرَجوں میں ہر دو دَرَجوں کے درمیان 500 سال کا فاصلہ ہوگا۔(قوتُ القلوب،ج 1،ص241) آپ ساداتِ کرام ہیں، اللہکریم! آپ کے دَرَجات بلند فرمائے، حضرت کی دینی خدمات بھی قبول فرمائے۔ بارگاہِ رِسالت میں اپنے نانا جان کے دَربار میں مجھ گنہگاروں کے سردار الیاس عطّاؔر قادری کی ضَرور سِفارش کیجئے گا کہ اپنے بوڑھے غُلام کو ایمان و عافیت کے ساتھ شہادت کی صورت میں موت دلوا کر اپنے قدموں میں جنّتُ البقیع میں رکھ لیجئے، آپ کے نانا جان میری شفاعت بھی فرمائیں، میری مغفرت کا سامان بھی ہو اور بے حساب جنّت میں داخلہ، جنّتُ الفردوس میں پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب ہو۔ آپ ساداتِ کرام ہیں، اگر نانا جان سے درخواست کریں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ نانا جان ضَرور کرم فرمائیں گے، آپ کا کیا جائے گا! میرا کام بَن جائے گا! کرم فرمائیے گا، اپنی دعوتِ اسلامی کی ترقی کے لئے خوب خوب دُعا فرماتے رہئے اور دعوتِ اسلامی کے اجتماعات وغیرہ میں موقع بہ موقع ضَرور شرکت فرماتے رہئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ میں دارُ العلوم قمرُ الاسلام سلیمانیہ میں چند بار حاضر ہوا ہوں، آپ حضرات میں جو اس وقت جوان ہوں گے انہیں معلوم بھی ہوگا،اب تو بہت سال ہوگئے میں آنہیں پایا، اللہ پاک کرم فرمائے، آپ سب کو  بہت  خوش رکھے، اللہ کریم آپ کے اِدارے کو بھی ترقی عطا فرمائے، عروج نصیب کرے، خوب علم کی شمع روشن ہو اور مسلکِ اَہلِ سنّت کی دُھوم دھام ہو۔

مولانا الطاف حسین فریدی صاحب کے انتقال پر تعزیت

پیرِ طریقت، حضرت علّامہ مولانا الطاف حسین فریدی صاحب 13شوّالُ المکرم 1440ھ کو بِہار کے شہر آرہ ہند میں انتقال فرما گئے۔ شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے محمد ضیاءُ الدّین فریدی، شہابُ الدّین فریدی، مولانا علاءُ الدّین فریدی، حضرت مولانا محمد اشفاقُ القادری صاحب (صدرُ المدرس مدرسہ فیضُ الغرباء،آرہ) اور حضرت کے تمام مریدین، مُحِبّین و سوگواروں سے تعزیت کی اور حضرت کیلئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے حضرت کو ایصالِ ثواب بھی کیا۔

رُکنِ شوریٰ حاجی برکت کے بھائی کے انتقال پر تعزیت

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے رُکنِ شوریٰ حاجی برکت علی عطّاری کے بھائی عبد الحمید(لاڑکانہ سندھ) کے انتقال پر آفتاب عطّاری، مہتاب عطّاری، عبد العزیز قادری، عبدالمجید سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحوم کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

تعزیت کے پیغامات علما و مشائخ کے نام

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت پیر سیّد عابد علی شاہ قادری جیلانی صاحب(نورانی مسجد، حیدرآباد سندھ) کے انتقال پر پیر سیّد ثاقب علی شاہ صاحب، پیر سیّد شعیب علی شاہ صاحب، پیر سیّد شاہد علی شاہ صاحب، سیّد ذیشان میاں صاحب، پیر سیّد عاصم علی شاہ صاحب سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحوم پیر سیّد عابد علی شاہ قادری جیلانی نورانی صاحب کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا ٭حضرت مولانا مفتی شعبان قادری (گوجرانوالہ، پنجاب) کے صاحبزادے نورالحسن کی امّی جان کے وفات فرمانے پر سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

نوٹ: دیگر تعزیت و عیادت کے پیغامات کی تفصیل دعوت اسلامی کے شب و روز https://news.dawateislami.net/ میں دیکھی جاسکتی ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code