دونوں ہاتھ ملائیے

دونوں ہاتھ ملائیے

از : شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ

فرمانِ آخِری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : جب دو مسلمان آپس میں ملتے ہیں اور مصافحہ کرتے  ( یعنی ہاتھ ملاتے )  ہیں تو ان دونوں کے جدا ہونے سے پہلے ان کو بخش دیا جاتا ہے۔ ( ترمذی ، 4 / 333 ، حدیث : 3736 )  اے عاشقانِ رسول! جب بھی کسی مسلمان سے ملاقات ہو تو پہلے سلام کیجئے اور پھر دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کیجئے یعنی دونوں ہاتھ ملائیے کہ یہ سنّت ہے۔ صدرُالشّریعہ حضرت مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃُ اللہ علیہ لکھتے ہیں : سنت یہ ہے کہ دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کیا جائے اور دونوں کے ہاتھوں کے مابین  ( یعنی درمیان میں )  کپڑا وغیرہ کوئی چیز حائل  ( یعنی رکاوٹ ) نہ ہو۔ ( بہارشریعت ، 3 / 471 )  یاد رکھئے! ایک ہاتھ سے ہاتھ ملانا فیشن والا انداز تو ہوسکتا ہے لیکن سنّت والا نہیں۔ مگر آج مسلمانوں کی بھاری تعداد ایک ہاتھ سے ہاتھ ملانے کی عادت میں مبتلا ہے اور ان کی دیکھا دیکھی ان کے بچے بھی ایک ہی ہاتھ سے ہاتھ ملا رہے ہوتے ہیں۔ میرے آقا اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلِ سنّت شاہ امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ کہ جن کے ہم گُن گاتے ہیں ، انہوں نے ایک ہاتھ سے ہاتھ ملانے کے رَد اور دونوں ہاتھوں سے ہاتھ ملانے کے سنّت ہونے کے ثبوت پر ایک پورا رسالہ[1] لکھا ہے جو کہ فتاویٰ رضویہ بائیسویں جلد میں موجود ہے ، اصل میں امامِ اہلِ سنّت رحمۃُ اللہ علیہ کے دَور میں ایک طبقہ ایسا پایا جاتا تھا کہ جو ایک ہاتھ سے ہاتھ ملانے کی باقاعدہ دعوت دیتا اور اس بات پر زور دیتا تھا ، لیکن اعلیٰ حضرت زندہ باد! کہ انہوں نے پیارے آقا ، مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اس مبارک سنّت کی حفاظت کے لئے پورا رسالہ لکھ دیا۔

اے عاشقانِ رسول! ہم سنّتوں پر عمل نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟ مہربانی کرکے سب اپنا ذہن بنائیے اور دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کرنے کا معمول بنائیے۔ یاد رہے! اگر کوئی ملاقات کے وقت مصافحہ کرتے ہوئے آپ سے ایک ہی ہاتھ ملا ئے تو آپ یہی حسنِ ظَن رکھئے کہ اس کی توجہ نہیں ہوگی یا پھر اس بات کو اس نے پڑھا یا سُنا نہیں ہوگا ، مگر آپ نے دونوں ہاتھ ہی ملانے ہیں اور ہوسکے تو ایک ہاتھ سے ملنے والے کو سنّت طریقہ بتانا ہے۔ نیز اپنے بچوں کو بھی یہی سکھانا ہے کہ ہر مسلمان سے ملاقات کے وقت پہلے ”اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکٰتُہٗ“ کہنا ہے اور دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کرنا ہے ، ایک ہاتھ سے ہاتھ ملانے کی عادت چُھڑوانے اور دونوں ہاتھوں سے ہاتھ ملانے کی عادت ڈلوانے کے لئے بچوں کو اگر 100مرتبہ سمجھانا پڑھے تب بھی مایوس نہ ہوں ، کوشش جاری رکھئے اِنْ شَآءَ اللہ الکریم کامیابی حاصل ہوجائے گی۔ اللہ پاک ہمیں سیکھنے سکھانے کی توفیق نصیب فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

     ( نوٹ : یہ مضمون 24ستمبر2022ء کو عشا کی نماز کے بعد ہونے والے مدنی مذاکرے  ( Ep : 2085 )  کی مدد سے تیار کرنے کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے نوک پلک درست کروا کے پیش کیا گیا ہے۔ )



[1] صَفَائِحُ اللُّجَین فِی کَوْنِ التَّصَافُحِ بِکَفَّیِ الْیَدَیْن


Share